
کشف زہرا
کہتے ہیں کھانا کھانے کا ایک طریقہ ہوتا ہے لیکن میرا ماننا ہے کھانے کا کوئی طریقہ نہیں ہوتا، بس مزہ آنا چاہیے اور مزہ تبھی آتا ہے جب ہم اپنی عجیب
عادتیں فالو کریں۔
مثلاً چاول دنیا بھر میں لوگ سالن کے ساتھ کھاتے ہیں، میں کیچپ کے ساتھ کھاتی ہوں۔ امی جب دیکھتی ہیں تو فوراً بولتی ہیں "بیٹی یہ کیا کر رہی ہو؟ چاولوں کی بے عزتی مت کرو"اور میں مسکرا کر کہتی ہوں "امی یہی تو اصل عزت ہے، کیچپ سے جان نکل آتی ہے چاولوں میں"۔
پھر آ جاتی ہے چائے،چائے کے ساتھ بسکٹ ڈبو کر کھانا تو قومی کھیل ہےلیکن مسئلہ تب ہوتا ہے جب بسکٹ بیچ میں ہی ٹوٹ کر کپ میں گر جائے۔ پھر 10 منٹ چمچ سے مچھلی کی طرح بسکٹ کے ٹکڑے نکالو۔ امی کا لیکچر الگ ملتا ہے "نہ ڈبویا کرو لیکن دل مانتا ہی نہیں۔
کچھ لوگوں کی عادت ہوتی ہے برگر کے ساتھ آئس کریم کھانے کی۔ کچھ لوگ میٹھے کے بعد فوری نمکین مانگتے ہیں۔ میرے ایک دوست ہیں وہ پیزا پر چینی چھڑک کر کھاتے ہیں۔ جب میں نے پوچھا تو بولے "زندگی میں تھوڑا میٹھا اور تھوڑا نمکین بیلنس ہونا چاہیے۔
سب سے کمال کی عادت سردیوں میں ہوتی ہے۔ گرم گرم پراٹھے پر چینی ڈال کر رول بنا لو۔ باہر سے لوگ دیکھیں تو کہیں گے "یہ کیا کھا رہی ہے"لیکن کھانے والا جانتا ہے کہ یہ جنت کا ذائقہ ہے۔
امی ہمیشہ کہتی ہیں "لوگ کیا کہیں گے؟۔ اور میں کہتی ہوں امی لوگوں کو چھوڑیں، پیٹ کیا کہے گا۔۔۔ وہ دیکھیں کیونکہ کھانے کی عجیب عادتیں ہی تو زندگی میں رنگ بھرتی ہیں۔ ورنہ سب کچھ اصول کے مطابق کھا لیا تو زندگی کا مزہ کہاں رہا ۔ سچ پوچھو تو یہ چھوٹی چھوٹی عجیب عادتیں ہی ہیں جو ہمیں ہم بناتی ہیں۔ ورنہ سب ایک جیسا کھائیں گے، ایک جیسا پہنیں گے ایک جیسا سوچیں گے تو فرق کیا رہ جائے گا؟




































