
رنگ نو کے کل پاکستان " مقابلہ مضمون نویسی" میں پہلی پوزیشن حاصل کر نےوالی تحریر
نبیلہ شہزاد / لاہور
14 اگست 1947ء کے دن معرض وجود میں آنے والا ملک "پاکستان"کسی نے ہمیں طشتری میں رکھ کر پیش نہیں کر دیا تھا۔ یہ ہمیں پکا پکایا حلوہ نہیں
مل گیا تھا اورنہ ہی پاکستان کو ہمارے سوتے سوتے کوئی ہمارے پاس رکھ کر چلا گیا بلکہ اس وطن کے حصول کے پیچھے ایک طویل جدوجہد کی داستان چھپی ہے،جس کا آخری حصہ انتہائی دردناک و المناک ہے۔
اس جدوجہد کے دامن میں کئی روتی، تڑپتی، درد بھری کہانیاں چھپی ہوئی ہیں جنہیں سن کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں، انسانیت شرمندگی سے اپنا چہرہ چھپا لیتی ہے، حیوانیت بھی آپس میں سراپائے سوال بن جاتی ہے کہ اتنا ظلم کیسے برپا ہو گیا۔ ایک محلے، ایک ہی گاؤں میں برسوں سے مسلمانوں کےساتھ رہنے والےسکھ جو اپنے آپ کو مسلمانوں کے بھائی کہتے تھکتے نہ تھے،اس موقع پر یک لخت بھائی پن کا پیراہنہ اتار پھینکا اور سب سے بڑے دشمن بن کر درندگی کی مثال بن گئے۔ باقی ہندو توازل سے ہی اپنےدلوں میں مسلمانوں کے خلاف کینہ پالے ہوئے تھے۔ کب آسان تھا اپنی پیدائشی جگہ سےنکلنا، ان گلیوں کو چھوڑنا جن سے بچپن کی یادیں وابستہ تھیں۔ بھرے گھروں کو خیر باد کہنا جن کو کئی سال پائی پائی جوڑ کر بنایا۔خون پسینے کی کمائی سے بنایا گیا مال و متاع، مویشی سب کچھ چھوڑ دیا، قربان کر دیا۔ ہجرت کی راہ اپنا لی، گھروں سے نکل کھڑے ہوئے یہ جانتے بوجھتے کہ اب شاید کبھی دوبارہ ان آشیانوں کو نہ دیکھ سکیں گے۔ یہاں تک کی ہجرت تو وہ ہجرت تھی جو اسلام کے اصولوں کے مطابق آزاد زندگی گزارنےکے لیے مکہ کے لوگوں نے بھی مدینہ کی جانب کی تھی لیکن برصغیر کے مسلمانوں کی ہجرت اس سے بھی بڑی قربانی مانگ رہی تھی۔
یہ قربانی بڑی الم ناک، فلسفہ قربانی کےدرد کی آخری حدوالی قربانی تھی۔ یہ خون آشام قربانی تھی۔یہ خونی رشتوں کی جدائیوں والی قربانی تھی۔ یہ جانوں کی قربانی تھی۔ یہ عزتوں کی قربانی تھی۔
اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے پیارے لوگوں کو کٹتے ہوئے دیکھنا آسان تھا کیا؟ اپنی جوان عورتوں، بہنوں،بیٹیوں کو کفار کے شکنجوں میں آتےدیکھنا آسان تھا کیا؟ اپنی حاملہ عورتوں کے پیٹ چیرکر بچے کربانوں اور تلواروں پر لٹکے دیکھنا آسان تھا کیا؟ پوری پوری ٹرینیں لاشوں سے بھری ہوئی اور خون ٹپکاتی جن کے صرف ڈرائیور کو زندہ چھوڑا گیا تاکہ یہ پاکستان کی سرزمین پر ان کی بربریت کا تحفہ لے کر جائیں، ان کا استقبال کرنا آسان تھا کیا؟
