
نگہت سلطانہ/ گجرات
تنگ نظری کیاہے؟ ایک حقیقت کوبچشم سردیکھنا اوراس کااعتراف نہ کرنا یااعتراف کرنےمیں کنجوسی برتنا۔۔۔۔۔ کہ اعتراف کی زد اپنےمخصوص نظریے پر
پڑتی ہے۔ تنگ نظری کی ڈیفینیشن(تعریف) پرمزید بھی کچھ کہاجا سکتا ہےلیکن ہم اس وقت چونکہ میڈیا کی تتگ نظری کا تذکرہ کرنےجارہےہیں،اس لیے اس بری خصلت کی اتنی توضیع پرہی اکتفا کریں گے۔۔۔
قارئین! آپ بےخبر نہیں ہوں گے"الخدمت فاونڈیشن" کے نام اورکردارسےکہ سیلاب ہو یاقحط سالی، کوویڈ 19 ہو یاروزمرہ کےعام مسائل الخدمت کے جوان کوآپ ہرجگہ ہرموقع پر سب سے پہلےسب سے ملیں گے۔۔
اس کا اعتراف دنیا نےکیا ہے۔ 22اگست 2023 خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام میں چئیرلفٹ میں معصوم بچوں کو جس کربناک صورتحال کاسامنا کرناپڑااس کا اندازہ لگانا زیادہ مشکل نہیں۔ پاک فوج کے کمانڈوز نے فضائی آپریشن کیا مگر اندھیرا ہوجانے کےسبب آپریشن روکناپڑاجبکہ آدھےسے زیادہ بچے اوران کے دو استاد صاحبان چئیرلفٹ میں امدادی کاروائی کےمنتظر تھے۔۔۔
یہی وہ مرحلہ تھا کہ جب الخدمت کے رضاکارآگےبڑھتےہیں اوراپنی جان جوکھوں میں ڈال کروہ تدبیراختیار کرتےہیں جس پرعمل کرتے ہوئے وہ 2022میں ہزاروں سیلاب زدگان کو ریسکیوکرچکےتھے۔ یعنی چارپائی اوررسی کااستعمال۔
ساری قوم دعاؤں میں مصروف تھی۔ دعائیں رنگ لائیں اور اللہ کا لاکھ لاکھ شکرکہ چئیرلفٹ میں پھنسے سب افراد کوبحفاظت ریسکیو کرلیاگیا۔۔
اس سارے واقعے کی رپورٹنگ کرتے ہوئےہمارے میڈیا کا کیمرہ تومجبورتھااس کی آنکھ کی زد میں الخدمت کے جوان آگئے مگرخود رپورٹرز و نیوزکاسٹرزالخدمت کا نام لینے سےگھبراتے رہے، یہ ان کی مجبوری ہے یا پالیسی بہرحال یہ اندازبالکل غلط ہے۔
بلاشبہ یہ جوان یہ رضاکارصرف اورصرف اللہ کی رضاکی خاطر کام کرتے ہیں ان کی تربیت اسی نہج پہ ہوئی ہے،مگر بھئی کیا وہ ہمارے بھائی بند نہیں؟؟ وہ پوری قوم کےبیٹے نہیں؟؟ وہ ہمارے محسن نہیں؟؟ وہ بجائے اس کے کہ اپنی جوانیاں رات بھر سوشل میڈیا کی خرافات میں اور دن کے اوقات خراٹے بھرنے میں گزار دیتے۔
انہوں نے یہ انتہائی دشوار رستہ اپنایا تو ستائش تو دور کی بات ،کیا میں اورآپ اعتراف بھی نہیں کرسکتے ؟؟ان میں سے زیادہ ترغریب ماؤں کے جگرگوشے ہیں۔ مجبوربہنوں کے بھائی ہیں۔اس وطن کو سب کچھ سمجھنے والیوں کے سہاگ ہیں۔
تو خدا را دل کو ذرا بڑا کیجیے۔دل بڑا ہونا ایک اعلیٰ درجے کی خصلت ہے۔ہم میڈیا سےبھی یہی کہیں گےکہ آپ کی پیشہ ورانہ ذمے داریوں کا تقاضا ہے کہ آپ صداقت پر مبنی رپورٹنگ کر کےاپنی ذمہ داریوں کو پورا کیجیے۔۔۔
بہرحال آج دل خوشی سے نہال ہے کہ الحمدللہ سب افراد بچ گئے،تاہم کچھ فکریں بھی لگی ہیں کہ یہ بچےاوراستاد صاحبان کوتو ہرروز اسکول پہنچنا ہوتاہے۔ اب اس واقعے کی دہشت ان کے ذہنوں سے مٹتے کچھ وقت تولگے گا۔۔۔
۔۔۔ یہ لوگ متبادل راستہ کیونکر اختیار کرپائیں گے یعنی وقت اور کرایہ اتنا کہاں سے لائیں گے۔۔۔۔۔ صوبےبھر کی چئیرلفٹس کا جائزہ لینےکا آرڈر تو جاری ہوگیا ہے ۔۔۔۔ مگر۔۔۔۔ آہ۔۔۔۔۔ ہر شعبے میں ہر محکمے میں اوپر سے نیچے تک کرپشن ۔۔۔۔ اس کا کیا کیجیےکہ ہمیں اندازہ ہے کہ ایسے آرڈرز اور ان کے نتائج کا کیا اور کیسا حال ہوا کرتاہے۔
تو۔۔۔۔۔پھراے پریشان حال قوم! اے ہر دم حادثات کی زد میں رہنےوالےمیرےپیارے ہم وطن!آو آج ایک کام کرتے ہیں کہ پتا کرتے ہیں کہ یہ چارپائی اور رسی کی تدبیر روبہ عمل لانے والے سر پھرے جو ہیں ان کا تانا بانا کس سےجا جڑتا ہے۔ یہ نیلی اور اورنج کلر کی جیکٹوں والےایویں اٹھ کے کہیں سے آگئے ہیں یاان کے پیچھے کوئی مضبوط ومربوط نیٹ ورک ہے۔۔
آؤپتا کرو ،تلاش کرو آخر یہ ٹیڑھی ٹوپی والا مرد کوہستان آخرہے کون کہ جوان کا سرپرست اعلیٰ ہے ،نہ خود چین سے بیٹھتا ہے ۔۔۔۔ ابھی جڑانوالہ کے غمزدہ بچوں کی آہ و بکا سن رہاہے ،ابھی رانی پور میں انسانوں کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر کےبیچ جلوہ گر ہے۔۔۔
ایک پل میں پنجاب میں دکھائی دیتا ہے،اگلی خبر آنے تک بلوچستان میں پایاجائے گا۔چلو جب تک تمہاری جستجومکمل ہو میں اپنی پسندیدہ نظم گنگناتی ہوں (اعتراف کرنے میں کنجوسی نہ کرنا کہ ان ٹھنڈے ائرکشینڈ کمروں میں بیٹھ کر آرڈرز جاری کرنے والےسیاسی لٹیرے ایسی خوشی سے تاحیات ناآشنا ہی رہتے ہیں بے چارے)
راہ وفا میں ہرسوکانٹے دھوپ زیادہ سائے کم
لیکن اس پہ چلنےوالے خوش ہی رہے پچھتائے کم
آہ یہ ظالم تلخ حقیقت جتنے سفینے غرق ہوئے
اکثر اپنی موج میں ڈوبےطوفاں سے ٹکرائے کم


































