
ثروت اقبال
ایک سہیلی کی طرف سےمحفل میلاد کا دعوت نامہ ملاجس کےمطابق"بعد نمازعشاء دنیا کوبھول کر روح پرورکیفیت کے ساتھ مدینے میں
کھوجائیں گے۔ موضوع بیان "اطاعت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم" تھا ۔
مچلتے اورتڑپتےدل کےساتھ دیئے گئےوقت پرہم پہنچ گئے۔کافی تعداد میں زرق برق لباس میں خواتین وقت سےپہلے وہاں موجود تھیں۔ اقبال یہاں بھی یاد آگئے
"وجود زن سے ہےتصویر کائنات میں رنگ۔" خاص مواقع پرہمیں احادیث اوراقوال زریں یاد آجاتے ہیں جس سےلوگ بوربھی ہو جاتے ہیں۔ شامیانے میں کچھ شادی کی تقریب کا گمان ہورہا تھا ۔داخلی راہداری پرتین بڑے فانوس آنکھوں کو خِیرہ کیٔےدے رہےتھے۔ شامیانہ اندر، باہرسےبقۂ نوربنا ہوا تھا ۔ یہاں پرہمیں نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم اور ازواج مطہرات کی " سادہ زندگی" یاد آگئی ۔
نعت خواں خواتین ڈیڑھ گھنٹہ تاخیرسےپہنچیں یہاں ہمیں"وقت قیمتی دولت ہے" کے متعلق دسیوں اقوال یاد آگئے۔دروازے سے اسٹیج تک پہنچنےمیں خواتین لپک لپک کران سے ہاتھ ملارہی تھیں۔ ہم توانہیں دیکھ کرمبہوت ہوگئے۔ زرق برق لباس کے ساتھ سرپر تین منزلہ جوڑے پرخوبصورت دوپٹہ لپیٹ دیا گیا تھا۔ پھر حضرت ابوہریرہ رضی اللہ سے مروی حدیث یاد آگئی۔
"عورتوں کےسرپرباندھے گئے جوڑے بختی اونٹ کےکوہان کے مماثل ہوں ،منع فرمایا گیا ہے ۔"سب سے پہلے وہ دائیں طرف بیٹھےہوئے ساؤنڈ سسٹم والے لڑکوں کے پاس گئیں اورکچھ ہدایات دینے کے بعد میلاد شروع ہوا۔ ہمیں یاد آیا کہ "عورت کا خوش الحانی سے ایسا پڑھنا کہ نامحرموں کواس کے نغمے کی آوازجائے حرام ہے۔" حمد کےبعد نعتیں۔۔ نعتیں۔۔اور پھرجھومنے والی نعتیں۔۔۔۔ ہمیں انتظارتھا۔ اطاعت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر بیان کا۔وہ اس دوران ساؤنڈ سسٹم والے لڑکوں کو آواز کے اتار چڑھاؤ کےکچھ اشارے بھی کرتی رہیں۔
اچانک نعت کے دوران زورسے کہا! ہاتھ اوپر۔۔ بس پھرکیا تھا!! خواتین اوربچوں نے ایک ہاتھ اٹھا کراورہلا ہلا کر جھومنا شروع کر دیا۔ رات زیادہ ہوچکی تھی ۔ ہم اٹھ کھڑے ہوئےاپنی سہیلی کے پاس گئے اور اجازت چاہی ۔اس نے بہت زور دیا کہ پورا میلاد شریف سن کرجاؤ۔ یہ بہت مہنگی نعت خواں ہیں بہت مشکل سےان کا وقت ملتا ہے۔ دومہینے پہلے انہیں بک کروایا تھا۔ یہ بہترین ساؤنڈ سسٹم پرہی نعتیں پڑھتی ہیں۔ ٹرانسپورٹ ،مٹھائی، گجرے، پھول، خوشبو یہ سب ان کےلیےخاص کرنا ہوتا ہے۔ مزید سننے کا حوصلہ نہیں رہا، رات کے بارہ بجےسامنے لگا ہوا "اطاعت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم" کا بینر دیکھتے ہوئے نم آنکھوں کے ساتھ وہاں سے روانہ ہوگئے۔


































