
عصمت اسامہ
جضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہےکہ رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نےارشاد فرمایا:وہ شخص اللہ کا شکر گزار نہیں ہوسکتا جوانسانوں کا شکر
گزار نہ ہو۔(ابوداؤد
یہ دنیا دار الاسباب ہے،ہر کام بنانے والی ذات اللہ تعالیٰ کی ہے ،وہی انسانوں کو ایک دوسرے کےلئےذریعہ بنادیتا ہے۔وہی ذات سب کےلئےمسب الاسباب ہے لیکن ہمارے مربی وراہنما حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے ہمیں انسانوں کا شکریہ ادا کرنے کی ہدایت دی اور خود بھی عمل کرکے دکھایا۔ شکریہ کےچند الفاظ ادا کرنے میں کچھ خرچ نہیں آتا ،یہ تو بنیادی اخلاقیات ہیں ،صرف وسعتِ قلبی درکار ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کی حمدوثنا ہو، پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر درود و سلام ہو۔ والدین کے احسانات بشمول سسر محترم ،ساس امی کا ذکرخیر ہو یا پھراساتذہ کرام کا، بنایا جن کی مروت نے نکتہ داں ہم کو ،اچھی کولیگز اور سہیلیوں کی محفل کا تذکرہ ہو ۔۔۔۔۔کسی کو اچھے الفاظ میںیاد رکھنا ،ان کی نیکیوں کو زندہ رکھنے جیسا ہے۔اس دور میں اچھی روایات کااحیاء کرنا اشد ضروری ہے۔
حیرت تب ہوتی ہے کہ جب بہت سےکتابیں پڑھنےوالےلوگ بھی کسی کی نیکی کا جان بوجھ کےاعتراف نہ کریں ،کسی کے ٹیلنٹ پر،کسی دوسرے سے موازنے اور تقابل کرکے اسے خواہ مخواہ گرایا جائے ۔علامہ اقبال نے تو ہر فرد کو ملت کے مقدر کا ستارہ قرار دیا تھا نا مگر شکرئیے پر ' ستائش باہمی' کا گھٹیا لیبل لگادیا جائے۔ کسی کی رہنمائی یا تعاون پر حوصلہ افزائی کو غیرضروری قراردیں یا پھر بلاوجہ کسی کی توہین کرکےاسےبت توڑنےکا نام دے دیں۔ ایسے لوگ اپنے سیاہ چشمے سے جسے بھی دیکھتے ہیں ،اسے سیاہ بنادیتے ہیں۔خرد کا نام جنوں رکھ دیا ،جنوں کا خرد ۔۔۔۔
جب آپ نے اپنے جیسےانسانوں کےدرمیان رہناہےتو سیرت طیبہ کے اس پہلو سے کوتاہی کیوں ؟ اس کے بارے میں کون سنجیدگی سے سوچے گا؟




































