
نگہت سلطانہ
آٹھ فروری 2024ء گزر گیا مگر اپنے پیچھے کئی سوالات چھوڑ گیا مثلاً
۔۔۔۔ کیا یہ الیکشن شفاف تھے؟
ایمانداری، بے داغ کرداراورخدمتِ خلق کا استعارہ جماعت اسلامی، کہ جس کے جلسوں کا حجم کسی طرح بھی دوسری پارٹیوں سےکم نہیں تھا ، مرکز میں کوئی سیٹ نہ حاصل کرپائی صوبائی اسمبلیوں میں بھی قابل ذکر نمائندگی نہیں۔۔۔۔۔۔ کیوں ؟؟؟
کیا یہ الیکشن بھی باقی تمام انتخابات کی طرح محض چہرے بدلنےکے لئے تھے یا نظام بدلنے کی بھی کسی نے بات کی؟؟
سپریم کورٹ سے"صادق و امین" کی سند لینےوالا، انسانوں کے ٹھاٹھیں مارتے سمندرسے خطاب کرنے والا، ان کے اندر شعور بیدارکرنے والا اور سرویز کےمطابق پاکستان میں مقبول لیڈرز میں تیسرے نمبر پر آنے والا سراج الحق اپنےحلقے سے ہارگیا اور ملک بشیرخان(پی ٹی آئی) جس کا نام تک ہم نہیں جانتےجیت گیا۔ کیسے؟؟؟ ۔
کراچی سونے کی چڑیا پاکستان کےلئےریڑھ کی ہڈی، وہاں جماعتِ اسلامی کے کردار، خدمت اورحافظ نعیم الرحمن کی مقبولیت سے کوئی عقل کا اندھا انکاری ہےتو ہم اس بے چارے کے لئے دعا توبعد میں کریں گے پہلے یہ سوال اٹھائیں گےکہ حافظ نعیم الرحمن پر جان چھڑکنے والے کروڑوں باشندوں کےووٹ کدھر گئے؟؟
قارئین! سوالات تو اور بھی ہیں مگرہم آپ کو ذہنی تھکن نہیں دینا چاہتے۔۔۔۔ لیول پلئینگ فیلڈ کی عطا وبخشش جیسے ہوئی کیسے ہوئی۔۔۔۔۔ اور ۔۔۔۔ اور اسٹیبلشمنٹ نےجیسے اب کی بار علی الاعلان انتخابات کا پوراکھیل اپنے ہاتھ میں رکھااور انتہائی متنازع رزلٹ قوم پہ مسلط کیا جارہاہے۔ ہم کس سے جا کر پوچھیں کہ آراوز کےدفاتر میں خلائی مخلوق کےلوگ ساری رات بیٹھ کےکیا کرتے رہے؟؟
اس سارے کھیل میں ایک ادارہ جسےہم " بےچارہ و بےبس" کہنے پہ مجبور ہوئے وہ ہےالیکشن کمیشن۔ہم اس ادارے کےاندر بیٹھے ذمہ داران سے یہی عرض کریں گے کہ "جس عہدے پرآپ کاحق پرقائم رہنا مشکل بنا دیا جائے اس عہدے کو لات مار دینی چاہیے۔
اسٹیبلشمنٹ کی خدمت میں عرض کرنا ہے کہ سوشل میڈیا پرعوام کا ردعمل دیکھئے،حقیقت یہ ہے کہ لوگ بہت مایوس ہوئے ہیں۔جب اتنےبڑے پیمانے پر نا انصافی، دھونس، دھاندلی ہو تو یہی کچھ ہوگا نا ہم اپنی جگہ شرم کے مارے پانی پانی ہوتے ہیں جب سوشل میڈیا کلپس دیکھتے ہیں۔
کمیشن کس کس کی بےحسی پرروئیں ہم۔۔۔۔۔۔۔۔
نوجوانوں کا بڑی تعداد میں ملک چھوڑکر چلےجانا،غریبوں کا خودکشیاں کرنا، بجلی کے بلوں کا بم بن کر مزدور طبقے پر گرنا،مہنگائی کے جن کا ڈیل ڈول بڑھتےجانا، ٹرانس جینڈر جیسی لعنت کا پاکستانی معاشرے میں نفوذ اور تینوں بڑی پارٹیوں کا اس کی مکمل حمایت کرنا، ہم یہ زخم خاموشی سے سہ رہے تھے ایک امید کی شمع روشن تھی کہ اب کے عوام چہرے نہیں نظام بدلنے پہ آمادہ نظر آرہےتھے مگرانتخابات کے ہینڈلرز نے بتا دیا کہ عوام بھیڑ بکری ہیں اور بس۔۔۔۔۔
