
افروزعنایت
جی ہاں انہیں اللہ رب الکریم نے نبی مہربان محمدصلی اللہ علیہ وسلم کو تمام جہانوں کے لیےرحمت بنا کربھیجا، سبحان الله اوراس رحمت للعالمین کا امتی
ہونے کا ہمیں شرف عطا کیا ۔الحمد اللہ۔آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کےمبعوث ہوتے ہی جہالت کے اندھیرے چھٹ گئے۔ اپ تمام انسانوں کے لیے ہادی و رہنما بناکربھیجے گئےآپ پرنازل کیا گیا کلام الہٰی جو تمام کائنات کےلیے تا قیامت ہدایت نامہ ہے جس کے احکام کی پیروی انسان کو بندہ بنا کر الله کا پسندیدہ ومقرب بندہ بننے کا شرف عطا کرتا ہے اور دنیا وآخرت کی تمام بھلائیوں سے سرفراز کرتا ہے ،جیسا اللہ کے نبی کریم نے اپنے آخری خطبہ میں فرمایا کہ میں تم میں اللہ کی کتاب چھوڑتا ہوں ،اگر تم نے اسے مضبوطی سے پکڑے رکھا تو گمراہی نہیں ہے،اگر ناک چھدا حبشی بھی تمہارا امیرہےاور وہ تم سے کتاب اللہ کی پیروی کرنے کو کہےتو اس کی بات سننا اوراس کی اطاعت کرنا۔
آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے خطبہ کے ان دو جملوں سےواضح روشن دلیل ہے کہ قرآن کے احکام ہی ہماری زندگی گزارنے کا طریقہ ہے۔یہ اس خطبے کے دو جملے ہیں جبکہ پورا خطبہ رسول احکام الہٰی کا سلیبس ہے، یعنی جس نے اس سلیبس کے مطابق قرآنی تعلیمات پرعمل کیا وہ آخرت کے امتحان کے لیے کامیاب ہو گیا۔ ذراغور کریں کہ آج اور تا قیامت تک اس کلام الہٰی کے ایک حرف میں بھی تبدیلی نہیں آئے گی ۔یہ خالص اللہ کا کلام ہے۔اس کے احکام کی ہم کس حد تک پیروی کررہے ہیں۔ اللہ کے رسول ص نے اپنی امت کو گناہوں کی دلدل سے نکالنے کے لیے اپنی پوری زندگی صرف کردی ۔آپ کے لبوں مبارک پر ہر گھڑی اللھم امتی اللھم امتی کی صدا رہتی اور ہم؟؟؟؟ امت مسلمہ آج جن مسائل و پریشانیوں کا شکار ہیں جو آفات ہم پرآرہی ہیں ،وہ سب اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کی وجہ سے ہیں۔ آج سے ساڑھے چودہ سو سال پہلے رسول اکرم کی وجہ سے جہالت کے اندھیرے ختم ہوئے ۔
آج ہم ان ہی اندھیروں کی جانب بڑھ رہے ہیں یہ لمحہ فکریہ ہے۔ ابھی بھی وقت ہےرب کی طرف رجوع کرنے کا اپنے نبی کو خوش کرنے کا بیدارہو جائیں ، ہربرائی کا خاتمہ کرنے کے لیے آگے بڑھیں الله رب العزت ہمیں اپنے نبی کریم کی شفاعت حاصل کرنے کے لیے ہدایت کی توفیق عطا فرمائے۔ہماری اس گمراہی کی سب زیادہ تکلیف ہمارے نبی کو ہورہی ہوگی جنہیں رحمت العالمين بناکرمیرے رب نے گمراہی کے اندھیرے ختم کیے تھے۔




































