ْ
نگہت سلطانہ
آنکھ کھلتے ہی اس نے پکارا "کہاں ہو ؟"
"تمہارے پاس ہوں'' آنکھیں ملتے ہوئے وہ بولی
وہ خوشی سےپھولےنہ سمایا۔خوش کیوں نہ ہوتا دشتِ تنہائی میں اس کی آواز کے ترنم نے اس کی سماعت کو زندگی کےسازسےآشنا کردیا تھا۔
'سنو ۔۔۔'
''ہوں۔۔۔۔''
''مجھے چھوڑ کے کہیں چلے تو نہیں جاؤ گے نا؟"
''بھئی جیسے اس پرانی رہائش گاہ،اس شاندار محل میں ساتھ نبھایا، اسی طرح یہاں بھی نبھاؤں گا اور پھر تمہارے بن میں ہوں بھی تو نامکمل۔۔۔۔مگریہ تم کہاں چل دیں؟"
وہ اس کے پیچھے پیچھے چلا، کیا دیکھتا ہے کہ وہ زمین سے کچھ اکھیڑنےکی کوشش کررہی ہے۔''ارے رے رے۔۔۔یہ کیا کررہی ہو؟"
''بھوک لگی ہے''
''میں ہوں نا میری جان! چھوڑو یہ کام میں کروں گا۔دیکھو تونازک سے ہاتھ زخمی ہوگئے ہیں۔''
''یہ گندم ہے نا، میں اس کی روٹی بناؤں گی۔''
''ہاں ٹھیک ہےمگر اس کی کاشت، اس کی کٹائی وغیرہ سب کام میں کروں گا۔ دیکھو میرے ہاتھ بھی کتنے مضبوط ہیں نا۔''
اس نازبرداری پہ اس کا رواں رواں جھوم اٹھا جیسے گنگنارہاہو۔۔
''پھول ہیں،رنگ ہیں،لمحوں کی صباحت ہم ہیں۔۔۔۔
تھوڑی دیربعد نیامطالبہ پیش کردیا،،پیاس محسوس ہورہی ہے۔''
''میں پانی کی تلاش میں جاتا ہوں۔''
''میں اکیلی۔۔۔۔ڈرلگے گا وہ دورجنگل سے بھیڑیوں کی آوازیں بھی آرہی ہیں مجھے، میں تمہارے ساتھ ہی چلتی ہوں۔''
''میں زیادہ دور نہیں جاؤں گا۔ تم یوں کرو یہ جوحصار میں نے کھینچ دیا ہے،اس سے باہر نہ آنا اوریہ ۔۔۔ یہ لو۔۔یہ لپیٹ لوخود کوچھپا لواس سےاور ۔۔۔
'' یہ کیا ہے؟"
'' یہ حجاب ہے ۔''
اور پھر جب وہ واپس آیا تو تھکن سےچور تھا۔مگر جونہی اس پر نظر پڑی، ساری تھکن دورہوگئی۔ اس نے پلکوں کی جھالرجو اٹھائی تواس کی آنکھوں کی جھیل میں ڈوب جانے کوجی چاہا۔
''بیٹھونا۔۔۔۔۔ارے تمہارا بدن توتپ رہاہے۔'' وہ اس کے لیے فکرمند ہورہی تھی۔
''ہاں،تمہارے سراپے سے دور وہاں باہردھوپ بڑی کڑی ہے۔''
وہ اس کے اور قریب ہوگیا۔
''جب بھی میرے قریب ہوتےہو، ایک خوبصورت سااحساس بدن میں جھرجھری لیتاہے۔ جانےاس احساس کا نام کیا ہے۔۔۔''
وہ اس سوال پرغور کرہی رہےتھے کہ اوپر آسمان سےایک آواز آئی۔۔
''سنو !ادھر دیکھو۔ اپنے دائیں طرف نوشتہ پڑھو۔''
وہ دونوں بغور پڑھنےلگے۔
