
ثروت اقبال
عمر شروع سے ہی بہت ذمہ دارلڑکا تھا ۔اپنےماں باپ اور بہنوں کا خیال رکھتا گھر اور باہر کے سب کاموں میں ہاتھ بٹاتا۔گھر میں
سب سے چھوٹا تھا مگر گھر کےتمام مسائل حل کرنے میں پیش پیش رہتا تھا۔اس کی بہنیں اپنے اپنے گھروں میں شاد آباد تھیں اورآج عمر کا گھر بھی آباد کرنے کے لئے لڑکی دیکھ آئی تھیں اوراماں نے عمر کو یہ خوشخبری دی کہ اگلے مہینے کی شادی کی تاریخ بھی طے کر دی ہے ۔
نئ زندگی کی شروعات میں عمر کے دل و دماغ میں خوشیوں بھرا ایک لمبا سفر تھامگر اس کے ذہن میں سوالات اٹھ رہے تھےکہ وہ نہیں جانتا تھا کہ اس کی بیوی کیسی ہے کیسا مزاج رکھتی ہے ،عمر نے اپنی نئی نویلی دلہن کو ذمہ داری یا بوجھ نہیں سمجھا اللہ کا انعام سمجھا اس نے اطمینان و سکون سے بیٹھ کر یہ تجزیہ کیا کہ یہ لڑکی جس سے میری شادی ہوئی ہے یہاں کیوں کر آ گئی ہے اگر کوئی مجھ سے کہے کہ میں اپنے ماں باپ کو چھوڑ دوں اور دوسرے کے ماں باپ کو اپنے امی ابا کہنا شروع کر دوں ۔۔۔۔ نہیں میں ایسا نہیں کر سکتا۔۔۔۔کہ میں اپنا گھر اپنی جنت کو چھوڑ دوں اور دوسرے کے گھر کوجا کر جنت بنا نا شروع کر دوں ۔۔۔۔نہیں میں ایسا بھی نہیں کر سکتا ۔۔۔،کہ میں اپنے بھائی بہنوں کو چھوڑ کر کسی دوسرے کے بھائی بہنوں کے کام کاج کرنا اور ان کا خیال رکھنا شروع کر دوں مگر یہ کیسے ممکن ہے نہیں میں ایسا نہیں کر سکتا۔سوال جواب کا یہ سلسلہ اس کے ذہن میں ہنڈیا کی طرح پک رہا تھا ۔ایک لمحے عمر کو اپنے ماں باپ کا خیال آیا اور اس کے ساتھ ہی اپنی دلہن کے والدین کے چہرے اس کے سامنے تھے وہ سوچ رہا تھا کہ اس کے ماں باپ اس پر محبتیں نچھاور کرتے ہوں گے وہ ہنستی ہوگئی تو ماں باپ ہنستے ہوتے ہوں گےوہ بیمار پڑتی ہو گی تو ماں باپ جاگ کر رات گزار دیتے ہوں گےجہاں بھائی بہنوں کے ساتھ قہقہے لگانے اور نوک جھونک کرنے کا مزہ ہی کچھ اور ہوگا۔۔۔۔۔۔کیا وہ اپنا گھر اپنی جنت کو چھوڑ کر میرے گھر کو جنت بنانے آئی ہے۔
یا میرے اللہ ۔۔۔۔وہ میرے لیے اس گھر میں قدم رکھنے سے پہلے اتنی قربانیاں دے کر آئی ہے ۔۔۔۔میرا تو تکیہ بھی بدل جائے تو مجھے نیند نہیں آتی کہ مجھے تو میرا ہی تکیہ چاہیے۔۔۔۔مجھے میرا ہی کمرہ چاہیے ورنہ میں سو نہ سکوں گا ۔۔۔۔اتنی قربانیاں دے کر آنے والی مجھ سے کیا چاہ سکتی ہے عمر کی سوچوں کا سلسلہ طول پکڑتا جا رہا تھا اور اب عملی زندگی کے سوالات اس کے سامنے رقصاں تھےوہ ایک ایک سوال کو پکڑ کر اس کا جواب اس کے ساتھ جوڑ کر رکھ دینا چاہتا تھا تاکہ وہ اپنے خاندان کے معاملات کو بہترین طریقے سے ترتیب دے سکے۔۔
اسی لمحے اس کے ذہن نے کچھ ایسا سوچا کہ اس کی آنکھیں چمک اٹھیں وہ مطمئن ہو کر اٹھ کھڑا ہوا کہ مجھے اس موضوع پر سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مطالعہ کرنا چاہیے کہ میرے گھر والوں کے آپس میں روابط مضبوط ہوں گے تو میرا خاندان بھی مضبوط ہوگا عمر نے اپنے آپ سے ہی سوال کئے اور خود ہی اس کے جواب بھی دے دیئے۔ اگر زندگی کی گاڑی میاں بیوی نام کے دو پہیوں سے چلتی ہے تو میں اس دوسرے پہیے کو کمزور نہیں ہونے دوں گا کیوں کہ مرد طاقتور ہے میں اپنی طاقت سے اس کی کمزوریوں اور عیبوں کو چھپا لوں گا ۔
جب سورج نے زندگی کی اک نئی صبح اس کے سامنے روشن کی تو اس نے اپنی دلہن کو بتایا کہ وہ رات دیر تک اپنے گھرانے کو اچھا بنانے کے اصول مرتب کرتارھا ہے تو وہ بے ساختہ مسکرا ئی۔۔۔۔۔ اس واجبی نقوش رکھنے والی خوبصورت دلہن نے مسکراتے ہوئے اسے بتایا کہ وہ یہاں آنے سے پہلے ہی اس موضوع پر سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اورامہات المومنین کی سیرت کا مطالعہ کرکے بہت کچھ سیکھ چکی ہے بیوی کی یہ باتیں سن کر عمر کی حیرت زدہ آنکھیں اپنی دلہن پر جاٹکی تب ہی دل نے دماغ کو یہ پیغام دیا کہ واقعی نیک بیوی بڑی نعمت ہے میں اپنے اس قیمتی لباس کو کبھی پھٹا پرانا یا بوسیدہ نہیں ہونے دوں گا۔
زندگی کچھ آگے بڑھی تو وفادار اور ہر موڑ پر مددگار بیوی کی خوبیاں نظر آتی گئیں۔اپنی بیوی، والدین اور سب گھر والوں کے درمیان محبت بھرا دوستانہ ماحول دیکھ کر وہ جی اٹھتا۔اس کے گھر میں سکون و محبت کی بھاریں تھی مگر عمر نے بھی اپنے ساس سسر کو والدین کے درجے میں ہی رکھا تھا کیونکہ وہ اس کے حق دار تھے۔
اللہ تعالی نے جب دو ننھی منی شہزادیوں کی نعمت سے نوازا تو عمر نے سوچا کہ میری بیوی کے آنے سے جو بہاریں میری زندگی میں آئیں تھی ان کے رنگ پھر سے تازہ ہو گئے ہیں اور پھول کھل اٹھے ہیں۔اب ان نئے ماں باپ کی نظر آنے والے وقت پر تھی کہ پہلے اپنے گھر میں اپنی شہزادیوں کی تربیت اور پھر اس کے بعد تعلیم کا مرحلہ۔
۔یہ ذمہ داری صرف ماں باپ کی اکیلے ہی نہیں بلکہ اس کے گھر میں موجود ہر فرد اور ہر رشتے نے ان کی تربیت میں اپنا حصہ ڈالنا تھا۔


































