
کشف زہرا
ہمارا دماغ سارا دن بھاگتا رہتا ہے۔ نوکری، پڑھائی، رشتے،پیسے۔۔۔ کےپیچھے۔۔۔ ٹینشن ختم ہی نہیں ہوتی لیکن جیسے ہی ہم مٹی میں ہاتھ ڈالتے ہیں اور پودے کو پانی دیتے ہیں تو دل
کو ایک عجیب سا سکون مل جاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جب ہم پودے کی گوڈی کرتے ہیں یا پتے صاف کرتے ہیں تو دماغ کو تھوڑا سا وقفہ مل جاتا ہے۔
موبائل اور شور سے جان چھوٹ جاتی ہے اور اسی لیے ڈاکٹر بھی کہتے ہیں کہ ٹینشن میں باغبانی کیا کرو۔ مٹی میں ایسا بیکٹیریا ہوتا ہے جو ہمارے دماغ میں خوشی والا ہارمون بڑھا دیتا ہے،اسی لیے پودے لگانے کے بعد موڈ خود بخود اچھا ہو جاتا ہے۔ پودا ہمیں صبر بھی سکھاتا ہے کیونکہ آج بیج لگاؤ گے تو کل پھل نہیں ملے گا، روز پانی دینا پڑے گا اور انتظار کرنا پڑے گا۔ یہی بات زندگی میں بھی کام آتی ہے کہ ہر اچھی چیز کے لیے وقت لگتا ہے۔
گھر میں دو تین پودے رکھنے سے ہوا صاف ہوتی ہے، آنکھوں کو ٹھنڈک ملتی ہے اور گھر میں مثبت انرجی آتی ہے، پودینہ لگا لو تو کچن کے کام بھی آ جائے گا اور سب سے بڑی بات یہ کہ جب کوئی بات کرنے والا نہ ہو تو پودے سے بات کر لو، وہ آپ کو جج نہیں کرے گا ،بس آپ کی محبت کا جواب نئے پتوں سے دے گا۔ مہنگے گملے کی ضرورت نہیں ، پرانی بوتل یا دہی کا ڈبہ، تھوڑی سی مٹی اور ایک بیج کافی ہے۔ اپنے لیے ایک پودا ضرور لگاؤ، وہ تمہارے لیے سکون اگائے گا۔




































