
بنت عبدالمجید
الفاظ کی اپنی ہی ایک دنیا ہوتی ہے۔ ہرلفظ اپنی ذمہ داری نبھاتا ہے۔کچھ لفظ حکومت کرتے ہیں کچھ غلامی ،کچھ لفظ حفاظت کرتے ہیں اور کچھ وار۔۔۔ہ ر
لفظ کا اپنا ایک مکمل وجود ہوتا ہے،جب سے میں نے لفظوں کو پڑھنے کے ساتھ ساتھ سمجھنا شروع کیا تو سمجھ آیا لفظ صرف معنی نہیں رکھتے یہ تو دانت رکھتے ہیں جو کاٹ لیتے ہیں۔۔۔ یہ ہاتھ رکھتےہیں جو گریبان کو پھاڑ دیتے ہیں۔۔ یہ پاؤں رکھتے ہیں جو ٹھوکر لگا دیتے ہیں اوران لفظوں کے ہاتھوں میں لہجہ کااسلحہ تھما دیا جائے تویہ وجود کو چھلنی کرنے پر بھی قدرت رکھتے ہیں۔ اپنے لفظوں کے بارے میں محتاط ہوجاؤ انہیں ادا کرنے سے پہلے سوچ لو کہ یہ کسی کے وجود کو سمیٹیں گے۔
یا کرچی کرچی بکھیردیں گے کیونکہ یہ تمہاری ادائیگی کےغلام ہیں اور تم ان کے بادشاہ اور بادشاہ اپنی رعایا کا ذمہ دار ہوتا ہے اور اپنے سے بڑے بادشاہ کو جواب دہ بھی۔
اپنے الفاظ کو ایسا لباس پہنائیں کہ جب ان کو استعمال کرتے ہوئے آپ کی ریکارڈنگ آپ کےگھر تک بھی پہنچےتو آپ کے والدین کو بھی خود پرفخر ہو۔اگرآپ دنیا کی حقیقت جان جائیں تو کبھی بھی اہنے آپ کو کسی کو ٹھیس پہنچانے کا سبب نہ بننے دیں۔الفاظ کی دنیا ہی حقیقت میں غیرت کی دنیا ہے۔
سنبھل کر استعمال کیجیے اوراستعمال کرتے وقت اپنے وہم و گماں میں آپنے والدین کو لازماً یاد رکھیے۔



































