
نگہت سلطانہ
"مہنگائی،بدامنی اور کرپشن یہ مرکزی و صوبائی حکومتوں کا مشترکہ تحفہ ہے۔" (سراج الحق )
اگرآپ ان کےہرتجزیہ کو محض اس لئےرد کرتے جائیں کہ وہ چہرے پہ داڑھی رکھتے ہیں،کج کلاء بھی ہیں اورستم بالائے ستم یہ کہ ایک "مذہبی جماعت" کےسالارہیں تو یہ آپ کی مرضی ہےورنہ بات توسراج الحق صاحب کی سو فی صد درست ہے۔
قدرتی وسائل سےمالا مال،بہترین انسانی وسائل رکھنےوالا،جوہری انرجی کابھی مالک یہ ملک اوراس ملک کے نوجوان جوجسمانی ودماغی صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ،آج یہ ملک آئی ایم ایف کے رحم و کرم پرہےاور نوجوان تمام صلاحیتوں کےساتھ بیرونِ ملک سدھارنے پرمجبور ہیں۔
شہری پاکستان کےاورفائدہ دےرہے ہیں یورپی ومغربی ممالک کی ایک رپورٹ کے مطابق پچھلےگیارہ برسوں سےپاکستان ان ممالک میں پہلے نمبرپر ہے جہاں سےافراد سب سے زیادہ دوسرے ممالک میں نقل مکانی کر گئے۔گیارہ برسوں میں ایک کروڑپینسٹھ لاکھ افراد بیرون ملک منتقل ہو گئے۔
ذمہ دارکون ہے؟؟؟ کیا کوئی ایک ادارہ ذمہ دارہے؟ کیا آئی ایم ایف خود بھاگ بھاگ کے ہمارے پاس آتا ہے؟ یا کاتبِ تقدیر کو ہمارے ساتھ کوئی جنم جنم کا بَیر ہے؟؟
نہیں!! بلکہ مرکزاور صوبوں میں بیٹھے،قوم کی قسمت سے کھیلنےوالے ذمہ دارہیں۔ پھر بھلے یہ دس سال پرانے "زرداری" ہوں یا تیس سال پہلے کے "شریف برادران"، پی ٹی آئی کے شوکت ترین ہوں یا ن لیگ کے مفتاح اسماعیل۔۔۔۔ سبھی نے تحفے دئیے ہیں قوم کو۔
تحفہ توپھرتحفہ ہے، کوئی کسی سے محبت کرتا ہےتو اسے تحفہ دیتا ہے ناں۔ اب اگر ہمارے حکمرانوں کی محبت اور ان کے دئیے گئے تحفے خودکشی، مایوسی، بھوک، بے روزگاری اوراحساسِ محرومی کا باعث بن رہےہیں تو اس میں ان کا کیا قصور۔۔۔ قصور تو تحفے وصول کرنے والوں کا ہے.
اب کے ووٹ ڈالتے وقت ذرا سوچئے گا
نہیں، نہیں!!! ذرا نہیں پورا سوچئے گا
نوٹ :ایڈیٹر کا بلاگرکے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )


































