
کشف زہرا
زندگی واقعی ایک سفر کی طرح ہے ۔ہم سب کسی نہ کسی منزل کی تلاش میں نکلتے ہیں مگر کبھی محبت کے نام پر غلط انسان کا انتخاب کر لیتے ہیں ،کبھی
عادتوں کے اسیر ہو جاتے ہیں اور کبھی صرف اس خوف سے غلط راستے پر چلتے ہیں۔
کہیں ہماری اب تک کی محنت ضائع نہ ہو جائے ہم خود کو سنبھالتے ہیں کہ شاید حالات بدل جائیں گے ۔ہم خود کو سنبھالتے ہیں شاید ایک دن وہ انسان بدل جائے گا ۔شاید ایک دن سب ٹھیک ہو جائے گا اور اسی امید پرہم اپنی زندگی کی قیمتی سال ایسے راستوں پہ گزار دیتے ہیں جو ہمیں ہماری منزل سے دور لے جاتے ہیں۔
انسان کی سب سے بڑی غلطیوں میں سے ایک یہ ہے کہ وہ ماضی میں لگائے گئے وقت کی وجہ سے اپنا مستقبل بھی داؤ پرلگا دیتا ہے ۔وہ سوچتا ہے کہ اگر اتنا وقت اتنی محبت اور اتنی محنت لگا دی ہے تو اب پیچھے کیسے ہٹوں مگر وہ یہ بھول جاتا ہے کہ گزرے ہوئے وقت کو واپس لایا نہیں جا سکتا لیکن آنے والے وقت کو ضرور بچایا جا سکتا ہے ۔
کوئی رشتہ آپ کے سکون کو مسلسل چھین رہا ہے کوئی عادت آپ کی صلاحیتوں کو تباہ کر رہی ہے یا کوئی راستہ آپ کو آپ کی اصل منزل سے دور لے جا رہا ہے تو صرف اس لیے اس پر چلتے رہنا دانشمندی نہیں ۔ اپنی زندگی کو مزید نقصان سے بچانے کا فیصلہ کرنا ضروری ہوتا ہے۔
یہ ضروری نہیں کہ ہر وہ چیز جس کے لیے آپ نے کبھی دل سے کوشش کی ہو اسے زندگی بھر اپنے ساتھ لے کر چلیں ۔کچھ لوگوں سے بچھڑنا کچھ خوابوں کو بدلنا اور کچھ فیصلوں پر نظر ثانی کرنا زندگی کا حصہ ہے ۔انسان کو اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنا چاہیے۔یاد رکھیے !زندگی آپ سے یہ مطالبہ نہیں کرتی کہ آپ کبھی غلط فیصلہ نہ کریں ۔زندگی آپ سے یہ تقاضا کرتی ہے کہ جب آپ کو اپنی غلطیوں کا احساس ہو جائے تو اسے درست کرنے کی ہمت بھی رکھیں ،ہر گزرا ہوا لمحہ آپ کو ایک سبق دے سکتا ہے،بشرط یہ کہ آپ اس سبق کو سمجھ کر آگے بڑھنا سیکھیں۔
سب سے اہم بات یہ کہ دوسروں کی نظروں میں کامیاب دکھائی دینے کے لیے اپنی زندگی کو مشکل مت بنائیں۔ لوگ آپ کے فیصلوں پر باتیں کریں گے ۔آپ کے راستوں پر سوال اٹھائیں گے اور شاید آپ کے پیچھے سننے کو ناکامی بھی کہیں گے لیکن آپ کی زندگی آپ نے گزارنی ہے۔ اپنا سکون آپ نے خود حاصل کرنا ہے اور اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے راستہ بھی آپ ہی نے چننا ہے، اس لیے اگر احساس ہو جائے کہ آپ غلط ٹرین میں بیٹھے ہیں تو منزل کے قریب پہنچنے کا انتظار مت کریں۔ ہمت کریں اتر جائیں اور صحیح راستے کا انتخاب کریں کیونکہ زندگی میں دیر سے راستہ بدلنا بھی بہتر ہے، با نسبت اس کے کہ آپ پوری زندگی ایک غلط منزل کی طرف سفر کرتے رہیں ۔




































