
ثروت اقبال
دنیا سمٹ کر گلوبل ولیج بن گئی ہے۔ جہاں مادیت پرست کثرت سے نظرآتے ہیں۔ مادیت پرستی کے جس دور میں ہم جی رہے ہیں یہاں جا بجا دجالی علامات ہماری نظروں سے
گزرتی ہیں۔ جہاں ہم یہ محسوس کرنے کی بھی کوشش نہیں کرتے کہ کچھ دجالی علامات کس طرح ہماری روز مرہ زندگی میں آہستہ آہستہ سرایت کر رہی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ بے حسی اور کم علمی کے اس جنگل میں بھٹک رہے ہیں جہاں دجال کی ان نشانیوں کو ہم سے اس طرح مانوس کروا دیا جائے کہ وہ ہمارے لیے اجنبی نہ رہیں انہیں دیکھ کر ہمیں کسی برائی کا احساس بھی نہ ہو۔
حقیقت سے آنکھیں نہ چرائی جائیں اسی میں ہماری عافیت اور بقاء ہے۔ حدیث پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہے
"دجال کی ایک آنکھ ہوگی"
آپ مشاہدہ ضرور کیجئے گا کہ دجال کی ایک واضح علامت ایک آنکھ ہمیں اورآپ کوگھورتی دکھائی دے گی۔ ویڈیو گیمز میں، ٹی وی چینلز پر، کسی مونوگرام میں، بچوں کے کارٹونز میں۔ ایک آنکھ والے کارٹونز بہت مل جائیں گے۔ موبائل، ٹی شرٹ، بچوں کے کھلونے۔ غرض کہیں نہ کہیں اس کی آپ کے ساتھ آنکھیں چار تو نہیں ہاں آنکھیں تین ضرور ہو جائیں گی کیونکہ وہ ایک آنکھ ہے غرض یہ کہ صیہونی طاقتوں کا بتانے کا مقصد یہ ہے کہ اس دجالی آنکھ کی نگاہ سب پر ہے۔ اس ایک آنکھ کی دہشت پھیلائی جا رہی ہے یا پھر اس کی انسیت ہم سے بڑھائی جا رہی ہے کہ ظہور دجال پر وہ اپنا دیکھا بھالا لگے۔ اس سے کوئی اجنبیت نہ ہو۔ پینٹنگ کرنے والے آرٹسٹ خواتین و حضرات بھی اس ایک آنکھ کو کہیں نہ کہیں فٹ کر دیتے ہیں۔ زیادہ تر صرف اپنی کم علمی کے باعث ایسا کر گزرتے ہیں ۔
دوسری علامت جو جا بجا نظر آتی ہےوہ تکون یامثلث ہے۔ احرام مصر کی شبیہ کو اس تکونی علامات کےطورپر پیش کیا جاتا ہےکہ اس کی تعمیر میں جن وانس دونوں کا حصہ تھا۔ دجال کو احرام مصر کی تعمیر سے جوڑا جاتا ہے اور یہ کہ اچھے اور برے عملیات کے اشتراک سے جادو وجود میں آتا ہے اور دجال کی اصل طاقت جادو ہے تکون عمارتوں کی طرز تعمیر سے لے کر سرکاری اداروں کے لوگواورمونوگرام بھی اکلوتی آنکھ کی طرح مثلث کی چھاپ سے مبرہ نہیں۔ آگے بڑھیں تو ایک اور علامت اسی مثلث کے اندر ایک آنکھ کی موجودگی ہے۔ ڈالر کو غور سے دیکھنے پر اس علامت کی موجودگی کا احساس ہوگا ۔
دجال آئے گا اس انسانی ہمدردی کا جھنڈا لیے تاکہ لوگ اس پر بھروسہ کریں۔ اس کے ظہور سے پہلے یہ کام جو جاری ہے کہ اس کی علامات اور نشانیوں سے لوگ مانوس ہوں گے ان کے لیے یہ سب نیا نہیں ہوگا۔ لوگ دجال پر بھروسہ اور اعتماد کرنے لگیں گے۔
نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث مبارکہ ہے۔
" جو دجال کی خبر سن لے وہ اس سے دور رہے۔"
