
کشف زہرا
زندگی میں انسان بہت سی باتیں سنتا ہے۔ استاد کی بات، دوست کی بات، کتاب کی بات لیکن جو بات سب سے زیادہ دل پر لگتی ہے وہ ہےابّو کی آخری نصیحت۔
وہ رات مجھے آج بھی یاد ہے۔ ابّو کا ہاتھ میرے ہاتھ میں تھا۔ آواز کمزور تھی لیکن الفاظ میں بہت وزن تھا۔ انہوں نے کہ بیٹا، سچائی کا دامن کبھی نہ چھوڑنا دنیا میں پیسہ آ جائے گا، عزت چلی جائے گی لیکن اگر سچائی ساتھ ہو تو اللہ خود راستے بنا دیتا ہے۔ جھوٹ سے وقتی فائدہ ملتا ہے، نقصان ہمیشہ کا ہوتا ہے۔
محنت سے کمانا، مانگنا نہیں۔کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے سے بہتر ہے اپنے ہاتھوں سے محنت کرو۔ چھوٹا کام بھی ہو تو عزت کا ہو۔ حلال کی روٹی میں برکت ہوتی ہے۔"
رشتوں کی قدر کرنا پیسے والے دوست بہت ملیں گے، پر مشکل میں جو ساتھ دے وہی اپنا ہے۔ ماں کی خدمت کرنا، بہن بھائیوں کا خیال رکھنا۔ رشتے ایک بار ٹوٹیں تو پھر نہیں جڑتے۔
غصے پر قابو رکھنا۔"غصہ ایک منٹ کا ہوتا ہے اور پچھتاوا ساری زندگی کا۔ جب غصہ آئے تو پانی پی لینا یا جگہ بدل لینا۔ زبان سے نکلا تیر واپس نہیں آتا۔"اللہ کو نہ بھولنا سب سے آخر میں بیٹا یہ یاد رکھنا،نماز مت چھوڑناجو اللہ سے جڑا رہتا ہے، دنیا اس کے قدموں میں ہوتی ہے۔"
یہ کہہ کر ابّو نے میرا سر سہلایا اور آنکھیں بند کر لیں۔ اس دن کے بعد ابّو تو نہیں رہےلیکن ان کی ہر نصیحت میرے ساتھ چلتی ہے۔ جب بھی کوئی مشکل آتی ہے تو ابّو کی آواز کانوں میں گونجتی ہے۔ ماں باپ کی نصیحتیں خزانہ ہوتی ہیں۔ وقت پر سمجھ نہ آئیں تو بعد میں بہت یاد آتی ہیں۔




































