
افروز عنایت
کتنی گہرائی ہےاس چھوٹےسے جملے میں ۔۔۔ بچپن میں اماں کے منہ سے کسی کے لئے جملہ سنا کہ اس خاتون میں ذراسی بھی حیا شرم ہوتی تو وہ اتنی
اونچی آوازمیں سب کےسامنے نہ بولتی۔۔۔ اس وقت تو معصوم ذہن نےکروٹ بدلی حیا کا کیا کام۔۔۔۔ اونچی آواز سے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ذہن کے دریچے کھلتے گئےتو پتہ چلا حیا ہی تو وہ طاقت ہے جو ہربرائی کے آگے سیسہ پلائی دیوارکی طرح آڑے اجاتی ہے۔
آج اس پر ڦٽن دور میں جہاں اکثریت اچھے برے کی تمیز کھو چکی ہے۔اس کی بڑی وجہ حیا سے دوری ہے۔ ویلنٹائن ڈے ہو یا ٹرانس جینڈر کی غلاظت، عریانی ہویا بےباکانہ حرکات یہ سب بے حیائی کی بدولت پروان چڑھے ہیں۔ عورت ہو یا مرد دونوں کے لیے حیا کی اہمیت یکساں ہے ،جہاں دین اسلام نے عورت کو شرم حیا کےزیورسے آراستہ کرنے کا حکم فرمایا ہےوہیں مرد کو نگاہیں نیچی کرنے کی تلقین فرمائی گئی ہے۔ اسلامی تعلیمات سےحیا کی مکمل وضاحت ہمارے سامنے ہے۔ لباس ،گفتگو، کردار،معاملات، حرکات، کہیں بھی تو حیا کی حدود کوپامال نہیں کیا گیاہے پھر کیوں ہم ان حدود کو روند کر اپنی آخرت گنوا رہیں ہیں۔ لبرل سوچ کے حامل انسان اس بےحیائی اور فحاشی کو موجودہ دور کی ترقی کی سیڑھی سمجھ رہیں ہیں جبکہ انہیں یہ راستہ گہری کھائی میں دھکیل رہا ہے۔ ایسی کھائی شیطان کا راستہ ہے۔ شیطان تو ہر برائی کو خوش نما اور دلکش بنا کرہمارے سامنےلاتا ہےاورناداں اس کی جکڑ میں آتےجارہے ہیں ،شیطان کوشکست دینے کے لیے حیا کی چادر کو مضبوطی سے تھامنا لازمی امرہے۔




































