
افروز عنایت /حریم ادب
کہتے ہیں کہ اس دھرتی پربےلوث اور پرخلوص رشتوں میں والدین اور اساتذہ سرفہرست ہیں ۔ یہ کچھ غلط بھی نہیں۔ دونوں بندے کواس دنیا میں سر اٹھا کر
جینےاورآگے قدم بڑھانے میں اللہ رب العزت کی طرف سے بہترین مددگار ہیں، لہذا ان دونوں رشتوں کی عزت و احترام لازم و ہےلیکن فی زمانہ ہمارے معاشرے میں استاد کا وہ احترام نظرنہیں آتا جو آج سےچند دہائیاں پیچھے نظرآتا ہے۔
ہم سب کے لیے یہ نہیں کہہ سکتے، لیکن اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ ایسا نہیں ہے۔معلم اس معاشرے کا عظیم ترین کردارہے،اسی لئے آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ مجھے معلم بنا کر بھیجا گیا ہے۔ سبحان اللہ یعنی علم لینا اوردینا نبیوں کا شیوہ ہے،جس طرح اولاد کےحق میں والدین کی دعائیں قبول ہوتی ہیں ۔ اسی طرح شاگردوں کے حق میں اساتذہ کرام کی دعائیں بھی مقبول ہوتی ہیں۔
میں اس سلسلے میں میں ہمیشہ یہ کہتی ہو کہ میں آج جو کچھ ہوں اس میں میرے والدین کےساتھ میرے استاد کی دعائیں شامل ہیں۔ایک استاد کا شاگرد کے بننےسنورنے میں بڑاحصہ ہوتا ہےجس سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ دوران درس و تدريس اس بات کا بڑا مشاہدہ ہوا کہ شاگردوں کی زندگی میں استاتذہ کا کیا حصہ ہے؛؛؟؟؟
اکثر والدین کی زبان سے یہ الفاظ سننے میں آتے کہ یہ بات آپ ہمارے بچے کوسمجھائیں۔ وہ آپ کی بات کا اثر لیتے ہیں۔ جی ہاں اثر لیتے ہیں۔۔۔ یہ بڑا اہم جملہ ہے لیکن سوچیے کہ کیا ہر استاد کی بات کا اثر ہوتا ہے ؟؟؟ تو میرا یہ تجزیہ ہے کہ استاد کوبچوں کے سامنے اپنے آپ کو رول ماڈل بناکر پیش کرنے کے لیے اپنی ذات کو اعلیٰ اطوار و خوبیوں سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے مضمون میں مکمل مہارت کا رکھنا ضروری ہے، پھر آپ کا انداز بیان اس معاملے میں خاص اہمیت کا حامل ہےاور یہ تمام مذکورہ بالا معلم کی خصوصیات اور صفات معلم انسانیت کے کردار وعمل سے واضح ہیں۔
صحابہ کرام رضی اللہ عنہ اس سلسلے میں فرماتے ہیں کہ آپ جب ہم سے مخاطب ہوتےتو یوں محسوس ہوتا کہ ہمارے سروں پر بڑے بڑے پرندے بیٹھے ہیں ۔ اگر ہم نے حرکت کی تو وہ اڑجائیں گےیعنی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا انداز بیان اس قدر متاثر کن تھا کہ سامنے والے پر محویت طاری ہوجاتی اورتوجہ سے آپ کو سنتے۔آپ ٹھہر ٹھہر کر اپنی خاص بات کو تین مرتبہ دہراتے۔ رب العزت کا دین لوگوں تک پہنچانے کے لیے کبھی آپ نے سخت رویہ نہیں استعمال کیا متوازن طریقے سے اپنی بات کو سامنے والے کے روبرو بیان کی اس سلسلے میں آپ کو تکالیف بھی برداشت کرنا پڑیں، لیکن آپ اپنے فرائض کی انجام دہی سے پیجھے نہیں ہٹے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ان ہی خصوصیات کی بنا پرکائنات سے جہالت و گمراہی کے اندھیرے ڈھل گئے۔ یہ اس معلم انسانیت کے کردار وعمل کی ایک جھلک ہے، بالکل اسی طرح آج کا استاد اپنے اندران خوبیوں کو سمیٹ لے اور خود کو ان سے آراستہ کرلے تو ایک بہترین استاد بن سکتا ہے،جس سےشاگردوں کے دل میں بھی(اپنے استاد کی) قدروقیمت رہے گی اور آنے والی اپنی کامیابیوں میں ضروروہ انہیں یاد رکھیں گےاوردنیا کی بھیڑمیں بھی آپ کو پہچان لیں گےمیں ایک مرتبہ جب روضہ رسول پر حاضری کے لیے گئی تو بڑا رش تھا۔ وہاں زور سے ایک آواز آئی مس افروز آپ؟؟ میں نے مڑ کر دیکھا تو وہاں میری ایک شاگرد کھڑی تھی جس نے اپنی شناخت کرائی میں دو دہائیاں پیچھے چلی گئی جب اسی درپر میں نے اپنی کالج کی ٹیچر کو دیکھ کر انہیں پکارا تھا بیشک بہترین استاد شاگرد کے لئے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔




