''۔۔۔۔۔ یہ جس انداز سے زندگی کا آغاز تم دونوں نے کیا ہے یہی عین فطرت ہے۔سنو تم میں سے ایک مرد ذات ہےاورایک عورت۔اے مرد تم خاوند ہواور یہ عورت تمہاری شریک حیات ۔۔ فطرت پہ جب تک رہوگےخوش رہوگے۔ فتنوں سے محفوظ رہو گےاور ہاں اے عورت ذات! ابھی تم نے جو محسوس کیااس خوبصورت احساس کا نام ہے''حیا'' ،۔ سنو! اس احساس کومرنےنہ دینا ورنہ بے وقعت ہوکےرہ جاؤ گی۔ تم دونوں آگاہ رہو جس بدبخت نےتمپیں تمہارے اس عالی شان محل سےنکلوایا تھا وہ تمہارا ازلی دشمن اپنے لاؤ لشکر سمیت تمہاری اس دنیا میں قدم رکھ چکا ہے۔
وہ تم دونوں کو اپنے اپنے مقام سے دور کرنےکی کوشش کرے گا۔ وہ حیا کےاحساس کو زندہ درگورکرنےکےدرپےہوگا۔اس مقصد کے لئے بڑے دلکش نعرے تمہیں سکھانے کی کوشش کرے گا۔ یاد رکھو اس کی پہلی ندا پرلبیک کہہ دیا تو گویا فتنوں کی دلدل میں قدم رکھ دو گے۔اس لئے اس سے بچ کے رہنا۔۔۔۔''
وقت گزرتا گیا۔۔۔یہ دو وجود دونہ رہے،آبادی میں اضافہ ہوتا گیا۔۔ بیٹا،بیٹی ،بہن ،بھائی کا رشتہ وجود میں آیا۔ نند بھاوج، دیور جیٹھ سبھی رشتے تخلیق ہوتے گئے۔ خاندان بنتے گئے سادگی قناعت اور جانفشانی کے ساتھ جب تک شرم و حیا کا چلن معاشرے میں رہا،زندگی پرسکون رہی، دن عید اور رات شبِ برات رہی مگر وہ ازلی دشمن کب چین سے بیٹھنے والا تھا۔ وہ پاکیزہ اور سچی محبت کرنے والے دو دلوں کا دشمن خوب منصوبہ بندی کےساتھ میدان میں آیا۔
اس نےابن آدم کے قلب کو جنسی بےراہ روی اورہوس پرستی کے جذبات سےبھردیا۔ بنت حوا کے چہرے سےحجاب کھینچ اتارا، حیا باختگی اوربد چلنی کےگھنگرو اس کے پاؤں میں پہنا دیےاوراسے بیچ بازارناچنے کاحکم دیا۔ مردوں کا ہجوم بڑھتا گیا وہ ناچتی رہی۔ ازلی دشمن کے ایک چیلے نےآگے بڑھ کر بنت حواکے تن پر جولباس نام کی چیز رہ گئی تھی وہ بھی تار تار کردی۔
قہقہے بلند سے بلند ہوتے گئے،بڑے سرمایہ دار کی تجوری بھرتی گئی توند بڑھتی گئی۔ نسلوں کی امین ، گھر کی ملکہ ، نزاکت وحسن کااستعارہ ، باباآدم کی شہزادی ۔۔۔۔۔۔عورت ذات کو بازار کی رونق بناچکنے کے بعد، اس کے تن ڈھانپنے کےفطری حق کومتنازع بنادینے کے بعد ازلی دشمن کے گماشتوں نے توجہ کی اس مستحکم حصار کی طرف جو باباآدم نے اس کے لیےکھینچا تھا۔۔
بین الاقوامی ساہوکار، دنیاکے بڑے سرمایہ دارکی توند اورتجوری بھرنے کےلیے لازمی ٹھہرا کہ صنف نازک انسانی نسل کی افزائش وتشکیل کی فطری ذمہ داری سے جان چھڑائے اورسرمایہ داری نظام کی خدمت میں جت جائے۔ وہ مضبوط حصار۔۔۔۔۔۔گھر۔۔۔۔۔ خاندان۔۔۔۔ بڑی رکاوٹ تھا ،لہٰذا اسے توڑنے کی جستجوشروع ہوئی ۔ایسے سلوگنز ، مراعات ،تعیشات متعارف کرائے گئےکہ نسلوں کی معمار احساس کمتری کاشکارہونے لگی۔۔
