
عصمت اسامہ
کسی جگہ ایک واقعہ پڑھا کہ ایک والد صاحب کسی اہم کام میں مصروف تھےاوران کا بچہ بار بار ان کو بلا رہا تھا۔ وہ بچے کی طرف متوجہ ہوتے
تو ان کے کام کام کا حرج ہوتا ،آخر انہوں نے اس کا یہ حل سوچا کہ ان کے پاس کاغذ کا ایک ورلڈ میپ موجود تھا، انہوں نے ان نقشے کو پھاڑ کر چھوٹے چھوٹے ٹکروں میں تقسیم کر کے بچے سے کہا کہ اس کاغذ کو جوڑ کر لاؤ۔ بچہ خوشی خوشی جوڑنے چلا گیا والد نے سوچا کہ جتنی دیر وہ نقشہ جوڑنے میں لگائے گا اتنی دیر میں وہ کام مکمل کر لیں گے مگر ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب چند منٹ بعد بچہ نقشہ جوڑ کر لے آیا۔ انہوں نے دریافت کیا کہ اتنی جلدی یہ کیسے درست کر لیا؟ تو بچے نے جواب دیا کہ اس نقشے کے پیچھے ایک انسان کی تصویر تھی۔ میں نے اس کو ٹھیک جوڑا تو دوسری طرف نقشہ بھی ٹھیک جڑ گیا۔ یہ ایک مثال ہے کہ اگر ہم دنیا کو ٹھیک کرنا چاہتے ہیں تو بحیثیت انسان خود کو ٹھیک کرنےکی ضرورت ہے۔ دنیا بھی ٹھیک ہو جائے گی۔
فی زمانہ ایک عمومی صورت حال یہ ہے کہ ہر فرد چاہتا ہے کہ حالات تبدیل ہو جائیں پر خود کو بدلنے پر بہت کم لوگ توجہ دیتے ہیں۔آئیں اس رمضان المبارک میں ہم کوشش کریں کہ جو تبدیلی ہم دوسروں میں دیکھنا چاہتے ہیں، اس کا آغاز اپنی ذات سے کریں۔
تم خود کو بدل کر دیکھو
حالات بدل جائیں گے
قرآن پاک میں ارشاد باری تعالیٰ ہے
قد افلح من تزکٰیِ وذکراسمہ ربہِ فصلٰی
ترجمہ:بے شک وہ کامیاب ہو گیا جس نے اپنے نفس کو پاک کیا اور اپنے رب کا نام لیا پھر نماز پڑھی۔۔۔(سورہ اعلیٰ:14-15)
اس تبدیلی کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ بحیثیت انسان ہم جتنا خود کو مارجن دیتے ہیں اتنا دوسروں کو بھی دیں۔ ہم جس طرح اپنی غلطیاں چھپاتے ہیں، ویسے ہی دوسروں کی بھی پردہ پوشی کریں۔ ہم اپنی عادتیں بدلتے ہوئے خود کو سہولت دیتے ہیں، اسی طرح دوسروں کو بھی دیا کریں ۔سائنسی زبان میں اسے زاویہ نظر کی تبدیلی کہا جاتا ہے۔ چیزیں جس طرح موجود ہیں اس طرح موجود ہوتی جائیں۔ ان دو صورتوں کے مابین جو خلا ہے اس کو پر کرنے کا آغاز اپنی ذات سے کریں۔ اپنا کام شروع کر دیں اور نتیجہ اپنے رب پر چھوڑ دیں حالات میں تبدیلی کا ذریعہ عبادات ہیں۔ عبادات ہماری زندگیوں کو بدل دیتی ہیں ،جتنی ہماری کوشش اور تدبیر اہم ہیں ،بعض اوقات عبادات اور دعائیں ہماری کاوشوں سے بھی آگے نکل جاتی ہیں۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو بدلنے والی نبی اکرمؐ کی دعائیں تھیں ،اس رمضان المبارک میں دعا مانگتے وقت سب کو دعا میں شامل کر لیجیے، حیرت انگیز نتائج حاصل ہوں گے۔جب ہم اپنے زاویہ نظر کو تبدیل کرنے لگیں تو اس کی بنیاد اصولوں پر ہونی چاہیے۔اس پوائنٹ کو ہم ایک واقعہ کے تناظر میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔۔
