
عالیہ عثمان
عید کا دن خوشی و مسرت اورانعامات پرشکر گزاری کا دن ہے۔
عید یعنی جشن یا تہوار کا دن جو بار بار آئے۔ عید کو عید اسی لئے کہا جاتا ہے کہ وہ ہر سال لوٹ لوٹ کے آتی ہے اہل عرب خوشی،مسرت اور شادمانی کے ہر اجتماع کو عید کہا کرتے تھے کیونکہ اس کے لوٹنے سے خوشی لوٹتی ہے۔
عید الفطر اللہ تعالی کی طرف سے مسلمان روزہ داروں کے لیے خوشی ومسرت کا وہ انمول تحفہ ہے جس کی بنا پرمسلمان آپس کے اختلافات بھلا کر باہمی رنجشیں ختم کرکے شیروشکر ہو جاتے ہیں اور یگانگت، اخوت و بھائی چارے کا عملی مظاہرہ کرتے ہیں جو دراصل عید کے عظیم الشان اجتماع کی اصل روح ہے ۔
پچھلے دو سال سے کرونا وائرس کی وباء کے باعث ہمارے بہت سے مسلمان بھائی بے روزگار ہوئے اور اب تک معاشی مشکلات کا شکار ہیں لوگ مفلوک ہیں ۔مگر اسلامی تعلیمات پر قربان جائیے اختتام رمضان پر نماز عید سے قبل صدقہ الفطر کو واجب قرار دیا گیا ہےتاکہ کوئی شخص عید کے موقع پر بھوکا نہ رہے سب سے عظیم عید درحقیقت اللہ تبارک و تعالی کی رضا ہی ہے۔جس کسی کو پورے روزے رکھنے کی توفیق ملی اور اس نے پورے روزے رکھے حقوق اللہ اور حقوق العباد کا خیال رکھا اس کے لئے عید کا دن واقعی اللہ تعالی کےشکرانے کی ادائیگی کا دن ہے اس دن غریبوں اور مستحقین کا خیال رکھنا بھی نہایت ضروری ہےکپڑوں کا ایک جوڑا اگر ہم اپنے لئے خرید رہے ہیں تو ساتھ ہی ایک جوڑا کسی مستحق اور غریب کے لیے بھی خرید لیں ہمارا جوڑا تو کچھ عرصے بعد پرانا بوسیدہ ہو جائے گالیکن وہ جوڑا جو آپ نے کسی مسکین اور مستحق کے لئے خریدا ہے اور روز محشر آپ کی مشکلات میں کام آئے گا ،اسی طرح عید کے دن عمدہ اور لزید پکوان میں اگر ہم کسی محروم انسان کو شریک کریں گے تو وہی غذا رب العزت کی مہربانی سے ہمارے لئے توشہ آخرت میں شامل ہوسکتی ہے۔
عیدالفطر کے اس پرمسرت موقع پر ہمیں اپنے مستحق بہن بھائیوں کا خوب خیال رکھنا چاہیے اور ان کی مدد کرنی چاہئے نیزدوسروں کو بھی ترغیب دینی چاہیے یہ نا صرف ہمارا دینی فریضہ بلکہ اخلاقی ذمہ داری بھی ہے اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو عید کی حقیقی مسرتیں اور فیوض و برکات نصیب فرمائے اور ہم سب سے راضی ہو جائے۔۔۔
آمین۔



































