
نگہت سلطانہ
ساتویں صدی عیسوی کادوسرا عشرہ اورنجاشی کادربار اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کےساتھیوں کی تشریف آوری اورنجاشی کا انسانیت کی
اعلیٰ مثال پیش کرنا ،آج مجھے بڑایاد آیا یہ سارا قصہ۔۔
جعفر بن طیار اوران کے ساتھی ہر غلامی کولات مار کےخالق انس وجاں کی غلامی کا طوق پہنے ۔۔۔۔۔ بہترین کردار۔۔۔۔اخلاق ،تہذیب، قوت استدلال،علم وحکمت سے آراستہ گفتگو، میں کس کس ادا کا تذکرہ کروں خاک پہ چمکتے ان ستاروں کا کہ نجاشی نے زمین سے ایک تنکا اٹھایا اور کہا تھا،، تم جو کچھ کہ رہے ہو اس میں اس تنکے برابر غلط بیانی نہیں ہے،،۔
ہاں آج مجھے وہ بہت یاد آیا وہ قصہ۔۔۔ کیونکہ آج نجاشی کے ملک نے عالمی دہشت گرد اسرائیل کو عالمی عدالتِ انصاف میں لاکھڑا کیا ہے۔۔۔۔تف ہے تم پراے چھپن اسلامی ممالک کے سربراہان! شرم نام کی چیزرمق برابر بھی ہوتی تو چُلّو بھر پانی میں ڈوب مرو کہ تم تو اسرائیل کی کھل کے مذمت تک نہ کر پائے۔
کوئی کیسےمانے کہ تم اخلاق، تہذیب، علم وحکمت سے مزین کردارکے مالک ہو۔۔۔۔
ہونہہ۔۔۔تمہاری قیمتی قبائیں، یہ محلات ، یہ عیاشیاں، یہ ٹوپیاں، یہ ٹائیاں تمہارے بنک بلنس تمھیں بچا نہ پائیں گےدائمی عذاب سے۔۔۔تمہاری خوئے غلامی اب ضرب المثل بننے لگی ہے۔۔۔
قارئین! ایک طرف یہ بزدل گیدڑ ہیں اتنےبڑے رقبے پہ براجمان ،بڑھتے ہوئے طوفانوں سے بے خبرغلام ابن غلام اپنی عیاشیوں میں مست ۔۔۔ دوسری طرف 560 مربع کلومیٹر رقبے والا غزہ محصور ہے۔ اسرائیلی درندے مسلسل بمباری جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ غزہ کی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق 23،357 فلسطینی شہری شہید ہوچکے ہیں جن میں سے دس ہزار سے زائد بچے ہیں۔ایک جائزے کے مطابق ہر دس منٹ میں ایک بچہ شہید ہوا ہے۔85 فیصد شہری اپنے گھر سے بے گھر ہو چکے ہیں ان پر بھی اسرائیلی بمباری جاری ہے۔۔اسرائیل نہتے شہریوں پر تیس ہزار سے زائد بم گرا چکا ہے۔دوسری جنگ عظیم کے بعد کسی ایک آبادی پر گرنے والے بموں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔۔
یہ تو ہم جانتے ہی ہیں کہ بچوں کے علاوہ صحافی ،ہسپتال،سکول سب کچھ تباہ کیا جا رہاہے۔۔۔ان ممالک اور تنظیموں نے عالمی عدالتِ انصاف میں جنوبی افریقہ کے مقدمے کی بیان کی حد تک ہی سہی ، حمایت کی ہے۔۔۔
او آئی سی
عرب لیگ
ملائیشیا
ترکیہ
بولیویا
مالدیپ
پاکستان
نمیبیا
اردن نے قانونی طور پہ بھی مقدمے میں شامل ہونے کااعلان کیاہے۔
قارئین! اس وقت دنیا بھر کی نظریں لگی ہیں اس مقدمے پر۔۔۔۔
سوچیں نا ذرا !! مسلمان امت کی غفلت اور مسلم حکمرانوں کی خاص طورپہ گزشتہ پچاس ستر سال کے دوران بے حمیتی نے یہ دن دکھایا ہے کہ ہمارا قبلہ اول کہ جہاں محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم کی امامت میں سارے انبیاء نے نماز اداکی۔۔۔ گویا ساری اقوام ،سارے ادوار کے لیے امن وخیر کے پیغام کے امر ہونے کا مقام قبلہ اول۔۔
اور۔۔۔۔ قبة الصخرہ۔۔۔۔ آہ دل خون کے آنسو روتا ہے۔۔۔۔ کہ قبة الصخرہ پہ محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے سواری حاضر کی گئی تھی۔۔۔ آج وہ قبلہ اول اور اسی قبة الصخرہ کے سائے میں ظلم وجبر کا ننگا رقص جاری ہے۔۔۔
ایسے میں جہاں اس مقدمے کا مبنی بر انصاف فیصلہ آنا ضروری ہے۔۔۔۔ وہاں۔۔۔۔
ہم آپ بری الذمہ نہیں ہیں، ہرگز نہیں ہیں۔۔۔ہمیں قدرت ایک موقع دے رہی ہے 8 فروری 2024ء۔۔۔۔آئیے۔۔۔ہم اپنے لیے وہ حکمران منتخب کر لیں کہ جو خود اور اس کی جماعت
نہ صرف اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے مطابق اس منصب کی اہل ہو بلکہ وہ چوبیس کروڑ پاکستانیوں کے ساتھ پوری امت سے وعدہ کرے کہ وہ قبلہء اول کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔۔
ذرا گہرائی میں جا کرسوچیےگا قبلہ اول اور قبة الصخرہ تو زخمی ہیں ہی تئیس ہزارشہدا کا خون جس سر زمین پہ گراہےوہ انبیاء کی سرزمین ہے۔۔۔خاکم بدہن آئی سی جے کا فیصلہ مبنی بر انصاف نہ آیا تو۔۔۔۔تو۔۔۔۔ مجھے تو یہ ساری دھرتی سرخ ہوتی دکھائ دیتی ہے۔۔۔


































