
افروزعنایت
کیا خوب کہا کسی نے میرے دیس میں ہر روز تماشہ ہےنیا، ملک کےموجودہ حالات وواقعات ہمیں کس طرف
لے جا رہے ہیں ۔ ایک لمبی فہرست ہے مسائل کےانبارلگے ہوئے ہیں ۔ جس نےخصوصاً حساس طبقے کو جکڑاہوا ہے اور اسی سبب نفسیاتی مسائل میں بھی دن بدن اضافہ ہو رہا ہے جو لمحہ فکریہ ہے۔
دروازہ پر گھنٹی کی آواز سنکربھی دل دہل جاتا ہے۔ارے بیٹاایسے دروازہ نہیں کھولنا۔۔۔۔۔۔ اطمينان کرلینا اپنا ہو تو ٹھیک ورنہ اور کوئی ہو تو ٹرخا دینا۔ اکثر تو ضروری بندے کو بھی خوف وڈرکی وجہ سےٹرخا دیا جاتا ہے کہ نہ جانے دھوکا باز نہ ہو مثلاً بیٹے کا گاڑی لائسنس بن کر آیا لیکن گھر میں اس وقت کوئی مرد نہیں تھا تو ہماری پڑوسن نے وہ وصول نہیں کیا کہ نہ جانےکون چوراچکا آگیا ہے۔
یعنی ہربندہ ڈراسہما رہتاہےلیکن یہ ڈراور خوف بلاوجہ تو نہیں ۔ ابھی کل ہی ایک قریبی عزیز نے بتایا کہ ان کی ساس کے گھر دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے جوایک متوسط طبقے کی سوسائٹی میں رہائش پذیر ہیں۔ خاتون خانہ دوپہر گیارہ بارہ بجے کے درمیان کچرے کا ڈبہ دروازے کے باہر رکھنے گئیں، جیسے ہی دروازے کاایک پٹ کھولا دوبندے پہلےہی جیسے منتظر ہوں ۔ گن پوائنٹ پر گھر کے اندر اسے لے کرآئے اس وقت گھر میں بہو بچے ،بوڑھےشوہر سب موجود لیکن بے بس تھے۔لٹیروں نے بڑے اطمینان سے گھر کا سارا سامان سمیٹا اور باہر کھڑی سوزکی میں لاد کررفوچکرہوگئے۔گھر کےمکین بیچارے ہاتھ ملتے رہ گئے۔ شکرادا کیا عزتیں پامال نہیں ہوئیں کیوں آج کل اس قسم کی وارداتوں میں اس نوعیت کےواقعات بھی عام ہو گئے ہیں۔
آخر اس کی وجہ کیا ہے۔لاقانونیت،مہنگائی، مذہب سےدوری، بےروز گاری، نمود ونمائش کی دوڑ،غربت۔۔۔۔۔۔غور کریں تو یہ ساری وجوہات ان واقعات میں شامل ہیں۔ چند دہائیاں پہلے کی بات ہے ۔بابا ان دنوں میرے بھائی کے ساتھ سعودی عرب میں مقیم تھے بابا نے وہاں جرائم کے نہ ہونے کی وجہ بتائی کہ چور کو سرعام ہاتھ کاٹنے کی سزائیں دیتے ہوئے میں نے دو مرتبہ خود اپنی آنکھوں سےدیکھی ہیں ۔ یہ وہ دور تھا جب سعودی عرب میں جرائم نہ. ہونے کی وجه یہی سرعام سزاؤں کا اہتمام ہونا تھا ،جبکہ آج اگر دیکھا جائے تو وہاں بھی جرائم سراٹھا رہے ہیں۔ پاکستان میں بھی اس لاقانونيت اور اندرونی معاملات کی وجہ سے جرائم میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
رب العزت پاکستان کے ہر ادارے کو ایمانداری سےاپنے فرائض نبھانے کی توفیق عطا فرمائے۔خوف خدا ہی وہ اہم عمل اور جذبہ ہے جو انسان کوہر قدم سنبھل کر اٹھانے کی توفیق دیتا ہے۔اسلامی تعلیمات و احکام کو پس پشت ڈال کر اپنی مرضی اور خواہشات کے مطابق زندگی گزارنااللہ کو ناراض کرنا ہے۔ رب کی ناراضی کے اثرات ہی ہمارے ملک میں نمودار ہوچکے ہیں اللہ ہم پر رحم فرمائے ۔




































