
فرحی نعیم
مستحکم معاشرہ کا قیام اسی وقت ممکن ہےجب ،اس معاشرے کاخاندانی نظام مضبوط ہو،اور خاندانی نظام کی بنیادی اکائی وہ مکاں اور
اس میں بسنے والے مکیں ہیں جو ایک کنبہ کی حیثیت میں رہتے ہیں ۔ جہاں کے افراد اپنے مذہب اورسماجی اقدار وروایات سے جڑے ہوں، آپس کے تعلقات میں محبت و مودت ہو، ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہوں، رشتہ داریاں قائم ہوں، تعلق داریاں نبھاتے ہوں، اور قرابت. داری کو توڑنےوالوں میں سے نہ ہوں۔یہ وہ پیڑ ہے جس کی جڑ پر ابتدا سے ہی کام کی ضرورت ہے، جڑیں گہری، اور گیری ہوں تو وہ درخت چھوٹے بڑے طوفان اوو اندرونی وبیرونی خطرات ہ کا مقابلہ بھی بڑی ہمت وطاقت سے کرسکتا ہے وگرنہ معمولی ہوا کا مقابلہ بھی کھوکھلی اور کمزور جڑوں والے درخت کے لیے مشکل ہے۔
دیکھا جاتا ہے کہ کمزور درختوں ( گھروں) کی دیکھ ریکھ، صفائی، اور کھاد پانی ، یہاں تک کہ دوا، مالی تک کا انتظام تو کرلیا جاتا ہے، پتوں کی کانٹ چھانٹ، اسپرے، حفاظتی تدابیر اختیار کی جاتی ہیں لیکن جڑکے کیڑے پر ہی توجہ نہیں دی جاتی جو درخت کی بڑہوتری کی رکاوٹ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ اگرجڑ کا علاج بروقت کرلیا جائے تو نتائج متوقع اور حوصلہ افزا ہو ں گے۔
آج خاندانی نظام کی ٹوٹ پھوٹ اوربکھرے گھروں کی وجوہات میں اگرچہ مختلف عناصر کار فرما ہیں اور اس کے تدارک کے لیے بھی لوگ کوشاں ہیں۔ لیکن ہم اصل جڑ پکڑنے کے بجائے صرف شاخوں اور پتوں کی چھٹائ میں صلاحیتں و وقت گنوارہے ہیں ۔
ایک مصدقہ خبر کے مطابق گھر ٹوٹنے کی شرح میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔یہ وہ تشویش ناک صورتحال ہے جس کے خوفناک نتائج بھی بڑے پیمانے پر سامنے آرہے ہیں۔باوجود ایک مسلمان معاشرہ ہونے کے خاندانوں میں اختلافات اور جھگڑوں میں اضافہ اور. نتیجہ میں رشتوں کی ڈور کا کمزور ہو کر ٹوٹنا، اس زوال کا سب سے بڑا سببِ دین سے دوری اور غفلت ہے۔ دین اسلام ہر فرد کو اس کے حقوق وفرائض سے آگاہ کرتا ہے۔ ہر رشتے کی ذمہ داری کا شعور دے کر اسے واضح کرتا ہے۔ نیکی میں سبقت ، درگزر، صبر و تحمل، عدل ، ایثار و قربانی جیسے اوصاف کی تلقین کرتا ہے۔اگر دین کی تعلیمات کے کچھ حصے پر ہی عمل کرلیا جائے تو بہت سے مسائل سے محفوظ رہا جاسکتا ہے اور خاندان نظام میں جو دیمک لگ چکی ہے جس کی وجہ سے طلاق اور خلع کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے اس کو قابو کیا جاسکتا ہے۔ لیکن چونکہ ہم مغرب سے مرعوب ہیں اور ان کے آزاد و خودمختار معاشرت کے گرویدہ ہیں لہذا ہم ویسی ہی آزا دی، مساوات اور انصاف کے قائل ہیں، ہم بھی ویسا غیر فطری اور غیر اخلاق نظام نافذ کر نے کے خواہشمند ہورہے ہیں جس کا شکار ہو کر آج ہر پانچواں، چھٹا گھر برباد ہورہاہے ۔
الله تعالی نے مرد و عورت، دو صنف بنائیں اور ان کے کاموں کا تعین ان کی جسامت، صلاحیت، قوت کی بنا پر کردیا۔اور اس میں پورا پورا انصاف بھی کیا۔ مرد کے اندر مضبوطی اور اندرونی و بیرونی سرد و گرم سے نمٹنے کی صلاحیت رکھی، اس کے برعکس عورت کمزور اور نازک جذبات کی حامل ہوتی ہے، وہ زمانہ کے نشیب و فراز اور سختیاں برداشت نہیں کر سکتی۔ لیکن مغربی نظریات کے زیر اثر اور مردوعورت کی صنفی مساوات کے علمبردار عورت سےبھی وہی تقاضےومطالبے کر رہے ہیں،اسے خودمختاری و آزادی کے حسیں و روپہلے خواب دکھا کر اسے شمع محفل بنا کر گھر کی چاردیواری سے دور لے جانے چاہتے ہیں۔ جس کا نتیجہ سوائے خاندانی نظام پر ضرب اور معاشرے کی اساس کمزور کرنے کے کچھ نہیں۔ وہ عورت جس کو نازک آبگینوں سے تشبیہ دی گئی، اسے فطرت سے دور کرکے ایسے مقام پر لا کھڑا کیا جہاں سے واپسی کا راستہ ملنا مشکل ہوچکا۔ اس کو اپنے اصل سے جدا کرکے ، اس کی منزل کھوٹی کی جارہی ہے۔ اس کے نازک کندھوں پر ایسا بوجھ لادا جارہا ہے جس کی وہ متحمل نہیں۔
عورت کا مقام اس کا گھر، اس کی ذمہ داری اولاد کی پرورش اور آبیاری ہے، نسل نو کی اسلامی نہج پر پرورش وہ عظیم اور بھاری مقصد ہے، جس کے بعد الله نے اسے ہر قسم کی معاشی جدوجہد سے بری الذمہ قرار دے دیا۔ اسی طرح مرد کو گھریلو ذمہ داری سے فارغ رکھا۔ دونوں کو ان کے فرائض کی تقسیم کردی۔یہ معاملات جب تک توازن میں رہے، معاشرے کا نظام بھی درست رہا، لیکن جب اس میں انسان نے اپنی ناقص عقل کے مطابق افراط و تفریط کی دنیا کا نظام بگڑ گیا۔ آج کی عورت یہ سمجھتی ہی نہیں کی جس مقصد کے لیے اسے بنایا ہی نہیں گیا جب وہ کام بھی کرے گی تو غیر فطری ہی کرے گی۔دائرے سے نکل کر گھومے گی تو ناکام ہی ہوگی۔
ضرورت ایسی سوچ دینے کی ہے جس کے نتیجے میں معاشرے میں خاندان کے ادارے کو تقویت حاصل ہو، اور ایسے عوامل اور نظریات کو عام کیا جائے جو مردوعورت کی ذہن سازی میں مددگار بنے اور ساتھ مضبوط و مستحکم خاندان کی بقا اور تحفظ کے لیے رائے عامہ ہموار کرنے کی کوشش جاری رکھی جائے۔



































