
ثروت اقبال /حریم ادب
انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل ہوتے ہی دل زور زور سے دھڑکنے لگا بستر پر لیٹے ہوئے اور کراہتے ہوئے مریضوں کو دیکھ کر دل ڈوبنے لگا
کہیں مصنوعی آکسیجن کی فراہمی زندگی کی ضمانت تھی تو کہیں کسی کےجسم سے نکلا ہوا خون کسی کو زندگی کی طرف لے کر آرہا تھا۔ بستر کے ایک طرف لگی ہوئی وہ تھیلیاں جن میں فاسد مادے جمع ہو رہے تھے۔ کہیں ڈرپ کی بوتلیں لٹک رہی تھیں جنمیں دوائی ڈال کر مریضوں کو علاج اور توانائی فراہم کی جارہی تھی۔ الغرض بعض مریضوں کےجسم میں کچھ ڈالا جارہا تھا اور بعض کے جسموں سے کچھ نکالا جا رہا تھا۔ بستر کے اردگرد رکھی ہوئی مشینیں جسم کی ہر چیز اللہ ناپ تول کربتا رہی تھی کہ زندہ رہنےکے لیے کون سے مادّے زیادہ ہوگئے ہیں اور کیا کچھ کمی ہو رہی ہے۔ میں مستقل درود شریف اور دعاؤں کا ورد کر رہی تھی میری نظریں اپنی بہن کو تلاش کر رہی تھیں۔ میں تین دن سے گھر پر اس کے بچوں کو سنبھال رہی تھی آج دل نہ مانا تو اپنی بہن سے ملنے آ گئی وہ سامنے بستر پر نظر آئی تیز تیز قدموں سے وہاں تک پہنچی۔اس کے ہاتھوں پیروں کو مشینوں کی ہتھکڑیوں اور بیڑیوں نے جکڑ رکھا تھا۔ شکر اللہ کا بہن کی آواز سنائی دی اس نے کہا اب میں بہتر ہوں رپورٹیں بہتر ہیں صبح تک کمرے میں بھیج دیں گے یہ سن کر میں اللہ کا شکر ادا کرتی رہی۔
صبح کے تازہ ہوا کے جھونکے نے جسم میں توانائی بھر دی تھی گھرکے باہر نیم اور سفیدے کے درخت سے مل کر قدرت کا ایسا انمول احساس ہوا جس سے کبھی لذت آشنا نہ ہوئے تھے قدرتی آکسیجن، تازہ ہوا درختوں پر پرندوں کی چہچہاہٹ اور پھر کہیں سے ایک خوب صورت تتلی قدرتی صنّاعی لیے اڑ رہی تھی۔ تتلی کو دیکھ کر میرے چہرے پر مسکراہٹ آ گئی لیکن اچانک خیالوں میں انتہائی نگہداشت وارڈ پہنچ گئی پھر سوچا ہم کتنے ناشکرے ہیں.


































