
مریم شہزاد
”اگراب کوئی ٹیچربھی اردو بولتا نظرآیا تو میں اس کو نوکری سےفارغ کردوں گی ۔ سمجھتےنہیں ہیں آپ لوگ ! امیج خراب ہوتا ہے ہمارے اسکول کا ۔ ۔۔۔
لاسٹ وارننگ ہےیہ آپ سب کو ۔۔۔ جب ٹیچر ہی اردو بولیں گے تو بچے کیا خاک انگلش میں بات کریں گے۔“میم رخسارنے مس فرح کو آج پھر کلاس میں اردو بولتے دیکھ لیا تھا اوراسی بات پر تمام ٹیچرز کی کلاس ہوگئی تھی ۔ مس تانیہ،جس نے یہ سوچ کراسکول جوائن کیا تھا کہ بچوں میں اردو بولنے اور اردو سے محبت کا شعور اجاگر کریں گی، اب اس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے نئے طریقے سوچنےلگی۔
تانیہ کےگھر میں شروع ہی سے اردو میں بات چیت کرنےکوخاص اہمیت حاصل رہی تھی ۔اس کے سب بہن بھائیوں نے بہترین اسکولوں میں تعلیم حاصل کی تھی مگر وہاں بھی اردو بولنے پر ایسی پابندی نہ تھی جوآج کل کے اسکولوں نظرآرہی تھی ۔ایسے ہی ایک اسکول میں اردو سےمحبت اور اہمیت اجاگر کرنے کا عزم لےکر اس نےاس اسکول میں قدم رکھے تھے۔ اپنےانٹرویو میں فرفر انگریزی بول کر اس نے میم رخسار کو بہت متاثر کردیا تھا اور میم رخساراس کی آمد سے بہت خوش تھیں کیونکہ وہ سمجھتی تھیں کہ ان کا اسکول اسی وقت ترقی کرسکتا ہےجب وہاں کوئی بھی اردو نہ بولے،سب انگریزی ہی بولیں ۔ان کا بس چلتا تو وہ اردو بھی انگریزی میں ہی پڑھاتیں۔
مس فرح اردو کی ٹیچر تھیں اورظاہربات ہے کہ اردو کا مضمون پڑھاتےوقت انگریزی کیسے بول سکتی تھیں مگریہ بات میم رخسارکی سمجھ میں نہیں آرہی تھی۔ وہ کتنے ہی اساتذہ کواسی وجہ سے فارغ کرچکی تھیں۔
مس تانیہ کو اتنا توسمجھ آ گیا تھا کہ میم اتنی زیادہ پڑھی ہوئی نہیں ہیں لیکن اپنےاسکول کو چلانے کے لیےہرممکن کوشش کررہی ہیں اور یہ ہی بات تانیہ کے لئے فائدہ اٹھانے کے لیے کافی تھی ۔
اگست کا مہینہ شروع ہوگیا تھا اسکول بھی کھل گئے تھے اور 14 اگست کی تیاریاں شروع ہوگئیں تھیں۔
تانیہ اجازت لے کر میم رخسار کےکمرے میں داخل ہوئی ۔
"میم ابھی تو روم میں کوئی بھی نہیں ہے کچھ بات اردو میں کرسکتی ہوں؟" تانیہ نےپوچھا تووہ بھی نجانےکس موڈ میں تھیں ہاں کربیٹھیں مگر ساتھ ہی کہہ دیا کہ اس دوران کوئی آجائے تو فوراً انگریزی میں ہی بات شروع کردیں ۔
"اوکےمیم" تانیہ نے تعبیداری سے کہا اور اپنا مدعا پیش کیا ۔
’ میم آپ کو تو معلوم ہےکہ 14 اگست آرہی ہے تو ہم کو ملک سےمحبت اجاگر کرنےاوراپنے اسکول کا اسٹیٹس ہائی کرنےکےلیے کچھ دوسرے اسکولوں کو اپنے اسکول میں تقریری مقابلے کے لیے مدعو کرنا چاہیے اور اپنے اسکول کے بچوں کو بھی بہت اچھی تقریریں یاد کروانی چاہئیں تاکہ وہ دوسرے اسکولوں کے بچوں کو ہراسکیں توآپ کہیں تومیں اوراسکولوں سے بات کروں؟“
” یس وائے ناٹ "گڈ آئیڈیا" آئی ایپریشیٹ یو۔ میم رخسار نے کہا اتنےمیں آفس کے دروازے پردستک ہوئی کچھ دوسری اساتذہ بھی بات کرنے کے لیے آئیں تھیں تو مس تانیہ نے بہت مشکل انگریزی میں میم سےاجازت لی کہ اور اسکولوں کو تقریری مقابلے کے لیے دعوت نامہ بھیجا جائے گا اوراردو میں بھی تقریریں ہوں گی اورمیم بھی اردو میں خطاب کریں گی اور آخر میں پوچھا
” آریوایگری میم ؟“
میم کی سمجھ میں زیادہ کچھ تو نہیں آیا تھا مگرانہوں نے اور دوسری اساتذہ کی طرف دیکھتے ہوئے "یس اوکے" کہہ دیا اور تانیہ فاتحانہ چال چلتی ہوئی باقی اساتذہ کو حیران پریشان چھوڑ کرباہرآگئی کیونکہ اس نے تین اساتذہ کو گواہ تو بنا ہی لیا تھا کہ جن کے سامنے میم نے اس کو اوکے کیا تھا۔
مس تانیہ نے بہت جوش وخروش سے بچوں کو تقریری مقابلے کے لیےتیار کرنا شروع کردیا تھا اورپوری کوشش تھی کہ میم کے کانوں میں اردو تقریروں کی بھنک بھی نہ پڑے ۔ آخر 14 اگست کا دن آپہنچا۔ اسکول کو سبز ہلالی پرچموں سےسجا دیا گیا ۔دوسرے اسکولوں کے اساتذہ اپنے اسکول کے بچوں کو لے کر پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔پروگرام کا آغاز ہوا ۔
مس تانیہ نے مائیک سنبھالا اوراردو میں (کمپئرنگ)میزبانی شروع کی ۔میم کا منہ غصے سےلال ہو گیااورپھریکےبعد دیگرے اردو میں تقریریں شروع ہوگئیں ۔ میم باوجود شدید غصے کے کچھ کہہ نہیں سکتی تھیں کہ ان کے آس پاس دوسرے اسکول کےاساتذہ بیٹھے تھےاوراس بات کو بہت سراہا جارہا تھا کہ اردو میں تقریروں کی بدولت بچوں میں جوش اورجذبہ پیدا ہوا ہے۔ پہلی پوزیشن ان کےاسکول نے ہی حاصل کی ۔ دوسرے اسکولوں کے اساتذہ نے آخر میں آ کر میم کا بہت شکریہ ادا کیا اور تعریف کی کہ اس انگلش میڈیم کے دور میں آپ نے اردو کے فروغ کے لیےاتنا اچھا قدم اٹھایا جس سےمیم کا غصہ ٹھنڈا ہوا۔
میم جب تقریر کرنےآئیں تو ان کو انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں تقریر پیش کردی گئی کہ جس میں دل چاہےکرلیں ۔ میم نے چند لمحے سوچا اور پھر مسکراتے ہوئے اردو والی تقریر پڑھنی شروع کردی کیونکہ وہ جان گئی تھیں کہ اردو بولنے والے بھی ترقی کرسکتے ہیں۔



































