
نگہت سلطانہ
حکیم الامت علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کوجس طرح منایا جاتا ہے، ہمیشہ میرے لئےتکلیف دہ رہا ہے۔ اب کےمیں نے سوچا چلو اس حوالے سے
کچھ نوجوانوں کی نگارشات دیکھتی ہوں کہ کچھ حیاتِ اقبال یا پیغامِ اقبال کی جھلک نظر آجائے، لیکن میرے دکھ میں اضافہ ہو گیا،زیادہ تر افراد نے نونومبر سے بات شروع کر کے اور پھر خودی اور شاہین اور عشق وغیرہ تین چار الفاظ کی تکرار کے ساتھ ایسے فقرے گھسیڑ دئیے جیسے پانچویں کلاس کا طالب علم نمبر لینے کے لئےاردو کے پیپر میں اقبال پر سوالات کے جواب لکھتا ہے۔
افسوس آج کا نوجوان پیغامِ اقبال کو سمجھنے سے قاصر ہے وہ بیچارہ لارڈ میکالے کے نظامِ تعلیم کا حصہ ہے اور اس نظامِ تعلیم کا تو مقصد ہی تھا کہ ہر سال ذہنی غلاموں کی ایک کھیپ کالجوں،یونیورسٹیوں سےنکلے اورسرمایہ دارانہ نظام کی ،نوکری، کے قابل ہوجائے ایسے میں کہاں کی خودی، کون سا شاہین،کدھر کی تہذیب۔۔۔۔۔۔۔
تہذیب سے یاد آیا نوجوانو! خود اقبال نے اس مادہ پرست تہذیب کے سمندر میں غوطہ زنی کی ۔۔۔۔۔ ہاں مگر مرعوب ذہنیت کے ساتھ نہیں آزاد طبع کےساتھ ۔۔۔۔ آزاد طبع سے ہماری مراد آوارہ مزاجی نہیں۔۔۔ بلکہ وہ مزاج جو پھول اور کانٹے میں فرق پہچان سکے۔
معلوم ہے نا بیرسٹری کی تعلیم انگلستان میں حاصل کی تھی اقبال نے ۔
پھر جوں جوں وہ اس مغربی تہذیب کو قریب سے دیکھتے گئے، اس کی اصلیت، اس کے کھوکھلے پن اور قند کی صورت اس کے زہر ہلاہل کی جوہری ترکیب کو بھانپتے چلے گئے۔
تمہاری تہذیب اپنے خنجر سے آپ ہی خودکشی کرے گی
جو شاخِ نازک پہ آشیانہ بنے گا نا پائیدار ہوگا
ہاں مگر ۔۔۔۔۔ افسوس خود اقبال جس نوجوان سے امید لگائے بیٹھے تھے،جس کی تربیت کی خاطر کبھی طارق بن زیاد کے ہمراہ اندلس کے میدان میں جا کھڑے ہوئے، کبھی خدائے ذوالجلال سے شکوہ کر بیٹھے، کبھی ابلیس کی پارٹی کے سارے ایجنڈے کھول کر رکھ دئے۔ افسوس وہی تن آسان اس شاخِ نازک کا سہارا بن گیا۔
تیرے صوفے ہیں فرنگی، تیرے قالین ایرانی
لہو مجھ کو رلاتی ہے، نوجوانوں کی تن آسانی
نہ ڈھونڈ اس چیز کو تہذیب حاضر کی تجلی میں
کہ پایا میں نے استفنا میں معراج مسلمانی۔۔۔
آج لوگ کسی مغربی ملک میں دو چار ماہ گزار لیتے ہیں تو اپنی زبان اردو سے نظریں چرانے لگتے ہیں۔ خود میں کئی ایسے افراد کو جانتی ہوں جو انگلینڈ، امریکہ، کینیڈا میں مقیم ہیں اور ان کے بچوں کی زبان مکمل طور پر انگریزی ہے ۔۔۔۔ نہ صرف زبان بلکہ دل و دماغ بھی۔۔۔۔
