
افروزعنایت
بچوں کےساتھ بزرگوں کےگزارےچند لمحےبچوں کی تربیت میں اہم کردار اداکرتے ہیں۔ صرف ماں باپ ہی نہیں بلکہ بچوں کی زندگی میں ان
کےبزرگوں کا بھی بڑا حصہ ہوتا ہے۔چاہےدادا دادی ہوں یانانا نانی ان کی صحبت ان کی نصیحتیں ان کا انداز گفتگو بچوں کی شخصیت سےضرورظاہر ہوتے ہیں ۔ خوش نصیب ہیں وہ گھرانےجہاں بچوں کو ان بزرگوں کا سایہ نصیب ہو۔ الحمد اللہ ہمیں اپنے دادا کی صحبت اور ان کا ساتھ نصیب ہوااگرچہ وہ بڑی رعب دار شخصیت کے مالک تھےلیکن وہ ہم بچوں سےبڑی محبت کرتے تھے۔
ان کی دی ہوئی عیدی ہمارے لئے بڑی اہمیت رکھتی تھی اوراس اہمیت کواماں ہمارے ذہنوں میں پیوست کرتیں کہ خوش نصیب ہو تم لوگ کہ دادا تمہیں پیار سےعیدی دیتے ہیں ۔ دادا ہم سب بہنوں کی عیدی کےپیسے آپی کو بلاکر ان کے ہاتھ میں رکھتے اورکہتےاب سب میں تم یہ عیدی بانٹو۔ اگرچہ یہ ایک چھوٹی سی بات تھی لیکن آج میں سوچتی ہوں کہ دادا ہمیں بڑی بہن کی اہمیت کا احساس دلاتے تھےاورانہیں بھی ان کےبڑے ہونے کی ذمہ داری کااحساس دلاتے تھے ۔
وہ بہت کم بولتے لیکن چند جملوں میں بہت اہم بات کرجاتے تھے۔
ہم بہن بھائیوں کی تربیت میں ان کا بڑاحصہ اس طرح شامل ہےکہ اماں اکثرو بیشترنصیحت کرتے ہوئے کہتیں کہ یہ چیزآپ کے دادا کو پسند نہیں لہٰذا خیال رکھنا، مثلاً بہت زور سے ہنسنا ، زورسے چیخ کر بات کرنا، بغیر دوپٹے کے سب کے سامنے آنا وغیرہ۔
دادا کے ساتھ گزارے ہوئے لمحے اگرچہ مختصرہوتے لیکن ہم پر اثر ضرور ہوتے۔ اپنے بچپن کےگزارےان خوبصورت لمحوں کا ہی یہ اثر ہے کہ میں اپنی پوتی پوتوں ، نواسے اور نواسیوں کے ساتھ ضرور کچھ وقت گزارتی ہوں بلکہ اکثر ان کے ساتھ کھیل میں بھی شریک ہوجاتی ہوں۔ پوتی کو قرآن پڑھاتے ہوئے نبیوں کےواقعات وغيره بتاتی ہوں جس میں نہ صرف وہ دلچسپی لیتی ہے بلکہ اس بارے میں اب ڈسکس بھی کرتی رہتی ہے،جس دن نواسیاں آجاتی ہیں تو ان سب بچوں کی فرمائش پر میں ان کے ساتھ کسوٹی جیسے کھیلوں میں شامل ہوجاتی ہوں ۔ اس دوران کھیل ہی کھیل میں کچھ نصیحتیں بھی ہوجاتی ہیں یقیناً میرے ان کےساتھ گزارے یہ لمحے ان کی تربیت میں نہ صرف معاون ثابت ہوں گےبلکہ بڑے ہوکر ان کے لئے یادگار بچپن کا حصہ بھی ہوں گے اور جس طرح مجھے اپنے بچپن کے یہ یادگار لمحے وقتاً وفقتاً یاد آتےرہتے ہیں یقیناً یہ بچے بھی بڑے ہو کر نہ صرف ان لمحوں کو یاد کرکے مسکرائیں گے بلکہ اپنی اولاد کےساتھ بھی اسی طرح وقت گذارنا اپنی اوران ک خوش نصیبی سمجھیں گے۔




































