
افروزعنایت
بھری محفل میں ایک خاتون فرما رہی تھی کہ ساس اور بہو کا رشتہ بڑا خطرناک ہوتا ہےاور دونوں ایک دوسرے سےہمیشہ نالاں رہتی ہیں۔ یہ بات
کہاں تک درست ہے؟؟ یہ تو بندے پرخود منحصرہےکہ وہ اس رشتے کو کس طرح نبھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔جی ہاں ہر شخص کے اپنے اخلاق وعادات خوش گوار تعلقات کو جنم دیتے ہیں اور پروان چڑھاتے ہیں لیکن یہ بھی غلط نہیں کہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔ ایک ہاتھ سے نہیں لیکن ایک طرف سے درگزر خوش اخلاقی ، نرم خوئی حالات کو مزید بگڑنے نہیں دیتے۔ خدانخواستہ دونوں کردار زور دار اور مقابلے والا ہو تو گھر کا اللہ ہی حافظ ہے ،جس کی لپیٹ میں گھر کا ہر بندہ آجاتا ہے۔
خصوصاً وہ بیٹا جو ماں کی سنتا ہےتوبیوی ناراض اوراگر بیوی کی سنے توزن مرید کہلائے۔ یعنی دونوں صورتوں میں اس کی پتلی کمرکوہی قصوروار سمجھا جائےگا ۔آخر اس صورت حال کا کیا حل ہوسکتا ہے؟؟؟؟؟
اس سلسلے میں گھر کےہرفرد کےکردار و عمل کی بڑی اہمیت ہے۔ افہام و تفہیم کےعلاوہ اپنےفرائض و حقوق کا صحیح تعین کرنا۔ گھر میں آنے والی اپنے سب رشتے چھوڑ کر آپ کے ساتھ جڑی ہےتو اسے اس گھرمیں جگہ دیں۔ بحیثیت بیوی اور بہو اس کے حقوق کی پاسداری کریں۔ یہ گھر کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ اب آنے والی پریہ فرض ہے کہ آتے ہی سب سمیٹنے کے بجائے اپنےفرائض کو ادا کرنے کے ساتھ ساتھ آہستہ آہستہ اپنے لیے اس گھر میں جگہ بنانے۔ ساس اوربہو دونوں کو ادھر ادھر کے لوگوں کی باتوں پر عمل کرنے کے بجائے افہام و تفہیم سے چھوٹی چھوٹی باتوں کو نظرانداز کرنے میں ہی بہتری ہے۔ دوسروں کی غلطیوں کےبجائے اپنی غلطیوں کا تلاش کرنا ازحد ضروری ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ لوگ سامنے والے کی
غلطیاں تو ڈھونڈتے رہتے ہیں، اسے تنقید کا نشانہ بناتے ہیں لیکن اپنی غلطیوں کو تلاش کرکے اس کی اصلاح نہیں کرتے جس کی وجہ سے کشیدگی بڑھتی جاتی ہے۔
پھرسب سے اہم کردار، دلہا میاں کا ہےجوتوازن اورافہام وتفہیم سے دونوں خواتین کےدرمیان ایک خوب صورت رشتہ استوارکرنےمیں معاونت کرسکتا ہے۔ اپنے بچوں کے دلوں میں بھی والدین ( دادا دادی)کی خدمت وعزت پیدا کرنے سے خوبصورت و خوش گوار ماحول پروان چڑھتا ہے۔
میرا یہ بھی تجزیہ و تجربہ ہے کہ بہو ہویا ساس اگرایک دوسرے سےکوئی شکایت ہو تو گھر کی بات گھرمیں ہی رکھیں۔ کسی باہر والے سے ایک دوسرے کی برائی نہ کریں اور اگر ساس یا بہو کو ایک دوسرے کی کوئی بات پسند آرہی ہےتو فراغ دلی سے اس کی تعریف (متوازن طریقے) اورحوصلہ افزائی ضرور کریں۔عموماً دیکھا گیا ہےکہ خصوصاً ساس بہو کی تعریف کرنےسے کتراتی ہےجو کہ غلط روش ہے۔غرض کہ اپنےرویوں میں مثبت تبدیلی پیدا کرنے سے مکان گھر بن کرجگمگا سکتا ہے۔




































