
افروز عنایت
عقیلہ:(اپنی جوان بیٹی سیرت سے) اوہو یہ کیا حلیہ بنایاہوا ہےتم نے بالکل بوڑھی اماں لگ رہی ہو۔اس حلیہ میں میرے ساتھ چلوگی لوگ کیا کہیں گے، وہاں
میری بہت سی کولیگ آرہی ہیں اور ہاں ذرا اچھی طرح دوبارہ تیار ہوکر آؤ۔۔
مما کےکہنے پر سیرت نےہلکا پھلکا میک اپ تو کرلیا لیکن اس کےسر پربڑا سا دوپٹہ تھا (وہ اب ویسے تو زیادہ ترعبایا میں ہی گھر سے باہر نکلتی تھی لیکن مما کو اس کے عبایا سے چڑ تھی)
مما نے اس کو غصہ سےدیکھا اورکہا چلو اسی حلیہ میں اب؛ سب میرابھی مذاق اڑائیں گے۔
گاڑی میں بھی مما مسلسل اسےیہ کہتی آرہی تھیں کہ جب سے تم نے یونیورسٹی میں اس لڑکی زینب سے دوستی کی ہے اس کی دوستی کا رنگ تم پر چڑھا ہے۔تمہارا یہ حال ہو گیا ہے۔ میں تمہارے رشتے کے لئے پریشان ہوں '' ڈھنگ سے تیار ہوجاتی آج۔۔۔ میری کولیگ نگینہ اپنےلندن پلٹ بیٹے کے لئے رشتہ ڈھونڈ رہی ہے۔ زبردست رشتہ ہے۔۔۔۔ تمہارے اس حلیہ کی وجہ سے تمہیں ڈھنگ کا رشتہ تو ملنے سے رہا ۔ کوئی تقریب میں پوچھے گا بھی نہیں۔
سیرت ۔۔۔ پلیز مما۔
عقیلہ ۔۔۔ بس یہ سامنےوالے گیٹ کے پاس گاڑی روک دینا ڈرائیور
مما نے گھر کے اندر داخل ہونےسے پہلے پھراسے جھاڑا یہ دوپٹہ ؟اس کے بغیر بھی چل جاتا.(سامنےاپنی کولیگ کو دیکھا تو جملہ ادھورا رہ گیا ورنہ تو عقیلہ غصے میں اس کے سر سے دوپٹہ نوچ کے اتاردیتی)
عقیلہ (غصہ سے) ساجد ذرا اپنی اس گنواربیٹی کو کچھ سمجھاو۔۔اچھا خاصہ رشتہ ہاتھوں سے نکل گیا۔ اس دن عالیہ کی بیٹی بھی دعوت میں آئی تھی نرگس نے اپنے بیٹے کا رشتہ اس سے طے کر لیا جبکہ یہ بیوقوف عالیہ کی بیٹی سے زیادہ خوبصورت ہے۔
ساجد۔۔ ٓجس کی قسمت میں لکھا تھا وہ ہوگیا ۔ اس میں بھی اللہ کی طرف سے بھلائی ہوگی۔
ناہید ۔۔۔ آپ سے کوئی بات کرنی تھی آپ فارغ ہیں؟؟
عقیلہ اس دعوت میں آپ کی بیٹی بھی آئی تھی۔
عقیلہ (سوالیہ نظروں سے) جی مگر؟؟
ناہید ۔۔۔ اس دعوت میں میری ایک عزیزہ۔۔۔۔۔ شاید آپ ان سےملی ہوں راشدہ بیگم جو (عقیلہ کو یاد آیا کہ ایک اسکارف اور مشرقی لباس میں سیدھی سادی سی خاتون ان کے سامنے والے صوفے پر بیٹھی تھی جس کا تعارف ناہید نے کروایا تھا کہ یہ انکی کزن ہیں دبئی سے آئی ہیں)
اصل میں وہ اپنے بیٹے کے لئے میرا مطلب ہے کہ اسے آپ کی بیٹی پسند آئی ہیں آپ کےگھر آنا چاہتی ہیں۔ ان کا بیٹا اعلی تعلیم یافتہ ہے اور دبئی میں ملٹی نیشنل کمپنی میں ڈائریکٹر کی پوسٹ پرفائز ہے۔
اصل میں اس تقریب میں ان کی آپ کی بیٹی سیرت سے بھی مختصر بات چیت ہوئی تھی ۔ آپ کی بچی ماشاءاللہ بہت پیاری ہے۔ انہیں اپنے بیٹے کے لیے ایسی پڑھی لکھی شریف مذہبی اطوارسےآراستہ لڑکی کی تلاش تھی۔ آپ جب کہیں میں انہیں آپ کے گھرلے آوں ؟یہ رشتہ عقیلہ کی توقعات سے بڑھ کر تھا کہ جس طور طریقے سے وہ اپنی بیٹی کو روک رہی تھی ان ہی عادات واطوار کی بدولت اس کی بیٹی کی قسمت جاگ اٹھی تھی۔آج اس کا یہ نظریہ بدل گیا کہ باحیا اور باحجاب لڑکیاں گنواراورجاہل لگتی ہیں ان کےاچھے گھروں سے رشتے نہیں آسکتےبیشک یہ حیا اور حجاب باحیا لوگوں کو ہی پسند آتا ہے۔




































