
بنت رضا
آمنہ جس وقت سےمیرے پاس قرآن پڑھنےآئی تھی،مسلسل اپنی آستین جوکہ نہ ہونے کے برابر تھی کھینچ کھینچ کر لمبی کرنے
کی ناکام کوشش کررہی تھی اور یہ ہی حال اس کی قمیص کے دامن کا بھی تھا کیونکہ قمیص کی لمبائی بھی ناکافی تھی۔۔۔۔ایسے میں وہ یہ بات تقریباً بھول ہی گئی تھی کہ قرآن بھی پڑھنا ہے۔ساری توجہ بس لباس پر تھی۔
اس سے ایک بات تو یہ واضح ہوتی ہےکہ چھپانا فطری عمل ہے جو ہماری گھٹی میں پڑا ہوا ہے،چاہے کتناہی چھوٹا بچہ کیوں نہ ہو اعضاء کھلنے پروہ بے چینی محسوس کرتا ہے۔۔
حدیث ہے کہ ۔۔۔ گناہ وہ جوتیرے دل میں کھٹکے اور تو اس کو کسی اور کے سامنےکرتےہوئےعار محسوس کرے۔۔۔
یہ کھٹک یہ عار یہ احساس ۔۔ کہاں گیا ؟اور کیسے اور کس طرح ختم ہو گیا؟
کل ہی کی بات ہے کہ میری بیٹی نے اطلاع دی کہ تابندہ آنٹی نےاپنی بیٹی فاطمہ کو پھرسےاکیلے دکان سے کچھ لینے کو بھیجا ہے۔۔ حالانکہ چند دن پہلے ہی باتوں باتوں بہت سمجھایا تھا کہ مناسب نہیں کہ بچی کو اکیلے بھیجے۔
معلوم نہیں یہ بےفکری ہے یا ناسمجھی ؟
۔ اس پر مستزاد میڈیا کےکارنامے ہیں ۔۔
تیرہ سالہ عائشہ آٹھویں کلاس کی بچی ۔۔۔۔ مگرانداز خدا کی پناہ۔۔ پوری کلاس پریشان کہ غریب گھرانے سے تعلق کے باوجود ایک سے بڑھ کر ایک نئی نئی چیزیں اور پھر موبائل ۔۔۔کہاں سے آرہا ہے ؟ تجسس کے مارے کچھ بچیوں نے اس سے دوستی کرلی اور بس پھر کیا تھا ۔۔۔خربوزے کو دیکھ کر خربوزہ رنگ پکڑتا ہے۔۔۔ ان بچیوں کے بھی رنگ ڈھنگ ویسے ہی ہونے لگے۔۔۔ معلوم ہوا کہ عائشہ خود بھی ٹک ٹاکر تھی اب ان بچیوں کو بھی اس نے اسی میں لگا دیا تھا - پیسہ حرام ہے یا حلال کسی کو کوئی غرض نہیں ؟
ہم کیسے مسلمان ہیں جو پیدا مسلمان گھرانے میں ہوئےہمارے ماں باپ مسلمان ہمارے نام نبیوں ، صحابیوں اور صحابیاتِ والے اور کام ایسے جنہیں دیکھ کر دل کہہ اٹھتا ہے کہ
حسرت انسان پرگناہ کرتاہےخود
لعنت بھجتا ہے شیطان پر
اس ساری صورتحال پر سوچ یہ آتی ہےکہ ماں باپ کا کام صرف کھلانا پلانایا پہنانا ہی رہ گیا ہے؟؟؟ کچھ بھی ہو ماں جیسی ہستی اتنی بے فکر نہیں ہوسکتی۔۔ جبکہ وہ خود بھی یہ وقت گزار چکی ہوتی ہے۔۔ اس کو تو اس وقت کی نزاکتوں کا احساس کر کے انتہائی ہوشیار اور حساس ہونا چاہیے تھا۔اسی بے فکری اور غیر ذمہ داری کے باعث زینب جیسے کیس سامنے آتے ہیں اور نور مقدم اور عائشہ جیسی لڑکیاں اپنے مقدس نام کی بھی پرواہ نہیں کرتیں۔۔
ضرورت اپنے حقوق اور فرائض پہچاننے کی ہے اور یہ اسی صورت ممکن ہے جب ہم کتاب اللہ کو مضبوطی سے تھام لیں گے ۔۔۔



































