
قدسیہ ملک
اففف اللہ کیسی سزاہے۔پہلے بھرے پوائنٹ کےدھکےکھاکرگھر پہنچو،پھر تھکن سے چور کھڑےہوکرروٹیاں بناؤ۔پھر سب کے
کھانے کے بعد کچن کی صفائی کے بعد آرام کرو۔کیا فائدہ اس زندگی کا۔زہرہ نے غصے سے سوچا۔
اگلے دن شام کو امی کے پاس بیٹھی ۔امی سے بولی "امی بھابھی سے کہیں نا وہ دوپہر کی روٹیاں بنالیں۔اگر وہ آفس جاتی ہیں تو میں بھی تو یونیورسٹی جاتی ہوں نا"۔اس پر امی بولیں'' بیٹا کتناتھک کر وہ آتی ہے۔پھر گھر بھی سمیٹتی ہے۔بچوں کو دیکھنا۔اس کے ساتھ میں کیسے اسے روٹیوں کی ذمہ داری دے دوں"۔
خیر کچھ رو دھو کر وہ چپ ہورہی۔۔۔یونی سے آکرروٹیاں بناکرکچن سمیٹنااب اس نے قبول کرلیاتھا۔اس پر امی بھی اس کی تھوڑی بہت مدد کروادیتی۔کہتی لڑکیوں کو سارےکام آنے چاہئیں پتا نہیں کیسا سسرال ملے۔۔۔۔
ماسٹرزکے بعد اس کی شادی ہوگئی۔
متوسط طبقے کی ہونے کے باعث وہی چند دن کی چاندنی پھر اندھیری رات کےمصداق کچھ ہی عرصے میں کچن اور گھرکے جھمیلوں میں اسے کچھ اورنا سوجھتا۔۔
کچھ ہی دنوں میں ثناء اپنے اس معمول کے روٹین سےاکتا گئی۔اپنےشوہراور ساس کی حمایت کے ساتھ کچھ تگ و دوکے بعد اسے ایک اچھی فرم میں نوکری مل گئی۔شروع میں تو وہ بہت خوش تھی۔طرح طرح کے میک اپ جیولری۔ہر طرح سے نک سک سے تیارہونا۔اس کےبعد آفس کے چپڑاسی سے آفیسر تک کی نظروں کا نشانہ بننا اور مختلف طریقوں سے اشاروں کنایوں سے ہونے والی حرکات۔۔۔وہ چاہتی تھی کہ گھر میں یہ باتیں اپنے شوہر سے کہےلیکن ایک تو اس طرح اپنی جاب سے ہاتھ دھوناپڑتے دوسرےاس کی شادی شدہ زندگی پر اس کے برے اثرات پڑسکتے تھے۔اور کوئی اس کی ماں کی طرح نہیں سوچتاتھا۔وہ گھر آکر بھی ساراکام سنبھالتی۔
کیسی زندگی ہے میری ماں کے گھر بھی کبھی عزت ناملی سسرال بھی ایسا ملا کہ کبھی یہ ناہواکہ سکون کےدوپل ہی نصیب آجائیں۔۔۔وہ کبھی کبھی بڑےدکھ اور کرب سے سوچتی۔ایک روز وہ رات دعوت کی وجہ سے دیر تک سونا سکی۔صبح یاد آیا کہ نا تو کپڑے استری ہیں نا کچھ تیار ۔۔۔اسے جلدی پہنچنا تھا۔۔جلدی جلدی الماری میں لٹکے کپڑوں میں اچانک اسے کچھ نظر آیا وہ اٹھی 5 منٹ میں تیار ہوکر باہر آئی۔سب سورہےتھے۔شوہر اور گھر والوں کیلئےناشتہ تیار کرکےآفس کے لئے نکل گئی۔
آج سب کچھ کتنا بدلا بدلا محسوس ہورہاہے۔۔۔
آفس میں بھی سب اس سے کس قدر احترام اور شائستگی کے ساتھ پیش آرہےتھے۔آج وہ چبھتی نظریں وہ ذومعنی الفاظ سب جیسے کہیں غائب ہوگئے۔۔۔لنچ ٹائم میں وہ وضو کرنے جب واش روم جاکر اپنے سراپے کا جائزہ لیا تو اسے یہ احساس ہوا کہ آج سے پہلے وہ خود کو کتنی مشکلات میں رکھے ہوئے تھی۔
آج شوہر کا لایا ہوا عبایا اس کے خوبصورت رنگ و روپ اور وقار میں اضافہ کررہاتھا۔وہ محو ہوکر کئی منٹ اپنےسراپے کو آئینے میں دیکھتی رہی۔۔۔اور ایک عزم مصمم لئے آفس سے گھر پہنچی۔اگلی صبح سب نے ایک باوقار اورشائستہ خاتون کو گھر سے دفترجاتے دیکھا۔۔۔۔وہ بہت خوش تھی کیونکہ ایک طرف تو وہ اپنےرب کو راضی کررہی تھی اور دوسری جانب اپنے آپ کو حجاب میں محفوظ کرکے ایک خوبصورت اور پرسکون احساس سے محظوظ ہورہی تھی ۔


































