
افروز عنایت
صحيح بخاری کی حدیث مبارکہ ہےکہ جوشخص لیلتہ القدر کا قیام کرے ایمان اوراحتساب کےساتھ اس کے گزشتہ گناہ بخش دئیے
جائیں گے۔ سبحان اللہ
اس نوعیت کی احادیث اورارشادات ربانی سےواضح ہےکہ ہمارارب ہمیں جہنم سے نجات کا باربار مواقع فراہم کررہا ہے۔ یہ آیات اوراحادیث اللہ رب العالمین کی ہم امت مسلمہ سے محبت کا ثبوت ہے۔ ان ایام اوران طاق راتوں میں اخلاص کے ساتھ عبادت اور ہر نیکی کے کام کی بڑی اہمیت ہے ۔ ویسے ہی پورا ماہ رمضان امت مسلمہ کے لیے اجر وثواب کا ذریعہ ہے، پھر یہ عشرہ جس میں الله رب العالمين کا کلام اس کے پیارے حبيب مصطفيٰ پر نازل ہوا جس کی شان وعظمت سے کائنات کو منور کیا گیا، اس دن کی کیا اہمیت و فضیلت ہوگی۔ سبحان الله۔ لہٰذا ان قیمتی لمحوں کو ضائع کرنا اپنی ذات پر ظلم کرنے کےمترادف ہے۔
بعض لوگ ان ایام کوصرف عبادت و نوافل میں گزارنےکوافضل سمجھتےہیں جبکہ ان ایام میں کی گئی ہرچھوٹی سےچھوٹی نیکی کا بھی اجرضائع نہیں جائے گاجیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ ہمارے دین میں حقوق العباد کی پاسداری کا حکم بھی بڑی سختی سے دیا گیا ان کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی اللہ کی ناراضی کا سبب بن جاتی ہےجو لوگ بوجہ مجبوری اعتکاف سے محروم رہتے ہیں ،وہ یہ نہ سمجھیں کہ ہم ان ایام خاص میں نیکیوں کے خزانے کو سمیٹنے سے محروم رہ گئے ہیں بلکہ ؛ وہ ان دوسری اخلاص سے کی گئی نیکیوں کے خزانے سے اپنی جھولی بھرسکتے ہیں۔ بوڑھےوالدین کی خدمت اور انہیں خوش رکھ کر تو عام دنوں میں ہی بندہ اپنےرب کی رضا حاصل کرلیتا ہے۔ ایک مسکراتی نظران پر ڈالنے سے حج مقبول کی سعادت حاصل کر سکتا ہے تو ان ایام خاص میں بندہ اپنے والدین کی خدمت کرکے اور انہیں راضی کرکے کس قیمتی خزانےسےاپنا دامن بھرسکتا ہے؛؟؟ پھرعزیزواقارب کا خیال رکھنا کسی ایسے ضرورت مند تک اللہ کا رزق پہنچانا جو دوسروں کے سامنے ہاتھ بھی نہیں پھیلاتے۔
کسی کےدرمیان صلح کرانا، کسی کو ایسی نیک یا فائدہ مند بات پہنچانا جس سے سامنےوالےکا بھلا ہو جائے یہ بھی بڑی نیکیاں ہیں لیکن دوسری تمام نیکیوں کے ساتھ ساتھ ان عشرہ کی طاق راتوں کےآخری لمحات میں اپنے مالک حقیقی کی عبادت سے اپنے آپ کو محروم رکھنا اپنی ذات کے ساتھ نا انصافی ہوگی لہٰذا پوری رات نہ سہی رات کے کچھ پہر خصوصاً رات کےآخری پہر اللہ کےحضور سر بسجود ہو کر اپنےگناہوں کی معافی طلب کرنا بے حد ضروری ہے کیونکہ میرے نبی کریم کا بیان ہے کہ رمضان المبارک ایسا برکت کا مہینہ ہے کہ اس کے اول حصہ میں اللہ کی رحمت ہوتی ہےاوردرمیان کے حصے میں بندوں کےگناہ بخشےجاتے ہیں اورآخر کے حصے میں بندوں کو دوزخ سےچھٹکارا ہوجاتا ہے۔
اگلا سال ملےنہ ملے اس سال کی طاق راتوں سے اپنی مغفرت اوربخشش کا سامان سمیتنا ضروری امرہے۔ الله رب العزت ہم سب کو اس ماہ مبارک کے آخری عشرے کی برکات اور رحمتوں سے نوازے۔ آمین




