دو بحری جنگی جہاز جنگی مشقوں کی ٖغرض سے سخت دھند آلود موسم میں تعنیات تھے۔ شام کے وقت کیپٹن کو رپورٹ ملی کہ جہاز کی بائیں مستک پر روشنی پڑ رہی ہے کیپٹن نے چلا کر پوچھا روشنی ایک جگہ پڑ رہی ہے یا پیچھے کی طرف جا رہی ہے؟اسے بتایا گیا کہ ایک جگہ ہی پڑ رہی ہے۔ کیپٹن نے سوچا کہ ہم اس بحری جہاز سے خطرناک تصادم کی راہ پر چل رہے ہیں۔ اس نے سگنل مین کو مخاطب کر کے آڈر دیا کہ اس جہاز کو سگنل دو۔ ہم تصادم کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔تمہیں مشورہ دیتے ہیں کہ اپنے راستہ کو 20 ڈگری تبدیل کر لو۔ جوابی سگنل آیا کہ بہتر ہے تم اپنے راستہ کو 20 ڈگری تبدیل کرلو۔ کپٹن نے سگنل دیا کہ میں جنگی جہاز کا سی مین ہوں۔۔ تیز روشنی کی طرف سے جواب آیا کہ میں لائٹ ہاؤس ہوں۔
اور کپٹن کو جہاز کا رخ تبدیل کرنا پڑا۔
تو یہ لائٹ ہاؤس ہمارے لیے وہ اصول ہیں جو رب العالمین نے زندگی کو خیریت سےگزارنےکےلیےہمارے لیےمتعین کیے ہیں۔ یہ اصول ہمارے لیے کامیابی کا پیغام ہیں۔ ہمارے کیے مسائل اس دھند جیسی لاعلمی کی وجہ سے ہوتے ہیں جو بحری جہاز کے کیپٹن کو حقیقت دیکھنے میں رکاوٹ تھی اور کچھ مسائل اس انا کی وجہ سے ہوتے ہیں جب ہم دوسروں کو بدلنا چاہتے ہیں۔ خود کو بدلنےسے پہلے۔۔۔!! اس رمضان المبارک میں اپنی زندگی کا تجزیہ کرتے ہوئے رب العالمین کے سامنے اعتراف کرنا چاہیےکہ ہم خطا کارہیں اورہمیں اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آئندہ زندگی کو راہِ راست پر گزارنے کی پلاننگ کرنی چاہیے۔
کہا جاتا ہے کہ نوکیا کمپنی کے موبائل اپنے وقت کے کامیاب موبائل تھے لیکن بنانےمیں ایک خامی رہ گئی کہ وہ وقت کےساتھ اپ گریڈ نہیں ہوسکتے تھے۔ اس لیے وہ زمانے کی رفتار کے ساتھ نہیں چل سکےخود کو بدلنے میں، نئی صلاحیتیں، علم و ہنر ان سب میں بھی اضافہ کرتے رہنا چاہیے۔
علامہ اقبال نے بھی انسانی نفسیات کو مدِنظر رکھتے ہوئے فرمایاتھا:"اگر نہیں بدلتا توپتھرنہیں بدلتا۔۔انسان میں ہرلمحہ تبدیلی آتی رہتی ہے۔۔" یہ ایک امید افزاء پیغام ہے کہ انسان کی سوچ، فکر و عمل، میں تبدیلی آتی ہے اور لائی جاسکتی ہے۔ رسول اللہؐ کی سنت ہے کہ وہ انسانوں سے مایوس نہیں ہوتے تھے۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے افراد کو تبدیل کر کے پورا معاشرہ تبدیل کر دیا تھا۔
؎ عرب جس پہ قرنوں سے تھا جہل چھایا
پلٹ دی بس اک آن میں اس کی کایا
رہا ڈر نہ بیڑے کو موجِ بلا
ادھر سے ادھر پھر گیا رخِ ہوا کا
بعض اوقات ہماری امیدوں کا چمن اس لیے ہرا ہونے پرنہیں آتا کہ ہم اپنے پودوں کو تنقید کی دھوپ تو دے رہے ہوتے ہیں مگر محبت کی خواک فراہم کرنا بھول جاتے ہیں جو پودوں کی آبیاری کر سکے۔انقلاب کا آغاز اپنی ذات سے کرنے کے لیے کچھ اصول یا اہداف کر لینے چاہیں اور وقتاَ فوقتاَ اپنی کوشش کا جائزہ لیتے رہنا چاہیے۔ یاد رکھنا چاہیے کہ سیدھے راستے پر آجانا ہی بڑی کامیابی ہے۔اس لیے کہ
انَّ رَبِّی عَلٰی ِصَّراطِ مّٗستَقِیم
ہمارا رب تو صراطِ مستقیم پر ہی ملے گا۔




































