
افروزعنایت
مس زرینہ(منہ بناتے ہوئے) یہ تم قومی نغمہ سنا رہی ہو یا مرثیہ۔۔۔۔مس زرینہ کی بات پر ساری لڑکیاں زورزورسے ہنسنےلگیں۔
اس بے عزتی پر نائمہ کو بڑی شرمندگی محسوس ہوئی بلکہ اچھی آواز کےباوجود اس نےآئندہ اسکول کےکسی پروگرام میں حصہ لینے سے گریز کیا۔
ساس۔۔۔ (بہوسے) سالن بالکل مزے کانہیں اورنمک بھی زیادہ ہے کیاہمیں بیمارکرنے کاارادہ ہے۔۔۔۔ نئی بہو کو تمام مہمانوں کے سامنے بڑی شرمندگی محسوس ہوئی۔۔۔ (حالانکہ سالن اچھا بنا ہوا تھا) -
شوکت صاحب (اپنے نئے ماتحت سے) تمہاری کارکردگی بالکل صفر ہےدھیان سےکام کیاکرو۔۔۔۔ ورنہ محب(نئے ماتحت) کو پورے اسٹاف کے درمیان اپنی بے عزتی پر بڑی شرمندگی ہوئی ۔اس کا دل چاہا رہا تھا کہ فورا اس ملازمت کو چھوڑ دے لیکن اس کے معاشی حالات اسے اس کی اجازت نہیں دے رہے تھے۔
مس صائمہ۔۔۔۔ نگہت بیٹاآپ کی آوازاچھی ہے۔کوشش کرودھن کےمطابق گاؤ۔۔۔آپ یہ کر سکتی ہو۔۔۔۔۔ تھوڑی مشق کی ضرورت ہے۔ شاباش۔۔۔ مس صائمہ کی حوصلہ افزائی اورمثبت رویے کی وجہ سےنگہت اپنے کالج کی بہترین آرٹسٹ بن گئی۔
ساس بہوسے۔۔۔ کل قورمہ مزے کا تھاآج مہمانوں کے لیےویسا ہی بنانا ہاں۔۔۔ نمک ذرا کم ڈالنا آج کل ہردوسرے بندے کا بلڈ پریشر بڑھا ہوا ہے۔۔۔ ساس کے اس انداز سےاسے خوشی کے ساتھ اپنی غلطی کا احساس بھی ہوگیا ۔
مذکورہ بالا دونوں مثالوں سے منفی اورمثبت پہلو واضح ہورہا ہے۔۔ کونسا اندازبہتر ہے ہر ایک جانتا تو ہے کہ کونسا اندازمفید ثابت ہو سکتا ہے لیکن عموماً اس پرعمل پیراپچاس فیصد ہی ہوتےہیں۔ اکثر لوگ اپنی برتری کے لیے یا پھر اپنی عادت کی وجہ سے سامنے والے کو تنقید کا نشانہ بناتےہیں جس سے بجائےاصلاح کے معاملے بگڑ بھی سکتے ہیں یا پھر سامنے والے کے لیے برا تاثر پیدا ہو جا تا ہے۔
جیسا کہ ایک لڑکی نے اپنی ساس کے با رے میں براسا منہ بنا کرکہا انہیں تو بس کیڑے نکالنےکی عادت ہے۔۔۔۔ ہروقت تنقید کرتی رہتی ہیں۔۔۔ یعنی اس منفی طریقے کی وجہ سے تعلقات میں بھی کشیدگی آسکتی ہے۔ اس کے برعکس اپکا تنقید کا مثبت رویہ اصلاح کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے اور تعلقات کو بھی خوش اسلوبي سے سنبھال سکتا ہے۔
میں یہاں اپنی مثال دوں گی کہ مجھے اپنےاس پاس ایسےبہترین ساتھی ملےہیں جوہماری غلطیوں کی نشاندہی توضرورکرتے ہیں لیکن اس طرح کہ دل پر چوٹ بھی نہ پڑے اوراصلاح بھی ہوجائےاوریقیناً تنقید برائے اصلاح کی ہر جگہ گنجائش ہوتی ہے،جس سے سامنے والے کو فائدہ بھی پہنچتا ہے۔




































