
عائشہ بی
حضرت ابراہیم علیہ السلام ایک بت پرست گھرانے میں پیداہوئے۔ ابراہیم علیہ السلام کےوالد آذر بت بنا کر عبادت گاہوں میں رکھتے تھے۔ حضرت ابراہیم
علیہ السلام کو بچپن سے ہی غور و فکر کرنے کی عادت تھی۔ وہ ہمیشہ یہ سوچتے تھے کہ ہم مٹی اور پتھر سےخودجوبت بناتے ہیں ،وہ ہمارارب کیسے ہو سکتا ہے ؟ تو پھر ان کی عبادت کیوں کریں؟ ۔ ہمارا کوئی نہ کوئی رب ضرور ہے،اسی فکر میں انہوں نے رات کو ستارہ دیکھا اور کہنے لگے کہ یہ چمکدار ہے یہی میرا رب ہوگا ! ۔ جب ستارہ غائب ہوا تو چاند نظرآگیا توسمجھنے لگے کہ یہ میرارب ہوگا۔ جب صبح ہوئی تو وہ بھی غائب ہو گیا۔
صبح آسمان پر ستارے سے بھی بہت بڑا چمک دار سورج نظر آگیاتو پھر وہ کہنےلگےکہ یہ بڑابھی ہےاورزیادہ روشن اورچمکدار بھی،یہی میرارب ہوگا!۔ آ خر کار جب رات ہوئی تو وہ بھی ڈوب گیا، پھر سوچا کہ جو چیز ڈوب جائے وہ میرا رب بالکل نہیں ہے ۔ آخر کار وہ اس نتیجے پر پہنچ گئے کہ یقیناً ہم سب کو اور دنیا کی ساری چیزوں کا بنانے والا رب کوئی ایک ہستی ہی ہے۔ صرف وہی ہم سب کا رب ہے۔ ابراہیم علیہ السلام لوگوں کو کہتے رہتے تھے کہ جو بت ہم خود بناتے ہیں وہ ہمارا رب نہیں ہوسکتا۔
ایک دن علاقے کے تمام لوگ میلے پر چلےگئے۔حضرت ابراہیم علیہ السلام نہ جاسکے۔انہوں نےاس موقع پرایک فیصلہ کیا کہ لوگوں کو بتوں کی حقیقت سمجھا دوں اس لیے ایک کلہاڑی لے کر بت کدے کے اندر گئے اور تمام بتوں کو توڑ ڈالا اور کلہاڑی سب سے بڑے بت کے پاس رکھ دی۔ تمام لوگ واپس آتے ہی بتوں کی پوجا کرنے کے لیے گئے تو پتا چلا سارے بت ٹوٹے پڑے ہیں۔ وہاں پر ایک شور و ہنگامہ مچ گیا۔ سب نے شور مچا دیا کہ آخر کار ہمارے خداؤں کو کس نے توڑا ہوگا ؟ سب نے کہا کہ یقیناً یہ کام تو ابراہیم نے کیا ہوگا! ۔کیونکہ ابراہیم میلے میں نہیں گیا تھا ،وہی ہمارے بتوں کو برا بھلا کہتا ہے، سب نے کہا : ابراہیم سے پوچھو۔۔۔! جب ابراہیم سے پوچھا گیا کہ تم نے یہ کیا حرکت کی ہے؟ ہمارے خداؤں کو توڑ دیا۔۔۔؟ ابراہیم نے جواب دیا کہ مجھ سے کیوں پوچھ رہے ہیں؟ یہ آپ کا سب سے بڑا سردار بت تو ٹھیک ہے اور اس کے پاس کلہاڑی ہے۔! ان سے پوچھو! وہ آپ کو بتائیں گے کہ کس نے بت توڑے۔؟ وہ لوگ خود کہنے لگے کہ یہ کس طرح جواب دے سکتا ہے۔؟ یہ بول نہیں سکتے....؟ ابراہیم علیہ السلام نے کہا : آپ مانتے ہیں کہ یہ بول نہیں سکتے خود کو ٹوٹ پھوٹ سے بچا بھی نہیں سکتے، وہ بھلا ہمارے رب کیسے ہو سکتے ہیں؟
آخرکار ان ظالموں نے غصے میں آکر ابراہیم علیہ السلام کوآگ میں ڈالنےکا فیصلہ کیا۔ ساری لکڑیاں اور آگ جلانےکےلیےبڑاسا الاؤ تیار کیا اور ابراہیم علیہ السلام کو بہت دور سے آگ میں پھینک دیا۔ آگ کی حدت بہت دور تک محسوس ہورہی تھی۔ اللہ تعالیٰ کے حکم سے صرف ابراہیم علیہ السلام کےلیے آگ ٹھنڈی اور گلزار بن گئی اور حضرت ابراہیم علیہ السلام محفوظ رہے،سبحان اللہ ۔ بستی والوں نے انہیں بستی سے نکال دیا۔ وہ اللہ سے لو لگائے چل پڑے کہ " میں نے سب سے منہ موڑ کر اس ذات کو عبادت و بندگی کےلیے خاص کر لیا ہے جس نے آسمان و زمین کو پیدا کیا ہے اور میں ہرگز شرک کرنے والوں میں سے نہیں ہوں۔" (سورہ الانعام 79) ۔
کچھ عرصہ بعد ابراہیم علیہ سلام کی شادی حضرت سارہ سے ہوئی ۔ کافی عرصہ گزرا پر اولاد کی نعمت سے محروم رہے پھر حضرت ہاجرہ سے نکاح ہوا اورحضرت اسماعیل پیدا ہوئےحضرت ابراہیم علیہ السلام بہت آزمائے گئے۔ بڑھاپے میں دوسری بیوی سارہ سے بھی اولاد ملی حضرت اسحاق علیہ السلام، حضرت اسماعیل علیہ السلام ابھی چھوٹے ہی تھے کہ اللہ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو ایک اور آزمائش سے گزارا۔