سب رشتےمتنازع ٹھہرے۔ اک غیرمتنازع رہا توبس تجارت کارشتہ۔حصار ٹوٹنے لگا۔۔۔۔۔ دیواریں رہ گیئں گھرمنہدم ہونے لگے۔ ۔۔۔ کھڑکیاں بچ گیئں، بنیادیں ڈھے گیئں، روزن رہ گئے ،ستون ہٹادیے گئے ۔
اب جو،شہزادی غیرمحفوظ ہوئی توپہنچی فیکٹری میں،کھڑی ہوگئی مالز میں،آرٹ کی ،،خدمت ،، کا ٹھیکہ لےلیا۔
زمین کےننھے فرشتوں کو۔۔۔ شہزادی کےبچوں کو ازلی دشمن نے اپنے زیرتربیت لیا۔۔۔آہ۔۔۔ پھر وہی ہوا جو ہوناتھا۔ معاشرہ میں چوروں، ڈاکووں ،قاتلوں اور بدمعاشوں کی بہتات ہوگئی۔
ازلی دشمن کے چیلے۔۔۔۔۔۔ بین الاقوامی سرمایہ دارکےگماشتے ساراسرمایہ کھینچ اپنے ملکوں میں لے گئے۔مجبوروں ، غلاموں ، محکوموں کی قبروں پہ اپنے عالیشان محل ، خوبصورت شاہراہیں،مضبوط پل ، پارکس ، دفاتر،ریسرچ سنٹرزبنانے والوں نے ساری بھوک ساری محرومیاں تیسری دنیاکی طرف دھکیل دیں۔ ساتھ انہیں ایک دلفریب نعرہ دے دیا "ویمنز امپاورمنٹ"
آج یہ نعرہ بڑا دلکش ہے ،ببانگ دہل ہے،مارکیٹ میں چالوہے۔۔۔مگر۔۔۔۔آہ۔۔ باباآدم کی شہزادی، بنت حواچور چورہے۔
فطری ذمہ داریاں نبھانا چاہتی ہے تو سرمایہ دارکابھونپومیڈیا اسے'قید و محصور'کےطعنے دیتاہے۔
رشتوں کاتقدس نبھاناچاہتی ہے تو تربیت وتطہیرفکرسےمحروم معاشرہ اس کی نازک کمر پہ بوسیدہ رواجوں کےوہ تازیانےبرساتاہے کہ بس وہ ٹوٹ کےرہ جائے۔ قانون، سیاست وتعلیم کے میدان میں قدم رکھناچاہتی ہےتوضابطہ طے ہے کہ اس میدان میں بھی شوپیس بن کےآئے، مردذات کے کندھےسے کندھاملاتی ہوتی آؤ تاکہ وہاں موجود مرد حضرات کی آنکھیں پل بھرکے لیے بھی 'لذت بصارت' سےمحروم نہ رہیں۔۔۔
اپنے حجاب کےساتھ تحقیق وسائنس کےشعبہ میں قدم رکھتی ہےتوانصاف،عدل ،انسانیت کے تمام ضابطے بالائے طاق رکھ کراسے اس کے اپنے ملک سےاٹھالیاجاتاہے۔ نام نہاد، عدالت،اسے 80سال کی سزاسناڈالتی ہے۔
تو ہے کوئی جو اس کےدرد کی دوا کرے؟؟
میں تاریخ ہوں میں اس کی رسوائیوں کی شاہد ہوں۔
مجھےاپنے جھروکوں میں ایک ہستی نظر آتی ہےجس نےآدم کی شہزادی کو زمیں کی پہنائیوں سے پاتال کی رفعتیں عطافرمادیں۔اسے مقام دیا، اس کی شناخت قائم کی،اس کی ناز برداریاں کی۔ ایک جھلک دکھاتی ہوں۔
یہ ہستی ،محمد صلی اللہ علیہ وسلم اپنے صحابہ کرام رضوان اللہ اجمعین کے ہمراہ تشریف فرما ہیں۔ ایک صاحب نے پوچھا ' آپ کو کس سے زیادہ محبت ہے؟فرمایا 'عائشہ سے '
بیوی سے محبت کا تذکرہ معیوب تھا اس معاشرے میں۔پوچھنےوالاجھینپ گیا' نہیں ، مردوں میں کون ہےبہت پیاراآپ صلی اللہ علیہ وسلم کو؟'
فرمایا'عائشہ کاباپ'
میرے جھروکے بند نہیں ہوئے۔ نگاہ بصیرت شرط ہے بس#


































