
نبیلہ شہزاد
عورت عربی زبان کا لفظ ہے،جس کا لغوی معنی پردہ یا سترہے۔اصطلاحی معنی ہیں کسی چیزکو چھپانا۔ ہروہ چیزجو چھپانےوالی ہے اسے عورت کہتے ہیں
تو یوں یہ ثابت ہو گیا کہ لفظ عورت کا مطلب ہی ڈھکی چھپی چیز ہے جو چیزجتنی زیادہ قیمتی ہوتی ہے،اسےاتنا ہی حفاظت سے، لپیٹ کر، چھپا کر رکھا جاتا ہے۔ قانون فطرت دیکھ لیں پھل ہویا سبزی،جس کی اصل جتنی زیادہ نازک ہے،قدرت نے اسے ڈھانپنےکا اتنا ہی زیادہ مضبوط انتظام کیا ہے۔آم، انگور، انار، مالٹا اوران جیسے کئی پھل اسکی مثال ہیں۔ موتی کو سخت خول والی سیپ میں بند کر دیا ہے۔انسان کا رویہ بھی تو یہی ہے کہ وہ قیمتی چیزوں کو کب سرِ عام کھلا چھوڑتا ہے۔وہ کبھی بھی روپوں یا زیورات کو کھلے عام کسی چوراہے پر نہیں چھوڑے گا۔پھر ایک مسلمان عورت کی عزت و عصمت تو دنیا میں موجود ہر چیز سےزیادہ قیمتی وافضل ہے۔
ربِ کائنات اسے ڈھانپنے اوراس کی حفاظت کا حکم جاری کیوں نہ کرتا؟عورت کےمعاملے میں تو ہر قوم اور مذہب میں کچھ نہ کچھ غیرت و حمیت ضرور پائی جاتی ہے۔ ہرمذہب کی تعلیم میں اس کی حفاظت کا انتظام موجود ہے لیکن اسلام عورت کے ساتھ حسنِ سلوک اور اس کی حفاظت کے بہترین انتظام و انصرام میں تمام ادیان پرفوقیت لے گیا ہے۔ابتدائی مدنی دور کی بات ہے کہ مدینہ کے بازار میں ایک سنار کی دکان پر ایک یہودی مرد نے ایک مسلمان عورت کو ہراساں کرنے کی کوشش کی تو اس بازار سے گزرتے ہوئے ایک مسلمان مرد کو معلوم ہوا اس کی دینی حمیت برداشت نہ کر سکی اور مسلمان نے اس یہودی کو قتل کر دیا۔
ایک مسلمان مرد صرف اپنے گھر یا خاندان کی عورتوں کی عزت کا محافظ نہیں بلکہ وہ تمام عالمِ اسلام کی خواتین کی عزت و حرمت کا محافظ ہے۔ یہی اس کی دینی غیرت و حمیت کا تقاضہ ہے۔ جس معاشرے کی عورت جتنی زیادہ پاکیزہ اور محفوظ ہو گی وہ معاشرہ خانگی زندگی میں اتنا ہی مضبوط و پر سکون ہو گا ۔ اسی لیے اللّہ تعالیٰ نے اپنی آخری کتاب میں عورتوں کو واضح الفاظ میں حکم دیا ہے۔
"اورآپ مومن عورتوں کو کہ دیجئےکہ وہ بھی اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں اوراپنی زینت کو ظاہر نہ کریں، سوائے اس کے جو ظاہر ہےاور اپنے گریبانوں پراپنی اوڑھنیاں ڈالےرکھیں اور اپنی آرائش کو کسی کے سامنے ظاہر نہ کریں" (النور: آیت 31)
پھر اسی سورہ مبارکہ میں ان مردوں کی تفصیل بھی بتا دی جو عورت کےمحرم مرد ہیں اوران کے سامنے کھلے چہرے اور بناؤ سنگھار کےساتھ بھی آسکتی ہے۔ ایک اور جگہ فرمایا۔
"اے نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم اپنی بیویوں اوراپنی بیٹیوں سے اورمسلمانوں کی عورتوں سے کہہ دو کہ وہ اپنے اوپر اپنی چادریں لٹکا لیا کریں اس سے بہت جلد ان کی پہچان و شناخت ہوجایا کرے گی پھروہ ستائی نہ جائیں گیں اور اللّہ تعالیٰ بخشنے والا مہربان ہے"(الاحزاب: آیت 59)
ان آیات سے واضح ہو گیا بے پردگی اورزیب و زینت ظاہرکرنا مومن عورت کا شیوہ نہیں۔
پردہ مسلمان عورت پرواجب ہے،حیا داراور خاندانی عورت کی پہچان ہے۔ ایک لونڈی اور آزاد عورت کے درمیان تمیزہے۔
پھر فرمایا"اپنے گھروں میں پر وقاررہو اورسابقہ دورِ جاہلیت کی طرح سج دھج نہ دکھاتی پھرو۔" (الاحزاب: آیت 23)
