
افروز عنایت
ریحانہ بہو سے۔۔۔۔ خیریت سست سست لگ رہی ہو۔ امی تھوڑا سر میں درد اوربخار محسوس ہو رہا ہے
ریحانہ۔۔۔۔ بہو کے لباس کو دیکھ کر۔۔۔۔ بیٹا سردیاں شروع ہو چکی ہیں لیکن نہ سوئیٹر نہ شال؟؟ اپنا خیال رکھو جاؤ پہلے شال پہن لوسر اچھی طرح ڈھانپ لو۔
ریحانہ کی اگرچہ گزشتہ چند دنوں سےاپنی بھی طبیعت خراب تھی لیکن وہ باورچی خانے میں چلی گئی دوپہراوررات کا کھانا بنانے کے لیےتاکہ بہو کو کچھ آرام مل جائے۔
نانی۔۔۔۔۔۔ ارے دلہن تمہاری زچگی کو ابھی ایک مہینہ بھی نہیں ہوا ہےاور اتنی سردی میں ننگا سر۔۔۔ بیمارپڑجاؤ گی جاؤ جاکر سوئیٹروغیرہ پہن لو اور ہاں منے کو بھی موٹے کپڑے پہنانا؛ نانی کا اتنا پیار بھرا ساتھ عالیہ کے لیے بڑا سہارا تھا؛؛اکثر نانی ساس اسے اس قسم کے مفید مشورے دیتی رہتی تھیں
دادی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔بیٹا خریداری کرنے گئی تھی یہ ساس کے لیے لائی ہو؟؟نہیں. یہ. تو۔۔۔۔ اچھے ہیں نا دادی؟
دادی۔۔۔۔ بہت پیارا سوٹ ہے لیکن بیٹا کبھی کبھار ساس کے لیے بھی لیکر آیا کرو۔۔۔ وہ بھی تو آپ سے پیار کرتی ہیں۔ انہیں دیکھو ابھی تک میرا خیال رکھتی ہیں؛ بہووں اوردامادوں والی ہیں لیکن آج بھی گھر سے کہیں جاتے ہوئے ضرور میرے کمرے میں آکر خدا حافظ کہہ کر جاتی ہیں۔
بیٹا اس طرح گھر میں ایک خوشگوارماحول بھی رہتا ہے۔اس طرح دادی ساس نے آہستہ آہستہ. پیار و محبت سے نئی آنے والی بہو کی تربیت کی جس سے سارے گھر میں سکون کی فضا بھی برقرار رہی۔
جی ہاں بزرگوں کا سایہ کسی بھی گھر کے لیےخوش بختی کی علامت ہے۔ یہ بزرگ گھروندے اور اس کےباسیوں کو اپنی ٹھنڈی چھاؤں میں سمیٹے رکھتے ہیں۔ پھولوں کے گلدستے کی طرح؛ پھر سب ایک دوسرے کے لیے خوشبو بکھیرتے ہیں۔ بڑوں کی بتائی ہوئی چھوٹی چھوٹی ان باتوں پر عمل کرنے سے نہ صرف نئی نسل کا فائدہ ہے بلکہ ایک دوسرے پر اعتماد بھی پیدا ہوتا ہے۔
میں نے اپنے آس پاس ایسی کتنی خواتین کو دیکھا ہےجو فخر سے بتاتی ہیں یہ بات ہم نےساس سے یا نانی دادی سے سیکھی تھی اور ان باتوں سے ہمیں بہت فائدہ بھی حاصل ہوا ہےلیکن معذرت کے ساتھ یہاں یہ بھی ضرور کہوں گی کہ آج کل کچھ بہوئیں یا لڑکیاں،انا کا مسئلہ بنا لیتی ہیں کہ ہم اتنی تعلیم یافتہ ہوکر ان پرانے زمانے کے بوڑھوں کی بات پرعمل کریں۔بلکہ کچھ خواتیں نے بتایا کہ ہم اگر بہووں کو کوئی بات سمجھاتے بھی ہیں تو وہ اسکا الٹا کرکے دکھاتی ہیں ۔
اس لیے اب تو ہم نے کچھ کہنا ہی چھوڑ دیا ہے۔۔۔ یہاں میں بزرگ خواتین سے یہ ضرور کہوں گی کہ نئی نسل کو حکم دینے کے بجائے اچھی اور مفید بات ان کے اس طرح گوش گزار کریں کہ انہیں برا نہ لگے کہ آپ انہیں اپنی بات کا پابند بنارہیں ہیں۔ میں نے زندگی کے بہت سے اصول اپنی والدہ کے علاوہ ساس نانی اور نانی ساس سےبھی سیکھے جن کا میں برملا اعتراف بھی کرتی ہوں۔ بیشک یہ بزرگ صرف دعا کے دروازے ہی نہیں بلکہ گھنے درختوں کی طرح مہربان سایہ بھی ہیں ۔




