یہ دنیا کی مہنگی ترین ہجرت بےمقصد نہیں تھی۔ اس کا مقصد ومنزل لا الہ الا اللہ کا نظام تھا۔ پاکستان کی موجودہ نسل کے لوگو! اگر تمہارا واسطہ ایسی سخت ہجرت اورخونی قربانی سے پڑ جائے تو تم کہاں تک اس ازمائش میں پورے اترتے ہو؟ لیکن ہمارے بزرگ اس آزمائش پر پورے اترے۔ وہ سب کچھ کھو کر بھی صرف پاکستان پا لینےپرخوش تھے۔ وہ خوش تھے کہ ان کی نسلیں ایک آزاد اسلامی ریاست میں آزادانہ اسلامی طرز زندگی پراپنی زندگیاں گزار سکیں گے۔ وہ خوش تھے کہ ان کی نسلیں اب انگریزوں کی غلام اور ہندوؤں کی محتاج نہیں رہیں گی۔ وہ خوش تھے کہ اب ان کے بچوں کو سکولوں میں زبردستی بندے ماترم کا گیت نہیں پڑھایا جائےگا، مورتیوں کے سامنے ہاتھ باندھنے کونہیں کہا جائے گا۔ اب ان کے عقیدہ توحید پرضرب نہیں پڑے گی۔ وہ خوش تھے کہ اب دنیا میں ہماری پہچان ایک غلام قوم کے طور پر نہیں بلکہ آزاد قوم کے طور پر باعزت اورسر اٹھا کر جینے والی ہوگی۔
لیکن بدقسمتی سے جو لا الہ الا اللہ کا نظام پاکستان کے حصول کا مقصد تھا ہم وہ مقصد مکمل طور پر آج تک حاصل نہیں کر سکے۔ ہمارے ارباب اختیار اعلیٰ غیروں کے اشاروں پر ناچنے والے ملے ہیں۔ ہمیں ملک کی باگ ڈور سنبھالنے والے کبھی ایسے نہ مل سکے جو ملک کو رب کے بتائے گئےنظام کے مطابق چلاتے۔ملک پر مسلسل جدی پشتی سیاستدان قابض ہیں جنہیں لا الہ الا اللہ کے نظام سے کوئی سروکار نہیں جن کے آباؤاجداد کا حصول پاکستان کی راہ میں کسی قربانی کا کوئی ذکر نہیں ملتا۔ جنہوں نے اپنے بزرگوں کی یوم آزادی پر اداس تڑپ نہیں دیکھی۔ انہیں بھلا اس ملک کی اس ازادی کی کیا قدر۔
اسی لیے تو یہ اگرخود کرپٹ ہیں تو انہوں نے اداروں کو بھی کرپشن میں آزادی دے رکھی ہے کیونکہ اس میں ان کی اپنی ذات کا فائدہ پوشیدہ ہوتا ہے۔ ملک کے فائدے سےان بے حسوں کو کیا غرض۔اب ان ظالم اور سنگدل طبقے سے امیدیں وابستہ کرنا چھوڑ دیں کہ یہ ہمارے ملک کو سنواریں گے۔اسے ترقی یافتہ بنانے میں کوئی کردار ادا کریں گے۔ اگر انہوں نے پاکستان کی محبت میں کوئی قربانی نہیں دی تو یہ ملک بھی ان کا نہیں۔ یہ ہمارا ملک ہے، یہ ہمیں ہمارے بزرگوں سے وراثت میں ملا ہے۔ یہ ملک ان شہداء کی ہمارے پاس امانت ہے جن کی لاشوں سے گلیاں بازار بھر گئے، جن کے خون سے دریاؤں کے پانی سرخ ہو گئے۔ ہمارا فرض ہے کہ اب ہم ایک بارپھر آزادی کے حصول کی جانب گامزن ہوں اوریہ آزادی موجودہ جدی پشتی سیاستدانوں کے بےرحم وغاصبانہ قبضے سے اپنا ملک چھڑوا کر قیادت کا علم صالح اور نیک کار لوگوں کے ہاتھوں میں تھمائیں جو نظریہ پاکستان سے نہ صرف اچھی طرح واقف ہوں بلکہ اس کا نفاذ ان کا مشن ہو۔جب ملک سے سود اور اللہ تعالی کے غضب کو دعوت دینے والے دوسرے عوامل ختم ہو جائیں گے، جب عدالتوں میں عدل و انصاف کا بول بالا ہوگا، جب دوسرے اداروں میں حقداروں کو ان کا حق دیا جائے گا تو یقینا پاکستان پر اللہ تعالی کی رحمتوں کا نزول ہوگا اور پاکستان دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔ ان شاء اللہ۔



































