ل
نگہت سلطانہ
مولانا مودودی سے میری پہلی ملاقات 1938ء میں ہوئی اور پھر اس کے بعد ملاقاتوں کا یہ سلسلہ جاری رہا۔ حتی کہ پاکستان کا
قیام عمل میں آیا۔ پھر جب تک مولانا زینے پر چڑھنے کے قابل رہے میرے گھر ضرور تشریف لاتے اور بعد میں گھٹنوں کی تکلیف کے باوجود بھی کئی مرتبہ انہوں نے یہ زحمت فرمائی۔ مولانا کے بارے یہ بات درست نہیں ہے کہ وہ کوئی بات یا تجویز مانتے ہی نہ تھے۔ میرا تجربہ اور مشاہدہ یہ ہے کہ وہ ہر اصولی بات فوراً مان لیتے تھے۔ علمی اعتبار سے یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ مولانا مودودی نے اسلام کے فروغ و سربلندی کے لئے جو راستہ صحیح سمجھا اس پر وہ پامردی اور استقامت کے ساتھ کام کرتے رہے۔ غلط فہمیوں کی گنجائش وہاں زیادہ ہوتی ہے جہاں ملنے کا اتفاق کبھی کبھار ہوتا ہو۔ مولانا مودودی سے میرا ملنا بہت زیادہ رہا بعض اوقات نماز عشاء کے بعد بیٹھے اور فجر تک گفتگو کا سلسلہ جاری رہا۔ یہ ملاقات اکثر برامدے میں چارپائی پر ہوتی تھی۔ میرا تاثر یہ ہے کہ مولانا ایک مکمل شخصیت تھے۔ ان کے اوصاف کا نمایاں ترین پہلو تحمل اور تنقید کو برداشت کرنے کا حوصلہ تھا۔ میں نے ان میں سب سے بڑی خوبی یہی پائی۔ مولانا مرحوم سے قبل دنیائے اسلام اور خصوصاً عالم عرب بڑی تشنگی محسوس کرتاتھا۔ عربوں نے اس صدی میں دو شخصیتوں سے بہت کچھ حاصل کیا ہے ایک مولانا مودودی سے اور دوسرے علی میاں سے۔۔۔۔۔،، مولانا مودودی کی ایک اور نمایاں خوبی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا " ان کی زندگی نفاست، سلیقہ، نظم و ضبط اور ترتیب و شائستگی کا بہترین نمونہ تھی۔ میرے ہاں کوئی چیز مرتب نہیں جبکہ مولانا کے ہاں ہر چیز مرتب ہوتی حد یہ ہے کہ ان کے جوتے اور چپل بھی ایک مقررہ جگہ اور رخ کےساتھ رکھے ہوتے۔ میز کی ہر چیز مقررہ جگہ پر جمی ہوتی۔ وہ صرف گھر پر نہیں سفر میں بھی نظم و ترتیب کا یہی اہتمام کرتے۔ غذا بہت سادہ کھاتے لیکن ہر چیز میں نفاست کا خیال رکھتے۔ ان سے میری گفتگو زیادہ تر اختلافی مسائل پر ہوتی لیکن میرے اور ان کے درمیان کبھی ذرہ برابر بدگمانی یا بے اعتمادی پیدا نہیں ہوئی۔ وہ بلا شبہہ بہت اعلی ظرف انسان تھے،،۔
قارئین! درج بالا الفاظ آل انڈیا مسلم لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری اورقائد اعظم محمد علی جناح( رح) اور لیاقت علی خان(رح)کے دستِ راست اور مولانا مودودی رح کے دیرینہ دوست ظفر احمد انصاری کے ہیں جو مولانا مودودی (رح )کی رحلت پر انہوں نے کہے۔ انہوں نے بتایا کہ قیامِ پاکستان سے قبل ہی قائد اعظم کی لائبریری میں تفہیم القرآن کی جلدیں شامل ہو چکی تھیں۔
