
کشف زہرا / کراچی
رات کے دو بج رہے تھے۔چاند پورا تھا، روشنی اتنی کہ صحن کا ہر کونا نظر آ رہا تھا۔میز پر ایک کپ چائے پڑا تھا، آدھا پیا ہوا، آدھا ٹھنڈا ہو چکا
تھا۔سامنے کرسی خالی تھی۔اس نے چائے کو دیکھا اور مسکرا دی۔یہ چائے اس وقت ادھوری رہ گئی تھی جب فون پر کسی نے کہا تھا "میں آ رہا ہوں، بس چائے بناؤ۔وہ چائے بن گئی، چاند بھی نکل آیالیکن کوئی نہیں آیا۔کبھی کبھی زندگی بھی اسی ادھوری چائے جیسی ہوتی ہے۔
ہم کسی کا انتظار کرتے ہیں، چائے بناتے ہیں، دل سجاتے ہیں اور دوسرا اپنی دنیا میں مصروف رہتا ہے۔چاند تو ہر رات آ جاتا ہے، اپنا وعدہ نبھاتا ہے۔پر انسان؟ وہ چاند جیسا نہیں ہوتا، وہ وعدہ کر کے بھی نہیں آتا۔اس نے ٹھنڈی چائے کو ہاتھ میں لیا، ایک گھونٹ لیا اور آسمان کی طرف دیکھا۔چائے کڑوی ہو چکی تھی لیکن چاندنی آج بھی میٹھی تھی۔تب سمجھ آیاجو چیز ادھوری رہ جائے، اسے زبردستی پورا نہیں کرنا چاہیے۔کچھ چائے ادھوری ہی اچھی لگتی ہیں تاکہ یاد رہے کہ انتظار بھی محبت کا حصہ ہےاور چاند؟
وہ تو ہمیشہ سے گواہ ہے، ہر ادھوری ملاقات اور ادھوری چائے کا۔اگلی رات پھر چاند نکلا تھا۔ویسا ہی پورا، ویسی ہی روشنی لیکن آج میز پر دو کپ چائے تھی۔ایک اس کی، دوسری پھر سے کسی کے انتظار میں۔آج اس نے کسی کو بلایا نہیں تھا، بس عادتاً دوسرا کپ بنا لیا تھا۔کہتے ہیں نا کچھ عادتیں انسان سے زیادہ وفادار ہوتی ہیں۔
اچانک گیٹ بجا۔وہی تھا، کل والا۔ ہلکی سی شرمندگی کے ساتھ بولا، "کل آ نہیں سکا معذرت۔"اس نے کچھ نہیں کہا، بس مسکرا کر دوسرا کپ اس کی طرف بڑھا دیا، جو اب ٹھنڈا ہو چکا تھا۔اس نے چائے کو دیکھا اور کہا "یہ تو ٹھنڈی ہے۔اس نے جواب دیا "ہاں، جیسے کل تمہارا انتظار تھا۔ کچھ چیزیں وقت پر اچھی لگتی ہیں، وقت گزر جائے تو صرف رسم رہ جاتی ہے۔"
وہ خاموش ہو گیا۔پھر اس نے آہستہ سے کہا، "تو نئی بنا لو؟"اس نے کہا، "نہیں۔ اب میری چائے پینے کی عادت بدل گئی ہے۔ اب میں اکیلے چائے پینا سیکھ گئی ہوں، چاند کے ساتھ۔"
"چاند کے ساتھ؟"
"ہاں، چاند کبھی دیر سے نہیں آتا، کبھی بہانہ نہیں بناتااور کبھی چائے ٹھنڈی ہونے کا شکوہ بھی نہیں کرتا۔ وہ بس آتا ہےاور روشنی کر دیتا ہے۔"
وہ شخص سر جھکا کر چلا گیا۔اور وہ؟ اس نے اپنی آدھی چائے پوری کی اور دوسری چائے گملے میں ڈال دی۔آج پہلی بار اسے ادھوری چائے بوجھ نہیں لگی کیونکہ اسے سمجھ آ گیا تھا،کچھ لوگ چائے کی طرح ہوتے ہیں، جب تک گرم ہوں، تب تک ہی ان کی قدر ہے اور کچھ چاند کی طرح دور رہ کر بھی روشنی دیتے ہیں۔
آج سے اس کی میز پر ایک ہی کپ ہوگا
ایک چاند ہوگا
اور ایک مکمل کہانی۔




