قرآن نے جس سج دھج دکھانے کو جاہلیت کا دستور قراردیا ہے، افسوس! آج ہماری ماڈرن عورت دوبارہ اپنےآپ کو جاہلیت کے گٹرمیں دھکیل رہی ہے۔ اسلام نے عورت کو تمام معاشی فکروں سےآزاد رکھا ہے۔ مرد ہرروپ میں اس کا ذمہ داروکفیل ہے۔ اللّہ تعالیٰ نے اسے محرم مردوں کی محافظت میں دیا ہے۔ مردوں کو عورتوں کا قوام بنایا ہے۔عورت کا گھر سے بلا ضرورت باہر نکلنا نا پسند کیا ہے۔ اگر ضرورت کے تحت نکلنا پڑجائے تو گھر سے باہر نکلنے کے قواعد بھی بتائے ہیں کہ بے پردہ نہ ہو، بناؤ سنگھار ظاہر نہ ہو۔ اس سے خوشبوؤں کے بھبکے نہ اٹھ رہے ہوں آوازدینے والا زیور یا جوتا نہ پہنا ہو، تا کہ ان کی طرف کوئی ہوس زدہ و گندی نظر نہ اٹھے۔ ان قواعد میں عورت کے لیے ہی فوائد ہیں۔ ان کی حفاظت و تحریم، عزت واحترام کو ہی پیشِ نظر رکھا گیا ہے۔ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا۔
"عورت چھپانے کی چیزہے جب وہ گھر سے نکلتی ہےتوشیطان اسےجھانک رہا ہوتا ہے"(ترمذی)یعنی عورت اگر بے پردہ اور لوگوں کو نظارہ دعوت دے رہی ہو تو شیطان صفت مردوں کی گندی نظروں میں ہوتی ہے۔ پردے کا حکم نازل ہونے کے بعد صحابیات اور ازواج مطہرات سب سے پہلے اس حکم پر عمل پیرا ہوئیں اور جب تک زندہ رہیں سختی سے کار بند رہیں۔
حضرت امّ خلاد رضی اللہ تعالیٰ عنہا اپنےشہید بیٹے کے بارے میں آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے خبر دریافت کرنےحاضر ہوئیں تو چہرے پر نقاب ڈالے ہوئے تھیں، دوسری خواتین نے دیکھ کر کہا،یہ عورت اس المناک صورتحال میں بھی نقاب اوڑھےہوئے ہے۔ حضرت امّ خلاد نےجواب دیا مصیبت مجھ پر آئی ہے میری شرم و حیا پر نہیں۔ پھر وہ واقعہ بھی یاد آتا ہےجب ایک عورت آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے پاس آئی جسےمرگی کا مرض تھا۔عرض کیا، میں مرگی کی مریضہ ہوں دوران مرض میرا سترکھل جاتا ہے۔ میرے لئےاللّہ تعالیٰ سے دعا فرمائیں کہ مجھے صحت عطا فرمائے۔
آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ" تو بیماری پرصبر کرے تو تمہارے لئے اجرجنت ہےاور اگر تو چاہے تو میں اللّہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ تجھے صحت عطا فرمائے۔" تو اس عورت نے عرض کیا میں صبر کروں گی لیکن ساتھ یہ بھی عرض کیا کہ مرگی کے دوران میرا ستر کھل جاتا ہے۔ اللّہ تعالیٰ سے دعا فرمائیں، میرا ستر نہ کھلے۔
رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے اس کے لیے یہ دعا فرمادی (بخاری5328)
دیکھیں اس عظیم صحابیہ نےبیماری پرتوصبرکرلیا لیکن بے پردگی پر صبر نہیں کیا۔ پردہ مسلمان عورت کی پاکیزگی بھی ہے،ضرورت بھی اور پہچان بھی ہے۔ چھوٹی بچی کے لیے بھی چہرے کا نقاب نہ سہی لیکن لباس مکمل اور حیا دار ہونا چاہیے۔ بالغ ہونے پر پردہ و نقاب اپنا لے۔ اپنا دل بھی پاکیزہ رکھے اور اپنے آپ کو دوسروں کی غلیظ نظروں سے بھی بچائے۔ پھر دیکھنا انشاللہ ان خواتین کی گودوں میں پلنے والے بچوں میں سے ہی حضرت عمر فاروق، عمر بن عبدلعزیز، امام بخاری، امام ابو حنیفہ، طارق بن زیاد، صلاح الدین ایوبی جیسے نامور انسان نکلیں گے اور اسلام کا درخشاں سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ ایک بار پھرچمکے گا انشاللہ۔
یہی تو اسلام دشمن نہیں چاہتےاورآزادی کے نام پر ہماری عورت کو بےحیائی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اسی لیے تو مسلمان عورت کے اوڑھنے والا دو گز کپڑے کا ٹکڑا انہیں خوف میں مبتلا کرتا ہے۔اب آپ لوگ خود سوچیں ہمیں کیا کرنا ہے؟



































