
عصمت اسامہ
خواتین معاشرے کا اہم ترین حصہ ہیں۔دین اسلام نےخواتین کو پوری دنیا سےبڑھ کرحقوق دئیے ہیں۔ بحیثیت ماں ،بہن،بیٹی،بیوی ہرلحاظ سے
صنف نازک محترم ہے،معتبر ہے۔جس گھرمیں کوئی خاتون نہ ہو،وہ گھر گھرہی نہیں لگتا ۔ہرمرد کسی ماں کی آغوش سےپرورش پاکر ہی بڑا ہوتا ہے۔آج دنیا بھر میں حقوق نسواں کے بارے میں پروگرام ہورہے ہیں ، ریلیاں اور کانفرنسیں منعقد کی جارہی ہیں۔ تقاریر اور مظاہروں میں خواتین کے کردار اور مقام پر بات کی جارہی ہے ،ان میں کشمیر اور فلسطین کی خواتین کی قربانیوں کا تذکرہ ہے مگر ایک خاتون ایسی ہے جس نے تن تنہا وہ تکالیف اٹھائی ہیں،جن کا اندازہ کرنا بھی دشوار ہے جس پر بائیس برس سے اذیتوں،ظلم وجبرکے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ وہ پاکستانی قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی ہےجو پی ایچ ڈی ڈاکٹر بھی ہے اور حافظہء قرآن بھی۔
وہ پاکستانی شہری اورتین بچوں کی ماں ہے۔جسےبغیر کسی جرم کےامریکی بدنام زمانہ جیل"جہنم کا گڑھا"میں قید کیاگیاہے۔اس کی چیخیں آسمان نے بھی سنی ہیں اور زمین نے بھی۔ اس کے سامنے قرآن پاک کے اوراق زمین پر گرادئیے جاتے ہیں اور اسے کہا جاتا ہے کہ اگر تم ان اوراق پر پاؤں رکھ دو تو تمہیں آزاد کردیا جائے گا مگروہ حافظہ ہے ایسا نہیں کرسکتی۔ جسےخواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت ہوئی ہے۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے خاندان سے ہے۔اسلام کی صداقتوں کی امین ہے ۔ اس تنہا بیٹی کا ایمان ،کفار سے برداشت نہیں ہوتا مگر یہ ایمان ہم سے بھی کچھ تقاضا کرتا ہے۔
ایمان کے رشتے سے ہم بھی پاکستانی بیٹی کے کچھ لگتے ہیں۔وہ قرآن جو ہمارے ہاتھوں میں ہوتا ہے، وہ اس قرآن کے ترازو میں رکھ دی گئی ہے ۔کیا اس قرآن کی حرمت کا پاس رکھنا تنہا ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا ذمہ بنتا ہے یا امت مسلمہ کا ذمہ بھی بنتا ہے ؟ ایک بار ضرور سوچیے ۔
بقول شاعر
ملیں تو فائزان منزل مقصود سے پوچھوں
گزرگاہ محبت سے گزر جانے پہ کیا گزری
نہ ہو جو زندگی انجام، وہ وجدان ناقص ہے
حضور شمع ،بعد وجد پروانے پہ کیا گزری




































