
کشف زہرا/ کراچی
آج کل کے حالات میں جہاں ہر لڑکی کو ڈگری کے بعد نوکری کی ٹینشن ہوتی ہے وہیں شادی کی ٹینشن ہوتی ہے ، ایک لڑکی تھی، نام تھا حیا۔اس کا
کمرہ چوتھی منزل پر تھااور اس کے کمرے کی ایک کھڑکی ہر رات خود بخود کھلی رہ جاتی تھی۔
حیا تنگ تھی اس سے، روز بند کرتی، روز کھل جاتی۔ایک رات لائٹ گئی ہوئی تھی، پورے شہر میں اندھیرا، حیا نے اس کھلی کھڑکی سے باہر دیکھا۔باہر وہی گلی تھی لیکن کچھ بدلی ہوئی تھی۔اسی گلی میں ایک چھوٹی سی بچی کھیل رہی تھی، بالکل حیا جیسی اور ساتھ ایک آدمی کھڑا تھا، جو اس بچی کو دیکھ کر ہنس رہا تھا۔ وہ آدمی کوئی اور نہیں، حیا کا وہی دوست تھا جسے حیا نے آج کل بلاک کیا ہوا تھا۔حیا ڈر گئی، پیچھے ہٹ گئی، کھڑکی بند کر دی۔
اگلی رات پھر تجسس میں کھڑکی کھولی،اس بار منظر بدل گیا تھا ،وہی گلی لیکن اب وہاں کوئی شور نہیں تھا۔ حیا خود ایک بڑی سی لائبریری میں بیٹھی تھی، اکیلی، آنکھوں پر چشمہ تھا اور بہت سکون میں۔ نہ شادی کی ٹینشن، نہ نوکری کی۔ بس وہ اور اس کی کتابیں۔
حیا کو سمجھ آیا، یہ کھڑکی عام کھڑکی نہیں ہے۔
یہ اس کا کل دکھا رہی ہے۔۔۔کبھی اس کا مستقبل ۔۔۔۔جہاں وہ جلدی شادی کر لیتی ہے اور ایک چھوٹی بچی کی ماں بن جاتی ہے۔کبھی دوسرا مستقبل جہاں وہ سب کچھ چھوڑ کر اپنے خواب پورے کرتی ہے اور اکیلی لیکن کامیاب ہوتی ہے۔تیسری رات حیا نے کھڑکی سے پوچھا، "تم مجھے یہ سب کیوں دکھا رہی ہو؟"
ہوا چلی اور کھڑکی کے پردے پر کسی نے جیسے لکھ دیا ہو۔۔۔
"میں مستقبل نہیں دکھا رہی، میں تمہارے دل کی دھڑکنیں دکھا رہی ہوں،تم جس دن جس چیز سے زیادہ ڈرتی ہو، میں وہی دکھاتی ہوں اور جس دن جس چیز کی تمہیں سب سے زیادہ خواہش ہوتی ہے، میں وہ بھی دکھاتی ہوں۔ کھلی میں نہیں ہوں، کھلی تم ہو۔"
اس رات کے بعد حیا نے کھڑکی کو بند کرنا چھوڑ دیاکیونکہ اسے سمجھ آ گیا تھا کہ اس دور میں ہر لڑکی کے اندر دو مستقبل ہوتے ہیں، ایک جو دنیا اس سے چاہتی ہےاور ایک جو وہ خود اپنے لیے چاہتی ہےاور وہ کھڑکی اب بھی کھلی رہتی ہےکیونکہ جب دل کی دھڑکنیں کھلی ہوں تو کھڑکیاں بند نہیں ہوتیں۔




































