
نگہت سلطانہ
ہے وہی سازکہن مغرب کاجمہوری نظام
جس کے پردوں میں نہیں غیراز نوائے قیصری
مجلس آئین واصلاح ورعایات وحقوق
طب مغرب میں مزے میٹھے اثر خواب آوری
بات کا آغازشاعر مشرق کےان اشعار سےکررہےہیں تو کوئی یہ نہ سمجھےکہ ہم اس نظام کے باغی ہو گئے۔ارے بالکل بھی نہیں۔ یوں بھی ہم ٹھہرے غریب عوام ہمارا کیا تعلق ملکی نظام سے، سوائےاس کےکہ جب ہمارے ووٹ کی ضرورت پڑتی ہے تو کچھ دن کے لئے ہم وی وی آئی پی ٹھہرتے ہیں بھلے ہم شہرخموشاں ہی میں کیوں نہ سکونت پذیر ہوں ۔۔۔۔۔ تو جناب! یہ ملک تو ہے اشرافیہ کا انگریزسرکار کے چھوڑے ہوئے ٹاؤٹ کا ۔
انگریز نے ان کی تربیت یہ کی کہ ذہنی غلامی، حرص وطمع، دولت کی خاطرملت فروشی، بے حسی یہ "خوبیاں" جوہم نےتمہارے اندر پروان چڑھائی ہیں ، ان کا پاس رکھنا اوراپنی قوم کو ڈھور ڈنگر سے زیادہ کچھ نہ سمجھنا۔
بس پھر کیاتھا نسل در نسل ہمارے حکمران خوب عمدگی سےعمل پیرا ہیں۔ اپنے قدیم و جدید آقاؤں سے لی گئی تعلیم وتربیت پراور قوم کو واقعئی ڈھور ڈنگر کےسوا کچھ نہیں سمجھتے ہیں۔ جبھی توایسا ہے کہ یونان حادثہ کےسینکڑوں مجبور"غریب" بے روزگار پاکستانیوں کی کسمپرسی کی حالت میں ہلاکت پر یومِ سوگ کا اعلان کیاجاتا ہے۔ قوم کو پیغام ہے تم سوگ مناؤاور ہم ۔۔۔۔۔ ہم توحاکم ہیں تمہارے، ہمارا کیا لینا دینا سوگ سے ۔۔۔۔۔ ہم تمہاری رہی سہی زندگی کی سکت بھی نچوڑنے کے لئے لائےہیں ایک اور بل ۔۔۔۔۔ چیئرمین سینیٹ کے لئے مزید مراعات کا بل ۔۔۔۔۔ اب کر لو جو کرنا ہے ۔۔۔۔۔ اور یہ جو تمہارا نمائندہ ہے ناں سینیٹر مشتاق احمد۔۔۔۔۔۔۔ بڑا غم ہےاسے قوم کا۔ اسمبلی ہال میں بہت بڑھ چڑھ کے بولتا ہے لواس کا مائیک ہی بند کر دیتے ہیں ۔
تو قارئین! آپ اس بل کے بارے میں جانتے ہیں جس کےذریعے چیئرمین سینیٹ کو مراعات دی گئی ہیں؟؟؟ وہ مراعات کیا ہیں؟ہم بتاتے ہیں۔۔۔۔ ہر ماہ ڈھائی لاکھ روپے ہاؤس رینٹ ملا کرے گا ۔چارٹرڈ طیارے کی سہولت عملےسمیت ۔۔۔۔ ریٹائرمنٹ کے بعد چئیرمین سینیٹ کو 12ملازمین دئیے جائیں گے تاحیات۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وہ بھی موصوف کی خدمت کے لئے۔۔۔
