
نزہت ریاض
بارش اللہ کی بہت بڑی رحمت ہے۔بارش برستی ہو۔۔ بھاپ اڑاتا چائےکا کپ ہو۔۔۔۔ ذہن میں خوبصورت سی شاعری ہو اوراس کے
ساتھ کوئی بہترین سی کتاب، جس کی ورق گردانی ہو تویہ سونےپرسہاگہ والی بات ہے۔بچے کاغذ کی کشتی بنا کربارش کے پانی میں چلائیں۔ امی ابو کی فرمائش پرگرم گرم پکوڑے لیے چلی آئیں ۔واہ بھئی کیا حسین منظر ہے،مگر پھر یہ ہوا کہ ہماری أنکھ کھل گئی ۔سامنے حقیقت میں میں کراچی میں کھڑی ہوں اور بارش ہونے والی ہے۔ آفس سے نکلی تو بارش کا سوچ کر ہی خوف دامن گیرہواکہ گھر خیریت سے پہنچ جاؤں اور پھر کالی گھٹا جھوم کر برسنے لگی۔
ایک افراتفری شروع ہوگئی ۔لوگ پریشان بس اسٹاپ پرکھڑےہیں پبلک ٹرانسپورٹ تو کراچی میں نہ ہونے کےبرابررہ گئی ہے۔ صرف چنگچی رکشہ جیسی سواری ہی ہمارے حصے میں آئی ہے،جس میں مردوں کے ساتھ خواتین کو بھی مجبوراً سفر کرنا پڑتا ہے۔کیا کریں میٹروکےخواب تو نہیں دیکھ سکتے۔نہ ہم کوئی لاہور سےہیں جو ایسا سوچنے کی گستاخی کرجائیں۔ خیر واپس بس اسٹاپ پر آجائیں تین اسکوٹر والے تو بیچارے میرےسامنے ہی سلپ ہوئے یہاں تک تو خیر تھی کراچی کے مرد مجاہد تھے، اٹھ کھڑے ہوئےمگر اس سےاگلا منظر بہت درد ناک تھا تیزہوا سے بجلی کا تار ٹوٹا اور کھمبے سے بندھے گدھے پرجا گرا۔ گدھا گاڑی کا مالک دھوبی تھا اور قریبی بلڈنگ سے دھلائی کے کپڑے لینے گیا ہوا تھا ،جب تک وہ غریب واپس آیا گدھا اپنی جان سے اور مالک اپنےواحد ذریعہ روزگار سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔
میری اپنی طبعیت اس منظر کو دیکھ کرمکدر ہو چکی تھی بمشکل آنسو ضبط کیے۔ اتنی دیر میں ایک رکشے والے نے اپنے من مانے کرائے پر مجھے نارتھ کراچی چھوڑنے کی ہامی بھری نارتھ تک آتے آتےبارش مزید تیز ہوچکی تھی ۔بیس منٹ کی بارش نے سڑکوں کا حال برا کر دیا تھا بقول جناب بلاول زرداری صاحب کے زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے،مگر شاید وہ یہ کہنا بھول گئےتھے کہ بارش کے ہوتے ہی کراچی والوں کوزیادہ رونا بھی آتا ہے۔زیادہ خوف بھی أتا ہےاور پھر وہ خوف رنگ لاتا ہے۔خبر نامہ لگاتے ہی پانچ اموات کی خبر سامنے تھی۔ تین کرنٹ لگنے سے ایک اسکوٹر سلپ ہونے سے اور ایک سائن بورڈ کےسر پر گرجانے سے۔کیا کریں کراچی والے کس کےجائیں داد رسی کے لیے۔
میرا کراچی آج پوچھتا ہے،میں کس کے ہاتھ پر اپنا لہوتلاش کروں کراچی کے قاتلوں میں کون کون شامل ہے۔14 سال سےاس شہر پر حکمرانی کرنے والی پارٹی یا اس سےالحاق کرکے اپنےبینک بھرنے والی کراچی کی بکی ہوئی پارٹیاں، آج اس لاوارث شہر کا جوحال ہے ماضی میں توایسا نہیں تھا۔۔۔۔روشنیوں کا شہر آج اپنی بے وقعتی پر روتا ہے۔ میرا شہراس بڑے بھائی کی مانند ہے جو باپ کے مرنے کے بعد پورے گھر کی ذمہ داری اپنےکاندھوں پراٹھاتا ہےاوراسے کوئی پوچھنے والا نہیں۔
بارش تواللہ کی رحمت ہےمگر اس رحمت کےآنے پر میرا کراچی کیوں روتا ہےکیوں روتا ہے؟ کیوں اسے رلایا جاتا ہے ۔کیوں اسے نظرانداز کیا جاتا ہے ؟ان بہت سارے کیوں کا جواب اگرکسی کے پاس ہے تو مجھے ضرور بتایے،میرا نام ہے لاوارث کراچی اور پتا تو کب کا لاپتا ہوچکا ہے۔


































