
افروزعنایت
جوں جوں حج کےدن قریب آتےجارہےہیں۔ بہت سی خوبصورت یادیں اورتصویریں آنکھوں کےسامنے آتی جارہیں ہیں ۔وہ لمحے وہ گھڑیاں میں
کبھی بھلا نہیں سکتی ۔شاید ہی کوئی مسلمان حاجی ایسا ہوگا جوان گھڑیوں کےسحرمیں گرفتار نہ ہوا ہو خصوصاً مناسک کےحج کےوہ مخصوص دن جب بندہ دنیا ومافیہاسےبے خبر صرف اور صرف رب العالمین کی طرف راغب ہوتا ہے۔نہ گھروالوں کی فکر،نہ گھر کی ۔ یہی تو وہ لمحے ہیں جب اللہ رب العزت فرشتوں سےکہتا ہے کہ میرے یہ بندے میرے ایک حکم پرحاضر ہیں ۔ مٹی اور گرد میں آٹے ہوئےان کےبدن اورلباس اورلبیک اللھم لبیک کی صدائیں ؛سبحان اللہ کیا روح پرورمناظرہیں۔ اندھیرےمیں سفید احرام پہنےیہ اللہ کے بندے میدانوں اورچھوٹی چھوٹی پہاڑیوں پردنیا جہاں سےبے خبر اللہ کی حمد وثنا میں مصروف دور سے جگمگاتے قمقموں کی طرح نظرآتے ہیں ۔
میں یہ سطور لرزتےہاتھوں اوراشکبارآنکھوں سے لکھتےہوئےان ہی مناظرمیں کھوئی ہوئی ہوں۔ یہ لمحے ہیں ہی ایسے کہ بندے کوزندگی بھراپنی گرفت میں لے لیتے ہیں ۔ ڈھلتا ہوا وہ اندھیرا، صبح کی سپیدی کا پھران اندھیروں کی اوٹ سے جھانکنا ہوااجالا۔ پھر سب حجاج کا اگلی منزل کی طرف رواں ہونا ۔ سبحان اللہ
ایسےدل کو اپنی گرفت میں لینے والے مناظر میں نےاس دھرتی پرصرف اورصرف یہیں دیکھےہیں، جس کی تفصیل اوراحساسات کے لیے میرے قلم میں اورنہ ہی میرے ہاتھ میں طاقت ہے۔ اس دھرتی پاک پرپہنچ کربندہ عجیب سحر میں گرفتار ہو جاتا ہے۔ عید کا دن بھی آگیا اس دن کی خوشی کوبیان کرنے کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ جیسےہی اطلاع ملی کہ آپ کی طرف سےقربانی اداکردی گئی ہےتو ہم سب بچوں کی طرح خوش ہوگئےمجھےاپنا بچپن یاد آگیا، جب عید کی رات ہم بچے مہک اٹھتےتھے مگرنہیں یہ خوشی تو دوسری نوعیت کی تھی ۔ چہروں پر طمانیت شادابی یہ صرف میرے دل کی کیفیت نہیں تھی بلکہ چاروں طرف یہی مناظر نظرآرہےتھےغرض کہ دس سال گزرنےکےباوجود میں اس سحرسے نکل نہیں پائی ہوں اور مجھے نہیں لگتا ہے کہ میں کبھی ان لمحوں کوخود سےجدا کر پاؤں گی ،خصوصاً اس ماہ مبارک کے (عشرہ ذوالحج کے) یہ دس معتبر دن میری زندگی کی حسین یادوں پرمشتمل ہیں۔




































