
نبیلہ شہزاد
ایک نیوزچینل کی ویڈیو دیکھت ہوئے میں نے اس ویڈیو کواپنی فیس بک وال پر بھی شیئرکردیا لیکن آدھا گھنٹہ بعد ہی وہ ویڈیو میری وال سےغائب ہو گئی۔
جب چینل پرجا کر دیکھا تو معلوم ہوا کہ وہ ویڈیو اوراس سے متعلقہ دوسری ویڈیوز چینل پر بھی موجود نہیں تھیں۔ ویڈیو یوایم ٹی یونیورسٹی لاہورکے ان مظلوم طلبہ و طلبات کے بارے میں تھی جو یونیورسٹی کے باہر بیٹھ کرپرامن احتجاج کر رہے تھے اور وہ یہ احتجاج کرتے بھی کیوں نہ کہ انتظامیہ نے ان سے امتحان لے کر رزلٹ بھی بنا دیا ۔ انہیں گریڈز بھی دے دیے گئے، پھر اچانک سےشارٹ اٹینڈنس کا مسئلہ بنا کراعلامیہ جاری کر دیا گیا کہ طلبہ و طالبات مقررہ فیس جمع کروا کردوبارہ امتحان دیں۔
اب یہ نوجوان سراپا احتجاج ہیں کہ اگرشارٹ اٹینڈنٹس کا مسئلہ تھا تو ہم سے امتحان ہی کیوں لیا گیا؟ یہ پالیسی ہم پراچانک کیوں نافذ کی گئی؟ اگر یہ پالیسی بنا ہی لی گئی ہےتو اس کا اطلاق اگلے سمسٹر پر کیا جائے نہ کہ امتحان کے قریب ایک پالیسی بنا کراس کا نفاذ اسی سمسٹرمیں کر دیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات کے لیے بیٹھناچاہتےہیں لیکن جب ہم انتظامیہ سےملنےاندرگئے تو ہمیں" دفع ہوجاؤ "کہہ دیا گیا۔ ہمیں پریشرائزکیا گیا۔ انتظامیہ ہی کے ایک آدمی نے اپنے لوگوں سے کہا ہےکہ سب احتجاج کرنےوالوں کی تصاویر بنا لو ان سے ہم بعد میں نمٹیں گے۔
یہ نوجوان اپنی جگہ بالکل سچےہیں۔ پرامن احتجاج ان کا حق ہے۔ حیرت اوردکھ کی بات تو یہ ہےکہ اگراپنا حق مانگنے کےلیےچند طلبہ وطالبات بیٹھ جاتے ہیں توانتظامیہ بجائےاس کے کہ بچوں کے مسائل کو حل کرے ان کے خلاف پولیس بلا لی گئی۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی ایک خوبی جس کی میں خود چشم دید گواہ ہوں، نہایت بد اخلاق ہونا ہے۔انہیں بات کرنے کی تمیز تک نہیں۔ چھوٹی سی بات پر بھی ان کے غصے کا ٹمپریچر آسمانوں کو چھونے لگتا ہے۔ ان کے منہ سے جھاگ بہنےلگتےہیں۔لگتا ہی نہیں کہ یہ کسی تعلیمی ادارے سے منسلک لوگ ہیں۔
ایسےاداروں سے طالب علم بھلا کیا اخلاقیات سیکھ کرنکلیں گے؟ہماری ایک رشتہ دار فیملی ہے۔ان کی ایک بچی یوایم ٹی میں زیر تعلیم ہے۔ یہ لوگ پوری فیملی اس سال رمضان المبارک میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے گئی۔ ایئر ٹکٹ ایک ماہ پہلے ہی کنفرم ہو چکی تھی،جس دن ٹکٹیں کنفرم ہوئیں اس سے اگلے دن ہی بچی نے یونیورسٹی میں چھٹی حاصل کرنےکا کام شروع کر دیا۔ چھٹی کی درخواست پر سارے ٹیچرز کےدستخط کروائے۔ ایئر ٹکٹ اورویزا کی فوٹو کاپی اس درخواست کے ساتھ لف کرکے فائل ڈین کی اسسٹنٹ کی ٹیبل پر رکھی اور اسسٹنٹ سے درخواست کی کہ اسے ڈین سے ملنے دیا جائے تاکہ وہ اس سے دستخط کروا لے۔ پورا مہینہ گزرگیا ڈین مہاراجہ جی نہ مل سکا اور روانگی کا دن آگیا۔
مجبوراً وہ فائل اسسٹنٹ کی میزپراپروو کروانے کی تاکید کے ساتھ رکھ کرآنا پڑا۔ جب بچی عمرہ ادائیگی کے بعد واپس پاکستان آئی تو یہ بچی نیند اور تھکاوٹ سب کچھ بھول کر اگلی صبح ہی یونیورسٹی پہنچ گئی۔ اس گھرانے میں یہ عادت ہے کہ بچوں کی تعلیمی اداروں سے کبھی چھٹی نہیں کرواتا۔ بچی نے مڈ پیپردیے، فائنل امتحان پاس کیا، اچانک بم پھوڑا گیا کہ یہ سمسٹر ضائع ہو گیا ہے۔ شارٹ اٹینڈنس کی وجہ سے۔ بچی نے دوبارہ درخواست لکھی، سارے ٹیچر سے دستخط کروائے، ڈین کے کوآرڈینیٹر کو فائل دی لیکن کچھ بھی پیش رفت نہ ہوئی اور ڈین کا ملنا ویسے ہی ناممکن تھا۔ادھر سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر یونیورسٹی میں چھٹی کی پالیسی نہیں تو پھر سارے ٹیچرز نے چھٹی کی درخواست پر دستخط ہی کیوں کیے؟ کیا ٹیچرز کو چھٹی کی پالیسی کا علم نہیں تھا؟ اور اگر چھٹی حاصل کرنے کی اجازت تھی اور ٹیچرز نے دستخط کر دیے تو فائل کو امپروو کیوں نہیں کیا گیا؟۔
