
افروزعنایت
شہیب کتنی دیر سےدیکھ رہا تھا مما چوکیداروں ماسیوں میں راشن تقسیم کررہی تھیں ۔مماہرسال اسی طرح غریبوں میں راشن اورکپڑے وغیرہ
تقسیم کرتی ہیں۔ وہ اپنی مما کی اس بات پر فخر کرتا تھا لیکن اب وہ بڑاہوگیا تھا۔ آگہی کے دروازے اس کےسامنے کھلتے جارہے تھے۔ اس نےنوٹ کیا کہ ان کےاپنے رشتے داروں میں بھی بہت سےسفید پوش ضرورت مند تھےجو سفید پوشی کی وجہ سےکسی کےسامنےہاتھ بھی نہیں پھیلاتے تھے،مثلاً ساجد چاچا اس کے ابوکےقریبی رشتہ دار تھے۔ان کا بیٹا جوشہیب کا ہم عمر تھا تعلیم ادھوری چھوڑ کر کسی دکان میں سیلزمین کی نوکری کرنے پرمجبور ہو گیا تھا،اسی طرح ایک دو اوررشتہ دار بھی تھے،جنہیں مما اورڈیڈ کبھی اپنے کسی فنکشن میں بھی نہیں بلاتے تھےلیکن مما ڈیڈ ان کی کوئی مدد نہیں کررہے تھے جبکہ ڈیڈ ایک بہت بڑ ے بزنس مین تھےجبکہ آج عصر کی نمازکے بعد مولانا صاحب کے بیان کا موضوع بھی یہی تھا کہ ہماری زکوٰۃ خیرات اورامداد کا اصل اورپہلےحقدارہمارے رشتے دار ہیں لیکن مما اور ڈیڈ اس طرف سے کیوں غافل ہیں۔ وہ سوچ رہا تھا کہ مما اور ڈیڈ کو کس طرح یہ بات سمجھائے۔
مسجد کےاس مولانا صاحب سےشہییب نےقرآن پاک بھی پڑھاتھا لہٰذاشہیب نےاگلےدن موقع دیکھ کر اس سلسلےمیں ان سےبات کی۔ وہ شہیب کی بات پر دھیرے سے مسکرائے اور اس کی بات پرخوش بھی ہوئے۔
دودن کے بعد اتوار کی چھٹی تھی وہ ڈیڈ کےساتھ عصرکی نماز پڑھنے مسجد آیا تو نماز کےبعد مولاناصاحب نے بیان کےلیےنمازیوں کو روک دیا،چنانچہ بہت سے نمازی ان کا بیان سننے کے لئےرک گیے۔
مولانا صاحب ماہ رمضان المبارک کی سعادتوں اورفضیلتوں کے بارے میں قرآن اورحدیث کی روشنی میں بیان کرنےلگے۔زکوٰۃ وانفاق کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہم باہر تلاش کرتے ہیں کہ یے کوئی ضرورت مند تو اسے یہ رقم دیں ۔بیشک ان کا بھی حق ہےلیکن آپ کےاطراف آپ کےرشتےدارجو کسی کےسامنے ہاتھ بھی نہیں پھیلاتےان کاآپ پر زیادہ حق ہےاورثواب بھی دگنا، ایک تو مال خرچ کرنا دوسرا صلح رحمی کا اجر بھی، لہٰذا آپ ایسے ضرورت مندوں کو تلاش کریں تو دگنا ثواب بھی ہےاور رشتے داری کا حق بھی ادا ہو جائے گا
جو آپ کے اپنے ہیں۔ بیان سن کردونوں باپ بیٹےمسجدسے باہر نکلےتوشہیب نے والد سے کہا ۔۔ ڈیڈ ہمارے تو دو تین رشتے دار بہت ضرورت مند ہیں لیکن ہم نے انہیں تو کبھی زکوٰۃ وغیرہ نہیں دی مولانا صاحب تو کہہ رہے تھے کہ پہلے اپنے رشتہ داروں میں سے تلاش کریں۔
ڈیڈ شہیب کی بات پر چونک گیے کیوں کہ ان کے بیٹے نےکوئی غلط بات نہیں کی تھی۔ باپ کو خاموش دیکھ کرشہیب کی مزید ہمت بندھی۔۔۔ ڈیڈ اگر آپ کہیں تو میں اپنی پاکٹ منی میں سےکچھ رقم ساجد چچا کےبیٹے کو دے دوں اس کی فیس۔
ڈیڈ۔۔۔۔ ضرور ضرور بیٹا بلکہ میں ساجد سےبات کرتا ہوں کہ بیٹے کی پڑھائی جاری رکھے۔اس کی ماہانہ فیس اورپڑھائی کا خرچہ ہم دیں گے انشاءاللہ۔ باپ کی بات سن کر شہیب خوش ہوگیا۔۔۔۔۔ تھینک یو ڈیڈ۔
گھر آکر ڈیڈ نے اپنی بیوی کو یہ بات بتائی تو پہلے تو اس نے منہ بنایالیکن جب شہیب کےوالد نےاسے مولانا کے بیان کا خلاصہ سنایاتو وہ راضی ہوگئی۔ دوسری طرف ساجد کےبیٹےکو یہ خبرملی تو واقعی میں یہ عید اس کے لیے عید ہوگئی جس نے اس کی دیرینہ آرزو پوری کردی تھی کیونکہ اسے آگے پڑھنے کا بہت شوق تھا۔ اس طرح یہ عید ساجد کی فیملی کے لئے واقعی میں عید کی اصل خوشیاں لے کر آئی تھی۔ دوسری جانب شہیب اوراس کے والد کو بھی دلی سکو محسوس ہورہا تھا کہ وہ صلح رحمی کا کچھ حق ادا کرسکے ہیں جو انہیں پہت پہلے کرنا تھا۔




