اللہ پاک کی طرف سے حکم ہوا کہ نو مولود لخت جگر اسماعیل اور فرمانبردار بیوی ہاجرہ کو شام سے ہزاروں میل دور ایک بیابان وادی میں چھوڑ آؤ۔۔۔ آپ کچھ زاد راہ کھانا اور پانی لے کر مکہ کی وادی میں پہنچے جس وادی میں نہ پانی تھا نہ کوئی چرند، پرند، درخت سایہ کچھ نہ تھا ، پہاڑوں میں گھری یہ وادی وادیء فاران تھی ۔ پہاڑوں کے درمیان تپتے صحرا اور پتھروں کے درمیان بی بی ہاجرہ کو اپنے نومولود بچے کے ساتھ چھوڑ کر ابراہیم علیہ السلام واپس جارہے تھے۔ تو بی بی ہاجرہ نے صرف پوچھا کہ "یہ اللہ کا حکم ہے"؟ ابراہیم علیہ السلام نے کہا : جی۔۔۔ یہ اللہ کا ہی حکم ہے۔۔۔ بی بی ہاجرہ نے کہا : آپ ہمیں ثابت قدم پائیں گے ۔ انشاء اللہ
کچھ دن بعد زاد راہ ختم ہو چکا تھا۔۔۔ بھوک وہ پیاس سے تڑپتے ہوئے بچے کی بے چینی سے ماں کی ممتا بے قراری سے صفا و مروا کے پہاڑوں کے درمیان دوڑتی رہی۔۔۔ کہیں سے تو پانی مل جائے۔۔۔ ! ساتویں چکر پر پلٹیں تو دیکھا کہ اللہ رب العالمین نے پاکیزہ پانی کا چشمہ جاری کر دیاہے۔ شکر ادا کیا اور پانی روکنے لیے کہا : زم زم.... رک جا لیکن پانی جاری رہا ۔۔ توکل کرنے والوں کو اللہ کبھی بھی مایوس نہیں کرتا۔ اس طرح پانی دیکھ کر راست سے گزرتےلوگ مکہ میں آباد ہونے لگے۔ اس طرح مکہ آباد ہو گیا۔ کچھ عرصے بعد ابراہیم علیہ السلام تشریف لائے اور بیٹے سے کہا : اے بیٹا میں نےخواب میں دیکھا ہے کہ گویا تمہیں ذبح کر رہا ہوں! تو تم سوچو کہ تمہارا کیا خیال ہے۔ ؟ فرمانبردار بیٹے نے سر تسلیم خم کرتے ہوئے فرمایا : ابا جان یہ خواب اللہ کا اشارہ ہے ۔آپ کو جو حکم ملا ہے وہی کیجیے، میں تیار ہوں۔ اللہ نے چاہا تو آپ مجھے صابر پائیں گے ( سورہ الصف 37:102) ۔
یہ فیضان نظر تھا تاکہ مکتب کی کرامت
"سکھائے کس نے اسماعیل کو اداب فرزندی
(علامہ اقبال)
بی بی ہاجرہ نے اپنے بیٹےکواپنےہاتھوں سےتیارکیا اورخوشبو میں رچا بسا کر تیارکردیا۔حضرت ابراہیم علیہ السلام نے ایک تیز چھری کا بندوبست کیا۔ راستے میں تین جگہ شیطان نے روک لیا۔ آپ اسے کنکریاں مارکرآگے بڑھ گئے۔ منیٰ کے مقام پر آنکھوں پر پٹی باندھ کر اسماعیل کو لٹا کر گردن پر چھری پھیر دی ۔"بسم اللہ اللہ اکبر"اللہ رب العالمین کویہ عمل اتنا پسند آیا کہ اسماعیل کو ہٹا کر دنبہ ذبح کروا دیا۔ ورنہ قیامت تک امت کو اپنے بیٹوں کی قربانی دینا لازمی ہو تی۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام حضرت اسماعیل علیہ السلام اورحضرت بی بی ہاجرہ نےاللہ کی راہ میں صرف قربانی ہی نہیں دی ،ہر آزمائش پر پورے اترےبلکہ انہوں نے اپنےہر عمل سے حق تعالیٰ کی رضا کے حصول کی اعلیٰ مثال قائم کی،بعد ازاں اللہ کے حکم سے کعبۃ اللہ کی تعمیر فرمائی، حضرت ابراہیم علیہ السلام کے پیر کا نقش آج بھی وہاں موجود ہے۔جہاں نفل نماز ادا کی جاتی ہے۔ حضرت ہاجرہ کی سعی حج اور عمرہ کے لیے لازمی قرار دی گئی۔دنیا کی ہر محبت پر اللہ کی محبت کو فوقیت دی اللہ تعالی کو ابراہیم علیہ السلام کی قربانی اتنی پسند آئی کہ تا قیامت یہ سنت ابراہیمی جاری رہے گی۔ قرآن میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے اپنا پیارا بندہ اور حنیفا مسلما یعنی یکسو مسلم قرار دیا۔


