امت کے جوانو! اقبال نے مغربی تعلیم حاصل کی، ادب، معاشیات، فلسفہ سیاست ۔۔۔ اس تعلیم میں بھی وہ مبتدی نہیں تھے بلکہ " امامت" کے درجے پر فائز تھے۔ موجودہ دور میں ان کے پائے کا امامِ فلسفہ دور دور تک کوئی نظر نہیں آتا۔۔۔۔۔۔ جانتے ہو مگر وہ شریعتِ اسلامی، اسلامی تہذیب، روح و معانی قرآن بارے کسی احساسِ کمتری کا شکار نہیں ہوئے بلکہ جوں جوں تعلیمی مدارج بڑھتے گئے وہ قرآن میں ڈوبتے گئے۔ حتیٰ کہ ایک وقت ایسا آیا کہ اس ایم اے پی ایچ ڈی بارایٹ لاء نےتمام کتابوں کو الگ کر دیا اور سوائے قرآن کے وہ کوئی کتاب اپنے سامنے نہ رکھتے تھے۔ سالہا سال علوم و فنون کے سمندر میں غرق رہنے والے اقبال نے یہ راز پا لیا کہ اصل علم قرآن ہے۔
۔۔۔یہ راز کسی کو نہیں معلوم کہ مومن
قاری نظر آتا ہے حقیقت میں ہے قرآن۔۔۔
ایک مرتبہ کسی نے ان کے پاس فلسفہ کے چند سوالات بھیجے اور ان کاجواب مانگا۔اب اقبال کے قریب رہنے والے افرادتوقع کر رہے تھے کہ اقبال فلسفہ کی کتب پہ مشتمل الماریاں کھولیں گے کتب کھنگالیں گے اور پھر جواب لکھیں گے۔۔۔ مگر وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ اقبال نے کسی الماری کو ہاتھ تک نہ لگایا بلکہ صرف قرآن ہاتھ میں لیااور جواب لکھنے بیٹھ گئے۔۔۔
یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی
اقبال کے مخاطب نوجوان نے گزشتہ دو تین صدیوں سے نہ صرف کروڑوں بے گناہ انسانوں کو استعماری طاقتوں کی خوں آشام آرزووں کی بھینٹ چڑھتے دیکھاہے بلکہ بین الاقوامی و قومی ہر سطح پہ عدل و مساوات کا خون ہوتا دیکھاہے۔ بھوک ، افلاس ، جہالت کے عذابوں نے اس کا کڑا امتحان لیا ہے۔ مایوسی کے کالے سائے بھی پھیلائے گئے۔ اس سب کے باوجود ۔۔۔۔۔۔ مزاحمت ، نصب العین ، استقامت ،پامردی،خود داری ،غیرت ملی کا استعارہ یہ نوجوان بہرحال میدان سے بھاگا نہیں ہے۔پھربھلےوہ ڈاکٹر عبد القدیر (رح) ہو یا ڈاکٹر عافیہ صدیقی۔۔۔اور۔۔۔۔۔اور یا پھر بحیرہ روم کے شمال جنوب میں القدس کی حفاظت کاعزم لئیے ح۔م۔ا۔س کے نوجوانوں کی اپنے سے کئ گنا بڑی طاقت کے آگے ڈٹے رہنے کی داستانیں ہوں۔ مارٹر گولے اسرائیل کے آہنی ٹنکوں کو تباہ کررہے ہوں۔عالم کفر کے جدید ترین انٹلی جنس نظام میں دراڑیں پڑتی نظر آ رہی ہوں۔۔۔۔۔
یہ سب اقبال(رح) کے تصور خودی کی عملی تعبیریں ہیں۔۔۔
۔۔غفاری و قھاری و قدوسی و جبروت
یہ چار عناصر ہوں تو بنتا ہے مسلماں۔۔۔
ہے کوئی اقبال کا مداح؟؟؟
سنو
حکیم الامت کے اشعار کو گویوں اورسازندوں کے حوالے مت کروخدارا بلکہ کم ازکم پاکستان کو شاعرمشرق کے خواب کی حقیقی تعبیر دے دو ۔
اس کی شاعری کو گورکھ دھندا نہیں بنا چھوڑو۔۔
اس کی شاعری کوکالج یونیورسٹی نصاب کا حصہ بناؤ ۔۔۔
اور یہ سب تبھی ممکن ہوگا جب ہم ملک خداداد کو حقیقی اسلامی مملکت بنانے کی جدوجہد کا حصہ بن جائیں گے کیونکہ
جلال پادشاہی ہو کہ جمہوری تماشاہو
جدا ہو دیں سیاست سےتورہ جاتی ہے چنگیزی


































