
عصمت اسامہ
مقبوضہ کشمیر میں سانحہء پہلگام کے تناظر میں اس وقت پاک بھارت کشیدگی انتہا کو پہنچ گئی، جب بھارت نے بغیر تحقیق اور ثبوت کے اس کا الزام پاکستان
پر لگا دیا۔واقعہ کے چند منٹ بعد ہی انڈیا نے میڈیا ہائپ تخلیق کرکےریاست پاکستان کےخلاف پروپیگنڈا شروع کردیا گیا ۔نہ صرف بھارت کے اندر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی راۓ عامہ میں غصہ اور نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ۔اس کے بعد بھارت کے سوشل میڈیا پر بھی فیک نیوز ،آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے تیار کردہ ویڈیوز اور تصاویر کی بھرمار کردی گئی۔
کشمیر میں جس جوڑے کی تصویر بار بار نشر کی گئی ،وہ زندہ ہے اور اس نے خود بھارتی خبروں کی تردید کی ہے کہ ان پر کوئی حملہ نہیں ہواجن ستائیس سیاحوں کے قتل کی خبریں بار بار نشر کی گئیں ،بھارتی سرکار ان کی لاشوں کو میڈیا کے سامنے پیش کرنے سے قاصر رہی۔بھارتی سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پاکستان پر حملے کی فضا بنانے لگا ،انہیں امید تھی کہ پاکستان پر خوف طاری کرسکیں گے لیکن حیرت انگیز طور پر پاکستانی عوام نے سوشل میڈیا پر بھارتی دھمکیوں کو ہنسی میں اڑادیا ،میمز اور مزاحیہ پوسٹوں کے ذریعے نڈر اور بے خوف ہونے کا تاثر دیا۔
بھارت کے نفسیاتی دباؤ کو تسلیم کرنےسےانکارکیا بلکہ بھارتی جاسوس دہشت گرد کلبھوشن' اورگرفتار پائلٹ( جسےبعد میں خیرسگالی کےجذبےکےتحت رہا کیا گیا ) ابھی نندن کی ویڈیوز چلا چلا کے بھارتی فوج کا مورال ڈاؤن کردیا ،یہاں تک اس کے کچھ آرمی آفیسرز نے استعفیٰ دے دیا۔
بھارتی اشتعال انگیزی کےجواب میں پاکستانیوں کی حس مزاح پر عالمی میڈیا بھی دنگ رہ گیا۔ دراصل یہ' مزاح بھی مزاحمت ' کی ایک صورت تھا۔کچھ سنجیدہ حلقے اس مزاح اور مذاق کو ہدفِ تنقید بنارہے تھے حالانکہ پاکستانی عوام نے اس کے ذریعے سے اپنی دلیری کو آشکار کیا اور بھارتی سرکار کو اس سائکلوجیکل وار فئیر میں بری طرح شکست ہوئی۔
موجودہ دور میں جنگ صرف میدانوں میں نہیں لڑی جاتی بلکہ اس کی کئی اقسام اورجہتیں بن چکی ہیں،نفسیاتی جنگ بھی ان میں سےایک ہے۔اس جنگ میں 'گولیوں کی جگہ الفاظ' ،' ہتھیاروں کی جگہ خبریں' اور 'اجسام کی بجاۓ اذہان' کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ' حوصلہ افزائی یا مورل سپورٹ' بھی ایک کمک ہے ۔بے جا تنقید یا حوصلہ شکنی' بھی ایک ہتھیار ہے جو انسانوں کو اندر سے وار کرکے لہولہان کردیتا ہے اور بندہ اپنے محاذ پر لڑ نہیں پاتا۔
مشہور مقولہ جات ہیں
(نفسیاتی جنگ میں حقیقت سےزیادہ طاقتور چیز تاثر ہوتا ہے)
نیز
خوف نفسیاتی جنگ کا سب سے مؤثر ہتھیار ہے۔)
اور
جو بیانیہ پر قابو رکھتا ہے، ذہنوں پر حکومت کرتا ہے))
اس نفسیاتی دباؤ کو صرف سوشل میڈیا برقرار نہ رکھ پاتا اگر اس کےساتھ پاکستان کی عسکری قیادت کی بیدار مغزی اور مستعدی شامل نہ ہوتی۔فوج کے بھائی ،بیٹوں نے نہ صرف لائن آف کنٹرول پر مورچے سنبھال لئے بلکہ آرمی چیف نے سیالکوٹ سیکٹر میں ٹینک کے اوپر کھڑے ہوکر جوانوں سے خطاب کیا جس سے دشمن کو واضح پیغام ملا کہ " ہم تیار ہیں ،آزمانا نہیں"۔پاکستانی میزائلوں شاہین ،ابدالی اور فتاح کی بروقت لانچنگ نے بھارت کے غرور کے غبارے سے ہوا نکال دی۔
بھارت کے رافیل طیاروں نے کشمیر کی جانب سے دراندازی کی کوشش کی تو پاکستان کےتیار کردہ جیمرز نےانہیں ناکارہ بنا کے رکھ دیا ۔ہماری وزارتِ اطلاعات نے نہ صرف بھارتی بیانیے کا موثر انداز سے جواب دیا بلکہ ناقابلِ تردید دلائل کے ذریعے دنیا کے سامنے بھارت کے ' فالس فلیگ آپریشن" کی اصلیت ظاہر کردی۔ آئی ایس پی آر نے صحافیوں اور بین الاقوامی میڈیا کے سامنے بھارت کی بلوچستان کے اندر دہشت گردی کے ثبوت پیش کئے بلکہ "اگر بھارت جنگ شروع کرتا ہے تو پھر اس کا فیصلہ ہم کریں گے کہ یہ کس طرف کو جاتی ہے" کے زبردست الفاظ نے بھارتی سرکار کو چکرا کے رکھ دیا۔
تازہ ترین صورتحال میں بھارت نے کھلی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان میں فضائی حملے کیے،جس میں 26 پاکستانی شہری شہید اور 46 زخمی ہوگئے ہیں اور پاکستان نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کرکے ان کے رافیل طیارے سمیت 5 جہاز اور 2 ڈرونز مار گرائے ہیں ۔صورتحال کشید ہ ہے ،انڈین میڈیا پاکستان کے خلاف زہر اگلنے میں مصروف ہے ،جبکہ دنیا بھر کے ممامالک نے پاکستان کے اصولی موقف کو تسلیم کیا ہے کہ پاکستان کا پہلگام واقعہ سے کوئی تعلق نہیں بلکہ وہ تو بھارت سے تحقیقات کا مطالبہ کر رہا ہے تاکہ بھارت کا اصل چہرہ سامنےآسکے ۔
یہ امر خوش آئند ہے کہ اس وقت پاکستانی قوم اپنےتمام اختلافات کو بھلا کر وطن عزیز کی سلامتی اور بقا کی خاطر سبز ہلالی پرچم تلے متحد و یک جان ہوگئی ہےاور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے اور دشمن کو کسی صورت کامیاب ہو نے نہیں دیا جائے گا ۔




































