
افروزعنایت
شائستہ :اچھا امی ساجدہ گاڑی لیکرآگئی ہے میں حذیفہ کواسکول لینے جارہی ہوں عدینہ کو بھی لیکر جارہی ہوں ۔
امی(ساس) اچھا بیٹا اللہ کی حفاظت میں اپنا خیال رکھنا۔
عدینہ ۔۔۔۔ دادومیں بھی مما کے ساتھ جارہی ہوں؟
امی۔۔۔ ٹھیک ہےبیٹا
شائستہ اوربچے واپس آئےتوان کے چہروں پروحشت سی چھائی ہوئی تھی اور ہوائیاں اڑ رہی تھیں ۔
امی۔۔۔۔ خیریت ہے بیٹا؟؟
عدینہ ۔۔۔۔۔ دادوراستے میں گن پوائنٹ پرلٹیروں نےامی کی بالیاں اورساجدہ آنٹی کی انگوٹھیاں اتروا لیں۔
امی توعدینہ کی بات سن کرپریشان ہوگئیں۔ تم سب توخیریت سےہونا۔۔۔تمہیں تو انہوں کچھ نہیں کہا؟؟
شائستہ ۔۔۔۔۔ امی الله کا شکریہ دونوں بچے تو پچھلی سیٹ پر بیٹھےتھے۔انہوں نے پہلے پستول دکھا کرمیری بالیاں اتروائيں پھرساجدہ کی انگلیوں میں پہنی ہوئی تینوں انگوٹھیاں اتروائيں۔
عدینہ۔۔۔۔۔دادو میرے ہاتھ میں مما کا موبائل تھا وہ تو میں نےاپنی ٹانگ کے نیچےچھپا دیا۔
امی حالانکہ یہ واقعہ سن کر خود بھی پریشان ہوگئی تھیں لیکن بچوں کی اس وقت ہمت بڑھانا ضروری تھی۔ لہٰذا کہا۔۔۔۔رب العالمین کا لاکھ لاکھ شکر ہےکہ میرے بچے خیریت سے ہیں ۔ (بہو کو تسلی دیتے ہوئے) مال اورچیزیں تو آنی جانی ہیں ۔۔۔۔ اللہ رب العزت نے تم سب کو اپنی امان میں رکھا بیٹا شکرانے کے نفل پڑھ لو۔
پھرامی نے خود بھی نمازظہرکےبعد شکرانے کےنفل ادا کیےاوردعا مانگی اےمالک دوجہاں ہم سب کو اپنی امان میں رکھنا اورہمارے ملک میں ہرایک کوامن و سکون والی زندگی عطا کرنا اوراس وطن عزیز کےحالات درست کرنا۔ آمین یا رب العالمین
مندرجہ بالا واقعہ پچھلےہفتےمیرے بچوں کےساتھ پیش آیا،اس نوعیت کے واقعات توآج کل معمول بن گئے ہیں جس نےعوام کی نیندیں حرام کردی ہیں،جبکہ سرکارچین کی بانسری بجا کرسورہی ہے۔
گھرسے کوئی باہرجاتا ہے۔اس وقت تک بے چینی رہتی ہےجب تک وہ واپس خیریت سےگھرنہیں پہنچ جاتا۔ چند سال پہلے تک حالات اس قدر گھمبیرنوعیت کےنہیں تھے۔ شاز ونادرکہیں دوراس قسم کے واقعات سنائی دیتےتھےلیکن اب تو اکثرایسےواقعات سنکر خصوصاًہم کراچی والےایک خوف زدہ زندگی گزاررہےہیں ۔ اس کا ذمہ دار کون ہے؟؟؟؟؟
ان حالات کےپیچھے کیاوجوہات ہیں۔کیا حکومت وقت اس سلسلے میں بالکل بےبس ہوچکی ہے۔ خلفائے راشدین کے دور میں محدود وسائل کے باوجود بھیڑبکری ایک گھاٹ پانی پیتے تھے۔ کیا آج ان چوروں لٹیروں کے سامنے یہ سرکار اختیارات نہیں رکھتی ؟کیا محافظ پولیس اوررینجرز کےمحکمے ان شر پسند عناصر اورملک دشمن قوتوں کے خلاف کمزورہیں؟ اگر ایسا ہےتو بےحد افسوس کا مقام ہےحکومت اوران اداروں کی کارکردگی پر۔۔۔ پھر انہیں ان کرسیوں پربیٹھنے کا بھی کوئی حق نہیں جو انہیں عوام کے تحفظ اور خدمت کیلئے دی گئی ہیں ۔ان دگر گوں حالات میں مخلص ایمانداراورمحب وطن حکمرانوں کی اشد ضرورت ہے۔




