اب غور کیجئے ڈبل سکوائرڈیزائن پر یعنی کالے اور سفید رنگ کی چوکور خانےجیسے شطرنج کا کھیل۔۔۔ یہ ڈیزائن فرش پر بنانے کے لیے ٹائلوں میں، ٹی شرٹ میں، کیپ میں، بیگ میں، گرافک میں اور بھی گئی جگہ استعمال ہوتا ہے۔ شیطان کی عبادت گاہیں اور فری میسن لاجز یہ ڈیزائن یہاں بھی دیکھنے میں آتے ہیں۔ شیطانی عبادت گاہوں میں شیطان کو خوش کر کے شیطانیت حاصل کی جاتی ہے۔ جس کے لیے شیطانی اور سفلی حرکتوں سے مدد لی جاتی ہے۔ جس میں سے ایک انتہائی حرکت بھینٹ چڑھانا ہے۔ جانوروں کی حد تک ہو تو۔۔۔ مگر انسانی بھینٹ چڑھانا ۔۔۔۔۔۔اور یہ سب کچھ ڈبل سکوائر والے فرش پر ہی پایۀ تکمیل کو پہنچتا ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ کی لابی کے عین وسط میں یہ مخصوص نشان موجود ہے اور اس کے ارد گرد دنیا بھر کی پولیس فورسز کے بیجز اس ڈبل اسکوائر کے گرد ثبت ہیں وہ بتانا چاہتے ہیں کہ خیر و شر پر ہمارا کنٹرول ہے سفید خانہ خیر اور کالا شر کی پہچان ہے۔
بہت عرصہ پہلے پی ٹی وی سے بچوں کا پروگرام الف لیلہ آتا تھااس میں جن یا شیطان کے کردار کو دکھانےکے لیے اس کے سر پردوسینگ دکھائے جاتےتھے۔ بدلتے زمانے کے ساتھ یہ دو سینگ بھی ماڈرن انداز میں پیش کیے جاتے ہیں اور طاقتور ایول مین کے سر پر دو سینگ ہوتے ہیں۔ سورج شیطان کے سینگوں کے درمیان طلوع اور غروب ہوتا ہے۔ حدیث شریف صلی اللہ علیہ وسلم میں ان اوقات میں سجدہ و نماز سے منع فرمایا گیا ہے۔ سورج کی پوجا کرنے والے کافر اور خبیث شیاطین ان اوقات میں شیطان سے مدد اور منتیں مانگتے ہیں۔ جانوروں کے سینگ کے نشان جادو ٹونے اور شیطانیت کی علامت ہیں ۔
مندرجہ بالا نشانات جو لوگ استعمال کرتے ہیں ضروری نہیں کہ ان کا کوئی مقصد ہو وہ لاعلمی کی بنا پر یا ڈیزائن کے طور پر استعمال کرتے ہوں لیکن بعض لوگ ان علامات کو خوش قسمتی اور دنیا کی ترقی کا باعث سمجھتے ہیں۔
کیا ہم مسلمان ان علامات کو دنیا سے مٹا کر اسلامی علامات کو فروغ نہیں دے سکتے۔جیسے چاند تارا،محراب و ممبر، مینار وگنبد، سبز رنگ سفید رنگ۔
یہ جستجو ہے اور اس کی تحقیق مختصراً اور محدود پیش کی گئی ہے۔ یہاں پر یہ باتیں آسان اور مختصر بتانے کی کوشش کی ہے ہم سب کو ان علامات سے لاعلم نہیں رہنا چاہیے۔ ان چند نشانیوں کے علاوہ اور بھی نشانیاں ہمارے ارد گرد گردش کر رہی ہیں اللہ ہمیں ان کے شر سے محفوظ رکھے ۔
مصنف نے لکھا ہے "جو علامات یقینی ہیں ان سےبچنا چاہیے انسانیت کو بچانے کی کوشش کرنی چاہیے لیکن کیا ایک منظم مہم کے سامنے اتنا کافی ہوگا۔ کیا ہم ہمیشہ دفاع ہی کرتے رہیں گے۔ اس طرح تو یہ دنیا اندھیری وار داتوں کا شکار ہو کر شیطان کی بستی بن جائے گی۔
واقعہ یہ ہے کہ ہمیں بھی اللہ تعالی کو راضی کرنے یا شیطنیت کو دھتکارنے اور اس کے اعلی کاروں کو ناکام بنانےکےلیے محض اللہ تعالی کی رضا کے لیے ہاتھ پیر ہلانے پڑیں گے۔ "
مصنف مزید لکھتے ہیں " اس کے لیے ہمیں مرحلہ وار درج ذیل ترتیب اختیار کرنی چاہیےتاکہ نہ ہم خوفزدہ ہوں اور نہ کسی اور کو مرعوب خوفزدہ کریں ہم حق کے علمبردار ہوں اور بلا خوف و جھجک اپنا فرض انجام دیں ۔"
ہم اللہ وحدہ کی عبادت کرنے والے اور اس کے دین کی تبلیغ کرنے والے ہیں تمام کائنات کا خالق و مالک رب ذوالجلال ہے جن کاموں کی ہماری زندگی میں بہت اہمیت ہو وہ پوری معلومات کے ساتھ اسلام کے مطابق ہی کرنی چاہیے۔ یہ معلومات علمائے دین سے بہتر کوئی نہیں بتا سکتا اور یقیناً عالموں کی صحبت ہمیں صراط مستقیم سے بھٹکنے نہیں دے گی ۔


































