
افروز عنایت
نوماہ اپنےپیٹ میں سنبھالےدردسہتی ہے،پھراس کی پیدائش کےبعد کی بھی مشکل منزلیں طے کرتی ہے۔ اپنے آرام وسکون کواولاد پرنچھاور
کر دیتی ہے۔ یہ مہربان ہستی ماں ہے۔صرف اولاد کےبچپن تک اس کی یہ حالت نہیں ہوتی بلکہ جب تک وہ حیات رہتی ہے،بچوں کی فکردامن گیررہتی ہے۔ چاہےاس کی اولاد بڑھاپےمیں ہی کیوں نہ قدم رکھ چکی ہو۔ سبحان اللہ۔
یہ ہی خوبی انسان کودوسری مخلوقات سےافضل کرتی ہے اوراشرف المخلوقات کی سیڑھی پرپہنچاتی ہے۔ پھراللہ رب العزت نے بھی کائنات کی اس خوبصورت تخليق کی حرمت اورعظمت کا پیمانہ مقررکر دیا ہےکہ جنت اس ہستی کے قدموں تلے رکھ دی ۔ اس ماں کے قدموں تلے رکھی جنت کے حصول کے لیے اولاد پراس عظیم ہستی کی خدمت محبت وفرمابرداری لازم کردی ہے۔
نہ صرف رب کائنات نےماں کی عظمت کوبلند کردیا ہےبلکہ اس ماں کی خدمت فرماں برداری کرنےوالی اولاد کوبھی دنیا وآخرت کی خوش خبری سنائی گئی ہے۔بدنصیب ہے وہ مسلمان اولاد جو اس انعام ربانی کو حاصل کرنے سے محروم رہے۔ میں آخر میں یہ جملہ ضرور کہوں گی کہ ماں تو اولاد کے لئے دعا کا دروازہ ہے۔ یہ دروازہ کھلا ہی رہنا چاہیے۔اس ہستی کے درد کو تو میرے نبی کریم کی احادیث مبارکہ سے بھی واضح کر دیا گیا ہے۔ آپ صل اللہ علیہ والہ وسلم فرماتے ہیں کہ میں نمازکے لیےکھڑا ہوتا ہوں میراارادہ یہ ہوتا ہےکہ میں نماز لمبی کروں لیکن کسی بچےکے رونے کی آوازسن کر نماز مختصر کردیتا ہوں کہ اس کی ماں کو تکلیف دینا مجھے برامعلوم ہوتا ہے (صحیح بخاری)
رب العالمین نے توکافر ماں باپ کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید فرمائی ہے، پھر یقیناً مسلمان ماں باپ کا درجہ کتنا افضل ہوگا۔ سبحان اللہ ۔ غرض کہ اس دھرتی پر رب کائنات کی طرف سے افضل اوربےلوث رشتہ صرف ماں کا رکھا ہےجو نہ صرف فرماں بردار اولاد کےلیے ہی دعائیں مانگتی ہےبلکہ نافرمان اولاد کو بھی چاہتی ہےاوراس کے لئے دعا مانگتی ہے۔ یعنی یہ وہ دعا کے دروازے ہیں جوہروقت اولاد کے لیے کھلے رہتے ہیں بلکہ میں تو یقین سےکہوں گی کہ ماں کے اس دنیا سے جانے کے بعد بھی اس کی دعائیں اپنی اولاد کے ساتھ ہوتیں ہیں اورکام آتی ہیں ۔ اللہ رب العزت سب کی ماؤں کو سلامتی اورعافیت کے ساتھ رکھےاور اولاد کو اس ٹھنڈی چھاؤں سے مستفید ہونے کی.سعادت نصیب کرے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین ۔ آخر میں یہی کہوں گی کہ اس ٹھنڈی چھاؤں کا کوئی نعم البدل نہیں۔




