چئیرمین سینیٹ کو فیملی سمیت علاج معالجہ کی مفت سہولیات بھی دی گئی ہیں۔۔۔اب آپ حیران وپریشان ہورہے ہیں کہ پہلے ہی ہمارے حکمران بےتحاشا تعیشات زندگی اور بھاری تنخواہ و الاونسز وصول کرتے ہیں ۔۔۔۔۔ ہم عوام بھوکے ننگے، ہمارے بے روزگار بچے۔۔۔ اسمگلرز کے ہاتھوں خوار،علاج معالجہ ، تعلیم ، سیاحت سب سے ہم محروم اور یہ ہیں کہ ان کی توند بھرنے کانام نہیں لیتی۔۔۔۔۔ یہ انسان ہیں یا سخت کھردرے ڈھیٹ قسم کے پتھر۔۔۔۔۔تو اے میری پریشان حال قوم! سن انگریزسرکار نے یہ خطہ چھوڑنے سے پہلے یہاں ایک مکمل نظام تعلیم کاجال بچھایا تھا ۔۔۔۔۔ اکسفورڈ ،کیمبرج ، کرسچن یہ محض چند اصطلاحات تھیں کیا؟؟؟
ارے جانتے نہیں ہوکیا ؟؟ یہ وہ اسکولز و کالجز تھے، جہاں انگریزسرکارکےساتھ وفاداری نبھانے الے"عقلمندوں " کی اولادیں تعلیم پاتی تھیں۔۔۔۔۔۔ آہ۔۔۔۔ آج اکسفورڈ ، کمبرج ، کرسچنز، ایچی سن سے فارغ التحصیل ہیں تو ہم پہ مسلط ہیں ۔احساس نام کی چیز ان کی گھٹی میں نہیں ڈالی گئی۔ ان لوگوں کے اجداد کا بڑی قریب سے مشاہدہ رہا کہ انگریز نے ہندوستانی قوم کو حشرات الارض سے زیادہ کوئی درجہ نہ دیا۔۔۔۔۔۔اجداد نے وہ مشاہدہ ، وہ تربیت ، وہ ذہنی مرعوبیت ، دماغی انحطاط اپنے بچوں میں منتقل کیا ۔۔۔۔۔۔۔ وہ بچے آج ہمارے اوپر حاکم بن کے مسلط ہیں۔
بھلے ان کا تعلق مسلم لیگ سے ہے۔۔۔ بھلے پی پی پی سے ہے،بھلے پی ٹی آئی سے ہے۔ ان کی اٹھان ایک ہی فارمولے کے تحت ہوئی ہے۔پس چہ بائد کرد۔۔۔ لوگو ۔۔۔۔۔میرے پیارے لوگو ۔۔۔اب کی بارووٹ اسے دینا جو۔۔۔۔ ذہنی طور آزاد ہو۔۔۔ جس کارہن سہن تمھارے جیساہو ۔۔۔ جس کی تربیت ایچی سن ،اکسفورڈ ، کمبرج نے نہیں کی بلکہ قرآن نے کی ہو۔۔۔۔ جس کوعدالت نے بھی صادق و امین کالقب دیاہو ۔۔۔عدالت ہی نے جس کے لئے گواہی دے رکھی ہوکہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر اگر پورا اترتا ہے تو بس یہی اک شخص ہے سراج الحق۔۔۔
اے میری پریشان حال قوم! جماعت اسلامی سےسو باراختلاف کرو مگرخدا را یہ سوچ لو کہ اب تمہارے پاس آپشن کوئی نہیں بچاہے۔۔۔۔کہیں ایسا نہ ہو حکمرانی کے تخت پہ جلوہ افروز یہ پتھر تمھارے بچوں کے گلے کاٹنے لگ جائیں کہ عالمی منڈی میں انسانی کھوپڑیوں کی بڑی مانگ ہےاپنے لوگوں کی چمڑی بیچیں گے کچھ تو دمڑی ہاتھ آئےگی ناں۔۔۔ اب ہمیں اپنے حق کے لئے خود ہی بیدار ہوناہوگا ۔
نوٹ : ایڈیٹر کابلاگر کے خیالات ست متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو)


