اب ہم اگر جائزہ لیں ان حالات کا کہ جن کے اندر سید ابوالاعلی مودودی کی اٹھان ہوئی کہ ایک طبقہءِ صوفیاء جب اپنی "کرامات" کو دین کا حصہ بنانے کے فن میں خوب نام پیدا کر رہا تھا۔ ایک طبقہ جب ہندوستان کے اندر سجدے کی اجازت کو دیکھتے ہوئے ہندوستان کو دارالحرب ماننے پر آمادہ نہیں تھا اور پھر اقبال کو بھی کہنا پڑا۔
ملا کو جو ہےہند میں سجدے کی اجازت
ناداں یہ سمجھتا ہے اسلام آزاد ہے
اور جب انگریزوں کے خلاف جہاد بھی حرام قرار دے دیا گیا ۔۔۔۔ایک طبقہءِ علماء ایک علیحدہ اسلامی ریاست کے قیام کو کارِ فضول سمجھ رہا تھا۔ کسی کو چھری کانٹے سے کھانا کھانے اور خواتین کے دوپٹے و برقعے سے نجات پانے میں مسلمان قوم کی " نجات" نظر آ رہی تھی۔ کوئی کانگریس کی زلف گرہ گیر کا اسیر تھا۔ کوئی اسلام کو جائے نماز تک محدود کر کے اصلاح و فلاح اشتراکیت میں دیکھ رہا تھا۔ مقامی و بین الاقوامی سطح پر کوئی یہ جاننے کو تیار نہیں تھا کہ دنیا پر قابض ابلیس کے چیلے روٹی کے ایک لقمے کی خاطر باہم دست و گریباں ہیں اور اپنے ساتھ زمین پر موجود ہر ذی روح کی زندگی داؤ پر لگا دینے کو آمادہ ہیں، تو ان حالات میں انسانیت کو ضرورت تھی آبِ حیات کی، اسلام کے آفاقی پیغام کی ، ایک صالح نظریئے کی ، واضح نصب العین کی علمبردار ایک منظم جماعت کی۔۔۔۔ابوالاعلی نے بھرپور اعتماد اور پختہ یقین کے ساتھ اس طرف توجہ دلائ ان الفاظ میں۔۔۔۔
،، ۔۔۔اگر ایسا ہی ایک نظریہ بروقت سامنے آجائے اور اس کو لے کر ایسی ایک صالح جماعت اٹھ کھڑی ہو تو یقیناً نوعِ انسانی ایک دوسرے دورِ ظُلمت سے بچ سکتی ہے، ورنہ کوئی قوت اس کو اِس تاریک گڑھے میں گرنے سے نہیں بچا سکتی۔ یہ صدمۂِ عظیم جس سے انسانیت اس وقت دوچار ہے، یہ بھیڑیوں سے بدتر سلوک جو اس وقت آدمی آدمی کے ساتھ کر رہا ہے، یہ بے دردی و سنگدلی جو کبھی دورِ وحشت میں بھی آدمی سے ظاہر نہیں ہوتی تھی، یہ بے رحمی و قساوت جس کی نظیر درندہ جانور بھی پیش کرنے سے عاجز ہیں، یہ علم و حکمت کے نتائج جو آج جہاں سوز طیاروں اور انسان پاش ٹینکوں کی شکل میں دیکھے جا رہے ہیں، یہ تنظیمی قابلیتوں کے ثمرات جنہوں نے آج غارت گر فوجوں کی صورت اختیار کی ہے، یہ صنعتی ترقی کے پھل جو آج آلاتِ جنگ کی بھیانک شکل میں نمودار ہو رہے ہیں۔ یہ وسائل و نشر واشاعت کا کمال جس سے آج دنیا میں جھوٹ پھیلانے اور قوموں میں منافرت پھیلانے کا کام لیا جا رہا ہے، یہ سب کچھ انسان کادل توڑ دینے اور اس کو اپنے آپ سے اور اپنی ساری قابلیتوں اور صلاحیتوں سے مایوس کر دینے کےلئے بالکل کافی ہے، اور اس کا فطری نتیجہ یہی ہو سکتا ہے کہ نوعِ انسانی دل شکستہ اور مایوس ہو کر صدیوں کے لئے نیند اور بے ہوشی کی حالت میں مبتلا ہو جائے۔(تحریک آزادئ ہند اور مسلمان)