اپناسوہنا کراچی جوپیارے وطن کی ریڑھ کی ہڈی ہے، کے لیے جھولیاں بھر بھر کےدعا کی تھیں۔ کیا خبر تھی اسے سفاک اور بھتہ خورایم کیو ایم کے حوالے کرنے کی تیاری کی جا چکی تھی۔ حامد میر کی ٹویٹ کا حرف حرف مبنی برصداقت ہے۔
،، کراچی سونے کی چڑیا ہےیہاں بندر گاہ ہے، پانی کو پٹرول کی طرح بیچنے والا ٹینکرمافیا ہے،بھتوں کے نیٹ ورکس ہیں،منشیات کے کاروبار ہیں، کروڑوں روپے رشوت کھانےوالا کےالیکٹرک ہے،سرکاری زمینیں ،املاک اور پلاٹ ہیں سب مل بانٹ کر کھا رہے ہیں ، کراچی کوحافظ نعیم کےحوالے کیسے کریں سب ختم ہوجائے گا،،۔
قارئین! ہم اپنے کمرے میں یہ تحریر لکھنے میں محو تھے کہ فروری کی روشن سہ پہرکی ہوا کےایک معصوم جھونکے نے کھڑکی کا پردہ سرکادیا قلم رکھ دیا توجہ ساری باہر کے منظر پہ مرکوز ہوگئی ۔ بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے موضوع گفتگو یہی انتخابات تھے۔ ایک صاحب بولے ،،کس قدر ظالم ہیں انتخابات کا کھیل تیارکرنے والے کہ قومی اسمبلی میں ایک نشست بھی جماعت اسلامی کی گوارا نہیں ہوئی۔ نہ رہے بانس نہ بجے بنسری۔ اب قومی اسمبلی میں کوئی نہیں ہوگا جوغلط پالیسز پہ مدلل بات کرے ۔۔۔۔ سود کی لعنت کو ختم کرنے کی بات کرے۔۔۔ ٹرانس جینڈر کے شیطانی کھیل کے تارو پود ادھیڑے ۔۔۔ فلسطین اور کشمیر پہ پاکستان کی درست پالیسی کی نشاندہی کرے۔۔۔۔
ایک اورصاحب بولے مربوط منصوبہ بندی اور گڈ گورنس سےمحروم ممالک زمینی وسماوی آفات کی زد میں رہتے ہیں ۔سیلاب، زلزلہ، وبا، قحط سالی وغیرہ کی صورت میں کیا مسلم لیگ اور پی پی پی اور پی ٹی آئی ہمارے کام آئے گی؟؟؟؟
سب بآواز بلند بولے،انھیں پہلے کب ہماری فکر ہے ؟؟۔۔۔۔۔،،
ایک نوجوان اٹھا اورجوشیلے انداز میں بولا ،، صاحبو! الخدمت فاونڈیشن اور آغوش کے ادارے بیدارہیں ہمہ دم۔۔۔ اور بنو قابل پروگرام بھی جاری رہے گا۔ جماعت اسلامی کے مینڈیٹ پہ یہ لوگ ڈاکہ ڈال سکتے ہیں مگر خدمت کا جذبہ کوئ طاقت چوری نہیں کر سکتی ہے ۔۔ آو ہم اس کھلی دھاندلی پہ آواز اٹھائیں آو اس خوفناک ڈاکہ زنی کی سازش کے ایک ایک کردار کو بے نقاب کریں شہر شہرگاؤں گاؤں پورے ملک میں ہم احتجاج کریں گے۔۔۔ ساتھ ساتھ دعوت ، تربیت ، خدمت ؛ کفالت اور تعلیم و تدریس کے سلسلے پھر سے جاری و ساری کریں گے۔۔لوگ ہاتھ ہلا ہلا کر اس کی تائید کرنے لگے۔۔۔
ایک اور نوجوان اٹھا اوربولا ،،ساتھیو! آو اس گھسے پٹے نظام کے سبھی سہولت کاروں کو آج بتا دیں ہم کہ
جسے تم ووٹ کہتے ہو نظام زر کی بستی میں
یہ رسم تاج پوشی ہے وڈیروں اور لٹیروں کی
راقم نے پردہ برابرکردیا اورمختارکل رب رحمان کےحضور دعا کے لیے ہاتھ اٹھا دیے،،الہی ! ہم لاکھ کمزورسہی پر تجھے تیرے کرم کا واسطہ ان جذبوں کی لاج رکھ لے ظلم و ناانصافی کے اس نظام سے اب ہمیں چھٹکارا دلا دے۔
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگرکے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں (ادارہ رنگ نو )


































