
نازش مرتضی
دس اکتوبر، کیلنڈر پر ایک عام تاریخ سہی، مگر لاکھوں خاموش چیخوں کے لیے ایک آواز، ایک پناہ گاہ اور مرہم کا دن ہے۔ یہ وہ دن ہے جب دنیا کو رک کر
ان زخموں کے بارے میں سوچنا پڑتا ہے جو جسم پر نظر تو نہیں آتے، مگر وہ روح کی گہرائیوں کو لہو لہو کر دیتے ہیں۔
ہم جسم پر پڑنے والی کسی عام خراش یا بیماری کو تو فوراً تسلیم کر لیتے ہیں مگر من کے روگ اور ذہن کی گنجلک الجھنوں کو محض "وہم" کا نام دے کر ٹال دیتے ہیں۔ اسی وہم کو حقیقتِ ثابت کرنے اور ذہنی اذیت کی چکی میں پسنے والے کروڑوں انسانوں کو یہ باور کرانے کے لیے کہ "تم اس تنہائی میں اکیلے نہیں ہو"، ہر سال 10 اکتوبر کو عالمی یومِ ذہنی صحت منایا جاتا ہے۔ اس کا آغاز 1992 میں ورلڈ فیڈریشن فار مینٹل ہیلتھ کے زیرِ سایہ ہوا تھا، اور دیکھتے ہی دیکھتے عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او ) بھی اس کارِ خیر میں شریک ہو گیا۔
آج دنیا کے ڈیڑھ سو سے زائد ممالک میں یہ دن اس عہد کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ ذہنی امراض سے جڑے اس سماجی خوف اور بدنامی کو مٹایا جا سکے، جو صدیوں سے ان امراض میں مبتلا انسانوں کو "پاگل" کا طعنہ دے کر معاشرے کے حاشیے پر دھکیلتا آیا ہے۔ ایک تاریک اندازے کے مطابق آج پوری دنیا میں ایک ارب بیس کروڑ افراد کسی نہ کسی ذہنی عارضے کی زد میں ہیں۔ ان میں انزائٹی (بے چینی) اور ڈپریشن (افسردگی) کے سائے سب سے زیادہ گہرے ہیں۔آخر یہ انزائٹی اور ڈپریشن ہیں کیا؟یہ من کی وہ کیفیت ہے جہاں انسان کے اندر اضطراب کا طوفان برپا رہتا ہےمگر باہر کی دنیا ساکت و صامت دکھائی دیتی ہے۔ بظاہر سب کچھ ٹھیک ہوتا ہے، مسکراہٹیں سجائی جاتی ہیں لیکن اندر ایک ہولناک خالی پن پھیلا ہوتا ہے۔
انسان ہجوم میں بھی خود کو یوں تنہا محسوس کرتا ہے جیسے کسی جزیرے پر قید ہو اور زندگی کا رنگ دھندلا پڑنے لگتا ہے۔اگر رُخ پاکستان کی طرف کریں تو اعداد و شمار دل دہلا دینے والے ہیں۔ یہاں کے آٹھ کروڑ افراد کسی نہ کسی ذہنی الجھن میں گرفتار ہیں جن میں ڈپریشن سرفہرست ہے۔ بالخصوص ہماری خواتین اس طوفان کا زیادہ شکار ہیں.
گھریلو تنازعات، سہے گئے ستم اور مسلسل سماجی دباؤ ان کے اعصاب کو اندر سے کھوکھلا کر رہا ہے۔ پاکستان میں ذہنی امراض کے اسباب صرف جینیاتی یا حیاتیاتی نہیں بلکہ اس مٹی کے سلگتے ہوئے سماجی مسائل ہیں۔ غربت، مہنگائی، بے روزگاری، قدرتی آفات اور معاشی و سیاسی عدم استحکام نے ہمارے نوجوان طبقے کو بھی اس دلدل میں دھکیل دیا ہے، جو براہِ راست ہماری قومی سلامتی کے لیے ایک خاموش خطرہ ہے۔
ہمارے معاشرے میں مادیت پسندی اب اس نہج پر پہنچ چکی ہے جہاں رشتوں کی خوشبو، جذبوں کی سچائی اور احساسات کی نزاکت کہیں پیچھے رہ گئی ہےاور انسان کی دوڑ صرف دھن، دولت اور ظاہری ٹھاٹھ باٹھ تک محدود ہو گئی ہے۔ اخلاقی اور مذہبی اقدار کی پامالی نے حساس اور خوددار دلوں کے لیے جینا دوبھر کر دیا ہے۔
پچھلے کچھ عرصے میں ہمارے ہاں ایسے المناک واقعات میں تیزی آئی ہے جن کے پس پردہ گہرے نفسیاتی ناسور چھپے تھے۔ ستمبر میں کراچی کے ڈاکٹر عمر اور ان کا پورا خاندان اپنے ہی فلیٹ میں اس دنیا سے کوچ کر گیا اور پانچ دن تک کسی کو کانوں کان خبر نہ ہوئی اور پھر اکتوبر کے آغاز میں آزاد کشمیر کے نوجوان طالب علم سعد احمد کھوکھر نے اپنی زندگی کی ڈور خود کاٹ دی۔ وہ سعد، جس کی ڈیجیٹل دنیا میں ہزاروں کی تعداد میں فالوونگ تھی مگر حقیقی دنیا میں اسے ایک بھی ایسا ہاتھ نہ ملا جس کا دامن تھام کر وہ کہہ سکتا کہ "یار، میں تھک گیا ہوں!.