۔۔۔
قارئین! سید مودودی (رح) کی یہ آواز صدابصحرا ثابت ہوئی تو آپ نے خود ایک اعلی نصب العین رکھنے والی اور منظم جماعت کی بنیاد رکھی۔ دوسری طرف فکر مودودی مانند نکہت ملکوں ملکوں پھیل گئی ۔ ہندوستان ہی میں نہیں وسط ایشیا، افریقہ ، یورپ ہر جا اس فکر نے منظم دعوت کی شکل اختیار کی۔
اپنے دیس میں سید کو اور ان کے رفقاء کو پابند سلاسل کیا گیا ، پابندیاں لگای گئیں، طعن وتشنیع سب وشتم کانشانہ بنایا گیا سزائے موت تک سنا ڈالی۔۔۔
مگر۔۔۔۔۔ یہ دعوت کاسفر ہے کہ نہ اس وقت رکا اورآج بھی صحرا صحراگلشن گلشن جاری و ساری ہے۔ کہیں یہ دعوت ابطال باطل کا کام کرتی ہےتو نوجوانوں کی ایک کھیپ ہے کہ تفھیم القرآن کے مطالعے سےزندگی کا نغمہ ء مستانہ چرا کے عمل کی زباں پہ سجاتے ہیں۔ کہیں یہ دعوت مسیحائ کا روپ دھارتی ہے تو الخدمت فاونڈیشن کے بے شمار ہسپتالوں اور ڈسپنسریز سے شفایاب ہوتے مفلس افراد کی دعائیں سمیٹتی ہے،سرکش موجوں میں ڈوبتی انسانیت کو پیام زندگی دیتی ہے۔ یہ دعوت جب جذبے کو جنوں کرتی ہے تو بھارت سرکار کی پٹھو حسینہ واجد بدحواس ہوجاتی ہے اپنی عقل کھو دیتی ہے اور پھر ملا عبدالقادراور پروفیسرغلام اعظم جیسے بیسیوں دیوانے نغمہ ء عشق حقیقی کی لے الاپتے سر مقتل جھوم جھوم جاتے ہیں ۔یہ دعوت عزم وہمت کے ہمالہ کے قالب میں ڈھلتی ہے تو سراج الحق اور ہدایت الرحمان بلوچ اور حافظ نعیم الرحمان کی شبہیہ اختیار کر لیتی ہے۔۔۔ فکر مودودی (رح) نے کیمونزم کو شکست دی ،لبرلزم کا کچا چٹھا کھول کے دنیا والوں کے سامنے رکھ دیا۔۔۔
سیدی
مرشدی
آپ کی روحانی بیٹی حیرت و تعجب کے سمندر میں غوطہ زن ہے کہ آپ کی قوم نے آپ کو سمجھنے میں بہت غلطی کی۔۔۔۔بہت بڑی غلطی۔۔۔۔تو نتائج آج ہر کوئ بچشم سر دیکھ رہاہے۔ بتاؤدنیا والو وہ سارے خدشات درست ثابت نہیں ہورہے کیا ؟ کہ جن کی طرف سید توجہ دلاتے رہے۔۔۔۔
قارئین! 22ستمبر سید مودودی (رح) کا یوم وفات اور 25ستمبر یوم پیدائش ہے۔۔۔ایک لطیف نکتہ نہیں نکلتا کیا؟ کہ واقعئ سید مرنے کے بعد بھی زندہ ہیں۔۔۔
سیدی
مرشدی
میرا قلم آپ کی شخصیت کااحاطہ کرنے سے عاجز ہے۔ نعیم صدیقی شاعر حق نوا کے کچھ اشعار جو آپ کی وفات پر انہوں نے کہے انھی پر بات ختم کرتی ہوں۔۔
اب کہکشاں تا کہکشاں اس شاہ بلوط کاگھیراہے
اس داعئ دین رحمت کا آفاق تلک پھیلآؤ ہے
ہر بے آلائش سینے میں اس مرد خدا کاڈیرا ہے
جو لوگ سپاہی حق کے نہیں ، رہتا ہے وہ ان کے ساتھ رواں
ہرشخص کہے یہ میرا ہے
گو چاروں سمت اندھیراہے
سورج کی آنکھیں اندھی ہیں
تاروں نے چہرے ڈھانپ لئیے
وہ شاہ بلوط انسانی جو ظاہر میں ٹوٹ گرا
وہ سورج بن کر ابھرے گا
مانو وہ کل کا سویرا ہے


































