
نگہت سلطانہ/ گجرات
ابھی تودل دکھی تھا کراچی کےعوام کےمینڈیٹ پہ دن دیہاڑے پڑنےوالے ڈاکے کےحوالے سے، ابھی تو آنکھیں نم تھیں ڈاکٹر عافیہ
کےلیے۔۔۔۔
یہ ایک اورحادثہ رونما ہو گیا۔ بحیرہ روم کی سفاک لہریں ایک مرتبہ پھر انسانوں کو نگل گئیں۔۔۔۔آہ سو سے زائد پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔کسی وبا یا بلا کے نتیجے میں انسانی زندگیوں کا ضیاع ایک بہت بڑاحادثہ ہواکرتا ہےلیکن جب معاشی تگ ودو کےراستے میں انسان زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھتےہیں تو یہ حادثہ حادثہ نہیں رہتا سانحہ بن جاتاہےاور۔۔۔۔۔۔ آج ۔۔۔۔۔۔ ترقی وخوشحالی کے اس دور میں۔۔۔۔۔ اس قسم کے سانحات انسانی زندگی کا مقدر بنتے نظر آتے ہیں۔۔جب زندگی کاواحد مقصد کمانا رہ جائے۔ جب کھوکھلے رواجوں کو مجبوری بنالیاجائے۔ جب نظام کے علمبردارخود تو سونے کے چمچ میں کھائیں اور ساری محرومیاں عام لوگوں میں تقسیم کردیں۔ جب استعمار کی توند کئی ملکوں کوہڑپ کرکے بھی بھرنے نہ پائے توپھرایسا ہوتاہےکہ۔۔۔۔انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے آگے بڑھتے ہیں انسانی اسمگلنگ کادھندا خوب چمکتا ہے۔جب جب ایسے سانحات رونما ہونا ہوں توہوجاتے ہیں اور پیچھےجورہ جاتا ہے وہ "یوم سوگ " کا اعلان ہوتاہے۔ واقعہ کی انکوائری کی ہدایت ہوتی ہے۔ متعلقہ مجرموں کے خلاف" گھیرا" تنگ کرنے کی ہدایت ہوتی ہے۔۔۔بلاشبہ مذکورہ اقدامات کی بنیاد میں نیک نیتی ، ٹھوس منصوبہ بندی، اورشفافیت ہوتو ان کے اثرات ونتائج نظر آئیں گے۔۔
مگر ہم دیکھتے ہیں کہ ایسا نہیں ہے،میری درخواست عام آدمی سے ہے کہ خدارا اب اس پرسوچیں کہ۔۔۔ توکل ،قناعت، سادگی ، یہ اوصاف کتابی نہیں عملی زندگی کو سہل تر کرنے والے ہیں۔۔۔۔۔ ضروری نہیں کہ ہر خواب سہانا ہی ہو لہٰذا خواب اپنی زمین پہ رہ کے ہی دیکھاجائے تواچھاہے۔معاشرے کی آنکھ " میڈیا" اور اہل الرائےحضرات سے درخواست ہے کہ افراد کی اخلاقی و ذہنی تربیت کالائحہ عمل تیارکریں، حقیقی مقصد زندگی کاشعور دیں ۔
اپنے حکمرانوں سےاپیل ہے کہ انسانی زندگی صرف حادثات وسانحات ہی سےختم نہیں ہوتی۔ فناہرایک کوہونا ہے۔آپ کو بھی اورآپ کے بعد بھلے پرچم تین دن سرنگوں رہے۔بھلے دس دن سوگ کا اعلان کیاجائےیا مہینہ بھرکا ۔ حساب کتاب سے آپ نہیں بچ پائیں گے۔ بڑی عدالت کا بڑا کٹہرا اورآپ کی پیشی۔۔۔۔۔اس منظر کو آج ہی احاطہء تصور میں لے آئیے اوراپنی تجوریوں کے منہ غریب مفلس بے روزگار پاکستانیوں کے لیے کھول دیجئے۔۔۔استعماری قوتوں سےہم کہناچاہیں گے کہ تمہاری توند تو قیامت تک نہیں بھرنےوالی۔ ہاں پھٹ سکتی ہے۔۔۔۔ملکوں ملکوں تم نے افلاس کے پیکجز تقسیم کیے۔۔۔۔تو۔۔۔۔۔۔۔بحیرہ روم کی موجیں تو کسی کی سگی نہیں ناں۔۔۔۔بعید نہیں انہی موجوں پہ سوار کوئی مسیحا۔۔۔۔انسانیت کا کوئی
نجات دہندہ۔۔۔۔ کوئی سرپھرا چلا آرہا ہو۔۔
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )


































