
افروز عنایت
میں نے اپنی زندگی میں ایک ہی مرتبہ یوم آزادی (چودہ اگست)اپنےملک سےباہر گزارا ہے۔ 13 آگست کورات میں بچوں سےکراچی میں بات ہوئی تو گھر
سےباہرسےملی نغموں کی آواز کانوں رس گول رہی تھی اوروہ پررونق نظارے آنکھوں کےسامنےاگئے۔ دل سے بےاختیاردعانکلی کہ میرایہ وطن سداسلامت رہے(آمین)۔
اگلے دن اتفاق سےدوحہ (قطر)میں چھٹی کاہی دن تھا۔صبح سےہی بادل چھائےہوئے تھےناشتے کےبعد فرحت (بیٹے) نےکہا کہ امی آج لانگ ڈرائیو پرچلتےہیں (اس وقت فرحت کی شادی نہیں ہوئی تھی) لہٰذا ہم دونوں ماں بیٹے سیروتفریح کے لیے نکل پڑے دوحہ شہرایک خوبصورت شہرہے۔ اس کے خوبصورت نظاروں سےلطف اندوز ہوتے ہوئےابھی دس پندرہ منٹ ہی ہوئے تھے کہ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا،جس سے دوحہ شہر کی خوبصورتی دوبالاہوگئی۔ صاف ستھری سڑکیں دھل کرمزید صاف ہوگئیں۔ فرحت نے کارنش کے پاس گاڑی روکی۔ جہاں چھٹی کی وجہ سے خوب رونق تھی ہم بھی سائے والی جگہ ایک بینچ پربیٹھ گئے۔ بارش ۔۔۔ اگست کی ہلکی ہلکی خنکی ہاتھ میں چائے کا کپ تھا ۔ہم اللہ رب العزت کے ان حسین نظاروں سےلطف اندوزہورہےتھے۔۔۔۔ میں ان نظاروں میں کھو سی گئی۔
فرحت کی آوازمیرے کانوں میں پہنچی۔ امی یہ سب کیسالگ رہاہےآپ تو ماشاءاللہ ایک لکھاری ہیں آپ کو تویہ نظارےزیادہ متاثر کرتے ہوں گے۔
میں یوں گویا ہوئی۔۔۔۔ بے شک الله تعاليٰ نےاس کائنات میں خوبصورت رنگ بکھیرے ہیں لیکن پاکستان میں بارش کےبعد جومٹی کی سوندھی خوشبو دل ودماغ کومعطرکردیتی ہے وہ یہاں محسوس نہیں ہوئی، وطن کی مٹی کی توبات ہی کیا ہے۔ پھر نے ساختہ اپنے وطن کیلئےڈھیروں دعائیں لب پر آگئیں ۔




