بچی کے والدین نے یونیورسٹی میں کئی چکر لگائے ڈین سے ملنےکےلیے لیکن ڈین کے کوآرڈینیٹر سےہربار یہی سننے کوملا کہ ڈین موجود نہیں۔ تقریباً دو ماہ اسی طرح گزر گئے۔ اب تو والدین بھی بری طرح تھک چکے تھے اور سوچ رہے تھے کہ یہ ڈین آخر ہے کیا بلا جو بچوں کے والدین کو بھی اس قابل نہیں سمجھتا کہ ان سے ملا جائے۔ آخر ایک دن بچی کی والدہ نے ڈین کے کوآرڈینیٹر سے ایک عاجزانہ سوال کرہی دیا کہ" سر! ہمارا سمیسٹر فیس کا دو لاکھ اور بچی کے چھ ماہ ضائع ہورہے ہیں۔ کئی دنوں سے ہم خود بھی کھپ رہےہیں۔ ہم تو چھٹی حاصل کرنےکے لیے بھی کھپ کرگئےتھے اور ہر ادارے میں صرف اس چھٹی کی پوچھ ہوتی ہےجو بغیر بتائےاوربغیر اجازت سے کی جائے۔مجھے بس یہ بتا دیا جائے کہ اس سارے پروسیجر میں ہماری غلطی کہاں ہے جو ہمیں اس قدر خوارکیا جا رہا ہے؟"۔
یہ ہلکا سا سچ بھی کوآرڈینیٹر کا موڈ خراب کر گیا،وہ غصے میں بھڑک اٹھا اور بچی کی والدہ کو کہنےلگا کہ "آپ مجھے ذہنی طور پر ہراس کر رہی ہیں۔ اگر ڈین کےسامنے جا کر آپ نے ایسی بات کی تو وہ آپ لوگوں کے کاغذ ہی پھاڑ کر پھینک دے گا۔ یہ اپنی فائل پکڑیں اورڈین سے ملنے کا انتظار کریں۔ میں دیکھتا ہوں کہ آپ لوگ کیسے مل پاتے ہیں ڈین سے"؟
اس طرح اس بزدل انسان نے بد اخلاقی کا مظاہرہ کر کےاپنا آپ کوڑی کے بھاؤ جیسا کرکےدکھا دیا۔ احتجاج میں یونیورسٹی عملےکا ایک بندہ نیوٹی وی چینل کے اینکر کے ہاتھ لگ گیا۔اینکر کے انتہائی تمیز سے کیے گئے سوال کا جواب اس نے بدتمیز لہجے میں دیا جس کی طرف اینکر نے بھی اس کی توجہ مبذول کروائی۔
یونیورسٹی کےمتاثر طالب علم بیچارے احتجاج کیوں نہ کریں۔ ضروری نہیں کہ یہاں پڑھنے والے سب طالب علموں کا تعلق امیر گھرانوں سے ہے۔ یہاں اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جن کے والدین جوڑ توڑکرکے، اپنے پیٹ کو گرہیں لگا کر اپنے بچوں کو اس مہنگی یونیورسٹی میں زیور تعلیم سے آراستہ کر رہےہیں۔ دوردور کےعلاقوں سے لوگ یہاں آ کر پڑھتے ہیں۔ ان کے لیے دوبارہ وقت دینا، سیمسٹر فیس، ہاسٹل فیس دینا انتہائی مشکل کام ہے۔
انتظامیہ کی اپنی من موجی، لاپروائی، بداخلاقی اپنےعروج پر ہے۔ تحسین کے مستحق ہیں یہ بہادربچےجنہوں نے اپنے ہر طرح کے نقصان سے بے خوف ہو کر مسلسل احتجاج کیا۔ بے شک یہ احتجاج میڈیا پرظاہر نہیں ہونے دیا گیا، جن چینلزپرویڈیوز چل گئیں وہاں سے بھی ہٹوا دی گئیں۔اس سب میں یہ بات تو طے ہے کہ اگریو ایم ٹی یونیورسٹی کے سربراہ نے اپنی انتظامیہ کا اخلاق درست نہ کروایا، انہیں بات کرنے کی تمیز نہ سکھائی، انہیں معاملات میں ذمہ دارانہ رویہ اپنانےکی تلقین نہ کی تو اس ادارے کوزوال پذیر ہونے میں زیادہ دیر نہیں۔
نوٹ: ایڈیٹرکا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں (ادارہ رنگ نو )


