"ڈاکٹر عمر اور سعد جیسے کتنے ہی اجلے چہرے ہمارے اردگرد موجود ہیں جو رشتوں کی اس بے قدری، انا کی دیواروں اور بے مہر رویوں پر نوحہ کناں ہیں۔ یہ المناک سانحات چیخ چیخ کر پکار رہے ہیں کہ دو وقت کی روٹی اور چھت کے ساتھ ساتھ اپنوں کا خلوص اور مرہم رکھنے والے ہاتھ بھی زندگی کی بقا کے لیے اتنے ہی لازمی ہیں۔
پاکستان میں اب ذہنی امراض محض ذاتی یا خاندانی المیے نہیں رہے بلکہ قومی معیشت کے لیے زہرِ قاتل بن چکے ہیں۔شکر ہے کہ اب ریاست کی سطح پر بھی اس سنگینی کا ادراک کیا گیا ہے۔ اسی احساس کے تحت وفاقی وزارتِ صحت نے یکم اکتوبر 2026 کو "نیشنل مینٹل ہیلتھ پالیسی 2026-2035" کا باضابطہ اجراء کیا ہے، جس کے تحت تین کروڑ چوبیس لاکھ افراد تک ذہنی صحت کی سہولیات پہنچانے کا عزم کیا گیا ہے۔
حکومت نے یہ تلخ حقیقت تسلیم کی ہے کہ ملک میں صرف پانچ فیصد افراد تک ذہنی علاج کی رسائی ہےاور چوبیس کروڑ کی اس وسیع آبادی کے لیے بمشکل پانچ سو ماہرینِ نفسیات موجود ہیں جو ہمارے نظامِ صحت کا ایک المیہ ہے۔ پالیسی کا نفاذ یقیناً ایک لائقِ تحسین قدم ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ان بنیادی وجوہات کا سدِ باب بھی ناگزیر ہے جو ان بیماریوں کو جنم دیتی ہیں۔
اس سال عالمی یومِ ذہنی صحت کا مرکزی خیال نہایت معنی خیز ہے: " یعنی "سنی گئی کہانیاں، حقیقی آوازیں، حقیقی تبدیلی) اس فلسفے کی تہہ میں ایک گہرا مرہم چھپا ہے۔ اب تک ہم صرف کتابوں اور طبی ماہرین کی زبان سے بیماری کی تعریفیں سنتے آئے ہیں لیکن اس بار فیڈریشن نے پکار اٹھائی ہے کہ ہم ان لوگوں کی سنیں گے جنہوں نے اس آگ کو خود جیا ہے۔ کتابی نسخے ڈپریشن کی تعریف تو بتا سکتے ہیں مگر اس کا درد صرف وہی بیان کر سکتا ہے جو اس عذاب سے گزرا ہواور محض سن لینا کافی نہیں، ان سچی آوازوں کو سن کر پالیسیوں، علاج کے ڈھانچے اور معاشرتی رویوں میں ایک بنیادی اور حقیقی تبدیلی لانا ہوگی۔
یاد رکھیے، کسی کی بات کو دل سے سن لینا، ایک مخلص مسکراہٹ، حوصلے کا ایک جملہ یا تسلی کے دو بول کسی ڈوبتے ہوئے انسان کی زندگی بچا سکتے ہیں۔ آئیے، اس دنیا کو ایک بار پھر انسانوں کے رہنے کے قابل بنائیں۔
'




































